Spiritual Healing
سوال: میرے بچے کو دل کی تکلیف ہے۔ کچھ ماہ پہلے کسی بھی وقت شروع ہو جاتی تھی، مگر اب معمول ہے کہ صبح سو کر اٹھنے کے بعد دل کی کیفیت ایسی ہوتی ہے کہ ایک منٹ میں تقریباً ڈیڑھ سو کی رفتار سے دھڑکتا ہے اور نبض بھی اسی رفتار سے چلتی ہے۔ یہ کیفیت پانچ د س منٹ تک طاری رہتی ہے۔ بڑے قابل ڈاکٹروں سے معائنہ اور علاج کرایا مگر کوئی افاقہ نہیں ہوا۔ مہربانی فرما کر آپ یہ مسئلہ حل کرنے میں ہماری رہبری فرمائیں، یہ شکایت چھ ماہ سے ہوئی ہے۔
جواب: زرد رنگ چنبیلی کے دو پھول، سورج نکلنے سے پہلے تازہ توڑ کر الٹے ہاتھ کی ہتھیلی پر رکھ کر سیدھے انگوٹھے سے مل کر ایک چٹکی چینی ملا لیں۔ تین مرتبہ یَا حیّ قبلِ کُل شیءٍ پڑھ کر دم کریں، دونوں وقت کھانے سے پہلے ایک ایک گھونٹ پانی پر یا حفیظ پڑھ کر دم کر کے پی لیا کریں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔