Spiritual Healing
سوال: میں ذہنی اعصابی اور جسمانی طور پر بہت زیادہ کمزور ہوں۔ میری عمر 19سال ہے اور میں طالب علم ہوں۔ میں جو کچھ پڑھتا ہوں ایک دن سے زیادہ یاد نہیں رہتا۔ میری دور کی نظر بھی بہت کمزور ہے۔ چشمہ کی عادت ڈالنے کی بہت کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوا۔ میرا جسم ہڈیوں کا ڈھانچہ نظر آتا ہے۔ شکل ٹھیک ٹھاک ہے لیکن ذرا بھی کشش نہیں ہے۔ جسم بے انتہا ڈھیلا ہے۔ اسی لئے میں کہیں جاتا نہیں کیونکہ شرمندگی سی ہوتی ہے۔ میں کسی غلط عادت میں بھی مبتلا نہیں ہوں۔ میرے والد بھی دبلے پتلے اور کمزور آدمی ہیں۔ شاید اسی وجہ سے میں کمزور ہوں۔ چاہتا ہوں کہ صحت مند ہو جاؤں اور دماغی طور پر ہر وقت حاضر رہا کروں نیز میری شخصیت پرکشش اور وجیہہ ہو جائے۔
جواب: صبح سورج نکلنے سے پہلے شمال کی سمت منہ کر کے کھڑے ہو جائیں۔ آہستہ آہستہ سانس اندر لیں۔ سانس اندر کھینچتے ہوئے تصور کریں کہ صحت و توانائی لہروں کی صورت میں اندر داخل ہو رہی ہے۔ جب سینہ سانس سے بھر جائے تو دل ہی دل میں ایک مرتبہ یا رحیم یا مرید یا اللہ کا ورد کریں۔ اس کے بعد سانس روکے بغیر باہر نکال دیں۔ اس عمل کو سات مرتبہ کریں۔ کچھ عرصہ بعد جب عادت ہو جائے تو گیارہ مرتبہ کریں۔ غذا مچھلی اور کچی سبزیاں زیادہ کھائیں۔ ناقص غذاؤں سے پرہیز ضروری ہے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔