Spiritual Healing
سوال: میں نے خواب میں دیکھا کہ شام کے وقت جب میں گھر پہنچا تو دروازے کا کنڈا ٹوٹا ہو اتھا اور کمرے کا سامان بے ترتیب پڑا تھا۔ باہر کھڑے ہوئے ایک سابقہ شاگرد اور لکڑی کے ٹال والے سے پوچھا تو انہوں نے کہا ہمیں کچھ پتہ نہیں کہ یہاں کون آیا تھا۔ غصہ کے عالم میں ریڈیو کو دور پھینکا اور مالک مکان کو اطلاع دینے کے لئے جا رہا تھا کہ میری آنکھ کھل گئی۔ مہربانی فرما کر اس کی تعبیر بتائیں۔
جواب: گلے پر زکام کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ دماغ بھی ماؤف ہے۔ نزلہ کی یہ کیفیت بار بار ہوتی ہے۔ ممکن ہے مہینوں سے جاری ہو اور مہینوں برقرار رہے۔ نہایت توجہ اور پرہیز کے ساتھ مکمل علاج کرانا ضروری ہے۔ نیلی شعاعوں کا پانی صبح اور شام دو اونس استعمال کریں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔