Topics

نسوانی بیماریوں سے متعلق خواب

ماموں قبر کھدواتے ہیں:

میں نے خواب دیکھا کہ ہمارے آبائی قبرستان میں چند آدمی قبریں کھود رہے ہیں۔ ایک قبر کے پاس سگے ماموں کھڑے ہیں۔ اس قبر سے دس قدم کے فاصلے پر میں کھڑی ہوں۔ میرے ذہن میں یہ بات ہے کہ یہ قبر میرے لئے کھودی جا رہی ہے۔ اس وحشت سے کہ یہ قبر میرے لئے ہے اور مجھے اس میں دفن کیا جائے گا، میری آنکھ کھل گئی۔

ایک ہفتہ بعد دوبارہ خواب میں دیکھا کہ پاکستان میں والدہ کے گھر کا ایک کمرہ ہے۔ اس کمرے میں چند آدمی قبر کھود رہے ہیں۔ معلوم کرنے پر بتایا گیا کہ یہ قبرستان والے کھود رہے ہیں۔ کھودنے والوں کے پاس میرے ماموں کی شادی شدہ لڑکی جس کی عمر ۲۵ سال ہے، کھڑی ہے۔ مکان کے صحن میں میرے ماموں، ان کے اہل و عیال اور خود میں کھڑے باتیں کر رہے ہیں۔ میرے ماموں کی لڑکی میری طرف اشارہ کر کے گورکن سے کہتی ہے کہ اس کو نہیں بتانا کہ یہ قبر اس کی ہے۔ ورنہ وہ ڈر جائے گی۔ میں یہ بات سن کر ایک دم خوفزدہ ہو گئی اور اس خوف سے میری آنکھ کھل گئی۔ جب سے میں نے یہ خواب دیکھا ہے۔ میری پریشانی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ دن میں کئی بار یہ خواب مجھے یاد آتا ہے اور میرے اوپر خوف و دہشت طاری ہو جاتی ہے۔ مہربانی فرما کر میرے خواب کی مکمل تعبیر پر تفصیلی تجزیہ تحریر کریں۔ میں نے خود اس خواب کی تعبیر سوچی کہ چونکہ ہم پاکستان میں اپنے لئے زمین یا مکان خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میرے خیال میں اپنی قبر کھودتے دیکھنے سے مراد مکان کا بندوبست ہونے کی طرف اشارہ ہے۔ کبھی خیال آتا ہے کہ خواب میں میرے والدین، بہن بھائیوں، شوہر یا بچوں کے بارے میں کوئی اشارہ ہے۔
(اُم بتول)

تعبیر:
کافی عرصہ سے کوئی نسوانی بیماری اندرونی طور پر پرورش پا رہی ہے۔ آپ کو یہ بیماری والدہ صاحبہ سے ورثہ میں ملی ہے۔ امکان ہے کہ آئندہ ولادت پر نامناسب اثر پڑے۔ فوری طور پر بیماری کے اثرات سے محفوظ اور ازالہ کی کوشش ضروری ہے۔ دونوں خوابوں کے اندر یہی علامتیں ہیں۔ اللہ بہتری کی صورت پیدا کرے۔

تجزیہ:
خواب میں اپنی قبر کھودتے دیکھنے میں بیماری کی علامتیں پوشیدہ ہیں۔ اپنی قبر کھودتے دیکھنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ خواب دیکھنے والا خود بیمار ہے۔ قبر نامکمل دیکھنا اس بات کی دلیل ہے کہ بیماری اندرونی طور پر پرورش پا رہی ہے۔

والدہ کے کمرے میں قبر دیکھنا اس بات کی نشاندہی ہے کہ یہ بیماری خواب دیکھنے والے کی والدہ میں بھی موجود ہے۔ گھر کے صحن میں قریبی رشتہ داروں کا آپس میں گفتگو کرنا یہ بتاتا ہے کہ یہ بیماری خواب دیکھنے والے کی والدہ سے پہلے بھی کسی کو تھی۔ دونوں خوابوں میں ننہیالی رشتہ داروں کا دیکھنا بھی یہی ظاہر کرتا ہے۔

میں نے امی سے کہا:

میری بیوی نے خواب دیکھا کہ وہ نلکے ہیں۔ جن کے منہ ایک دوسرے کی طرف ہیں۔ میں نے ایک نل سے اوک بھر کر پانی پیا تو آواز آئی، ’’اس نل سے پانی پینا منع ہے۔ دوسرے نل سے پانی پی لے۔ یہ نل جنات کا ہے۔ اگر تو نے پانی پیا تو تُو بیمار ہو جائے گی۔‘‘ اس سے پہلے کہ میں آواز سنوں میں نے ایک اوک بھر پانی پی لیا تھا۔ میں نے دونوں نلکوں کو چھوڑ کر تیسرے نل سے پانی بھرنا شروع کر دیا۔ پانی بہت تیز بہہ رہا تھا پانی بھرنے کے دوران مجھے آواز آئی، تمہارے گھر کے پچھلے کمروں میں پریاں ہیں اور بیٹھک میں جنات رہتے ہیں۔ پھر میں نے دیکھا کہ ڈیوڑھی میں سبز رنگ کی دو روشنیاں پڑ رہی ہیں۔ بہن نے کہا کہ یہ روشنیاں کھا لو تو تم ٹھیک ہو جاؤ گی۔ میں نے امی سے کہا کہ مجھے یہ روشنیاں کھلا دو۔ امی نے جواب دیا، اگر میں نے ان کو ہاتھ لگایا تو میں مر جاؤں گی۔ میں نے روشنی کھائی نہیں تھی کہ میری آنکھ کھل گئی۔

پھر دیکھا کہ پچھلے کمرے میں ناپاک کپڑے پڑے ہیں۔ میں نے یہ سوچ کر کہ یہاں آسیب ہے وہ کپڑے اٹھا لئے۔

(اعوان علی)

تعبیر و تجزیہ:

بیگم صاحبہ کا نلکے سے پانی پینا، کسی کا منع کرنا اور یہ کہنا کہ نلکے جنات کے ہیں، نسوانی بیماری کے تمثلات ہیں۔ یہ بیماری پرانی ہے۔ خواب میں گھر کے پچھلے کمرے اور بیٹھک میں پریوں اور جنات کے اشارات مرض کے علاج میں لاپرواہی اور کوتاہی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ سبز روشنیوں کا دیکھنا اور ان کے متعلق گفتگو، علاج اور پرہیز دونوں کی ضرورت کی طرف رہنمائی ہے۔ بیگم صاحبہ کا دوسرا خواب بھی اسی سلسلہ کا اعادہ ہے اور ایک مرتبہ پھر تنبیہ کی گئی ہے کہ علاج اور پرہیز دونوں کا اہتمام کیا جائے۔


مزار پر دعا:

ایک مزار پر دعا مانگنے جاتی ہوں۔ چپل اتارتے وقت ایک چپل پاؤں میں رہ جاتی ہے۔ پیر کو ہاتھ لگا کر چپل اتارتی ہوں تو دائیں طرف ایک چشمہ نظر آتا ہے۔ دعا کا خیال ترک کر کے چشمے پر چلی جاتی ہوں۔ وہاں ایک عورت مجھ سے کہتی ہے، ادھر میرے پاس آ جاؤ۔ میں خوفزدہ ہو کر چشمے کا پانی پئے بغیر واپس مزار پر جاتی ہوں اور آنکھ کھل جاتی ہے۔

(حلیمہ خاتون)

تعبیر:
یہ خواب کسی نسوانی بیماری کی علامت ہے۔ ہوشیار لیڈی ڈاکٹر کے مشورہ سے علاج کرانا چاہئے۔

منگیتر بچہ:

یہ خواب دیکھ کر میں بہت زیادہ پریشان ہوں کہ چھوٹا سا بچہ میرا منگیتر ہے۔ شکل نوجوانوں جیسی ہے مگر جسم بچوں کی طرح ہے۔ میں نے خود سے کہا، ’’یہ تو ابھی بالکل بچہ ہیں۔‘‘ میں ان کا ہاتھ تھام کر چلانے کی کوشش کرتی ہوں۔ لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان کی ٹانگوں میں دم نہیں ہے۔ پھر میں خود سے کہتی ہوں، کوئی بات نہیں میں اپنی عمر ان پر قربان کر دوں گی اور جب میں بوڑھی ہو جاؤں گی تو اس وقت یہ جوان ہو کر میرا سہارا بنیں گے۔ یہ خیال آتے ہی میں اس بچے کو گلے سے لگا لیتی ہوں۔
(نجمہ شوکت)

تعبیر:
خواب کے اجزائے ترکیبی اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ خواب دیکھنے والی بہن کسی اندرونی نسوانی مرض میں مبتلا ہیں۔ سارے نقوش اس ہی مرض کے متعلق ہیں۔

 

Topics


Aap ke khwab aur unki tabeer jild 01

خواجہ شمس الدین عظیمی

آسمانی کتابوں میں بتایا گیا ہے کہ:

خواب مستقبل کی نشاندہی کرتے ہیں۔

عام آدمی بھی مستقبل کے آئینہ دار خواب دیکھتا ہے۔



 

 

  

 

انتساب


حضرت یوسف علیہ السلام کے نام جنہوں نے خواب سن کر مستقبل میں پیش آنے والے چودہ سال کے  حالات کی نشاندہی کی

اور

جن کے لئے اللہ نے فرمایا:

اسی طرح ہم نے یوسف کو اس ملک میں سلطنت عطا فرمائی اور اس کو خواب کی تعبیر کا علم سکھایا۔