Spiritual Healing
سوال: میں آپ کا کالم’’روحانی ڈاک‘‘ گذشتہ آٹھ سال سے پڑھتا آ رہا ہوں۔ میں نے آپ کے کالم میں یہ بات پڑھی تھی کہ انسان کے دماغ میں دو کھرب خلئے کام کرتے ہیں اور ان میں سے عام طور پر دو سو خلئے کام کرتے ہیں۔ ’’جینئس‘‘ آدمی کے دماغ میں 250خلئے ہیں جو کام کرتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ میرے دماغ میں بھی 250خلئے متحرک ہوں، کیا میں کسی مخصوص سانس کی مشق کے ذریعے یا کسی اور عمل کے ذریعے اپنے دماغ کے 250خلئے متحرک کر کے جینئس بن سکتا ہوں۔
جواب: اس کے لئے ضروری ہے کہ آپ باقاعدہ کسی روحانی استاد کی شاگردی قبول کریں اور اس کی راہنمائی میں مراقبہ کریں۔ انشاء اللہ آپ کے خلئے متحرک ہو جائیں گے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔