Spiritual Healing
سوال: میں نے ایک خواب دیکھا ہے جس میں ایک بزرگ سے ملاقات ہو گئی ہے۔ اور میں ان سے اپنے مسائل کے سلسلے میں بات کرتا ہوں۔ وہ بزرگ مجھے خواب میں آیت کریمہ پڑھنے کے لئے کہتے ہیں اور میں ان کو آیت کریمہ پڑھ کر سنا رہا ہوتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
جواب: آپ کو خواب میں آیت کریمہ پڑھنے کی جو ہدایت ملی ہے اس کو اس طرح عمل میں لائیں کہ روزانہ عشاء کی نماز کے بعد اول و آخر گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 41مرتبہ آیت کریمہ پڑھیں اور اپنے مقصد کے لئے دعا کریں۔ آیت کریمہ پڑھتے ہوئے باوضو رہنا ضروری ہے۔ ناغے کے دنوں میں نہ پڑھیں بلکہ یہ دن شمار کر کے بعد میں پورے کر لیں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔