Spiritual Healing
سوال: میرے والد صاحب کو خدا جانے کیا بیماری ہے۔ ہر طرح کا علاج اور چیک اپ ہو چکا ہے۔ کئی دفعہ ای سی جی بھی ہوا ہے لیکن بیماری کی تشخیص نہیں ہو سکی ہے۔ تکلیف یہ ہے کہ ان کے دل میں درد رہتا ہے۔ دل کی جگہ پر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کسی نے چھری گھونپ رکھی ہو۔ رات بھر بے چین رہتے ہیں اور جب سونے کے لئے لیٹتے ہیں تو سر کو مسلسل جھٹکے لگتے ہیں جس کی وجہ سے رات بھر سو نہیں سکتے۔ کئی کئی راتیں بغیر سوئے گزر جاتی ہیں۔ ان کی تکلیف دیکھ کر تمام گھر والے بھی رات جاگتے رہتے ہیں۔ والد صاحب کس بیماری میں مبتلا ہیں۔ ازراہ کرم اس کی نشاندہی فرمائیں اور علاج تجویز کریں۔
جواب: آپ کے والد صاحب کو گیس کا مرض لاحق ہے۔ پیٹ میں گیس بننا بند ہو جائے تو تحریر کردہ ساری تکلیفیں ختم ہو جائیں گی۔ دوا اور دعا کے اصول پر اس کا موثر علاج یہ ہے کہ روحانی علاج میں سے حبس ریاح کا علاج دو عدد چینی کا سفید پلیٹوں پر زردے کے رنگ اور عرق گلاب سے لکھ کر رنگ اور روشنی سے علاج کے طریقے پر زر د رنگ کی شعاعوں کے پانی سے دھو کر دونوں وقت کھانے سے آدھا گھنٹہ پہلے دھو کر پلائیں۔ خوراک کی مقدار دو دو اونس ہونی چاہئے۔ کھانوں میں بادی ثقیل اور چکنی غذاؤں سے پرہیز کرایا جائے۔ اس کے بعد آپ والد صاحب سے درخواست کریں کہ رات کا کھانا کھانے کے بعد دو میل ضرور ٹہلیں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔