Topics

خواب میں نقصان سے محفوظ رہنے کی ہدایت

متاع عزیز:

میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک نئے مکان میں ہوں مکان کے سامنے ایک چھوٹا سا باغیچہ ہے اور اس کے چاروں طرف باڑھ لگی ہوئی ہے۔ میں نے دیکھا کہ میں اس ہری بھری باڑھ پر چڑھ گئی ہوں۔ آسمان پر چاروں طرف بادل ہی بادل ہیں اور بادل میرے مکان کی چھت پر جمع ہو گئے ہیں۔ یہ بادل روئی کے گالوں کی طرح ہیں۔ میں نے ہاتھ بڑھا کر بادلوں کا ایک ٹکڑا نوچ لیا۔ محسوس یہ ہوا کہ یہ نکڑا پانی میں بھیگا ہوا اسفنج ہے۔ یہ ٹکڑا میں نے اپنی دوسری لڑکی کو دے دیا جو میرے پاس کھڑی ہے۔ جس وقت میں نے بادل کو نوچا تو اسی وقت بادل کے اندر ایک سوراخ ہو گیا اور اس سوراخ سے سرخ رنگ کی تیز روشنی نکل رہی تھی۔

(ناظرہ خاتون)

تعبیر:
کسی قیمتی چیز کے ضائع ہو جانے کے حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے بہتری کی دعا کی جائے۔

تجزیہ:
ہری باڑھ اور بادل، بادل کا نوچنا اور اس میں سوراخ ہو جانا، سوراخ میں سے سرخ روشنی کا نمودار ہونا اس بات کی علامت ہے کہ کسی بہت قیمتی شئے کے ہاتھ سے نکل جانے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے۔ یہ اندیشہ محض خیالی نہیں ہے بلکہ خود پیدا کردہ حالات کی وجہ سے ہے۔

ڈاکٹر مجھے پکارتا ہے:

خواب میں دیکھا کہ میں اور میری والدہ مرحومہ دو تین پڑوسیوں کے ہمراہ کہیں جا رہی ہیں۔ پھر دیکھا کہ ایک خوبصورت محل نما کوٹھی ہے۔ اس کوٹھی کے نیچے ایک کنواں ہے۔ اس کنوئیں میں سے پانی اُبل اُبل کر باہر آ رہا ہے۔ ہم سب اس نظارہ میں محو ہیں کہ ایک اجنبی آدمی ہاتھ میں کوڑا اٹھائے آیا اور کوڑے کو پانی پر مارنا شروع کر دیا۔ اس اجنبی آدمی کی گود میں ایک بچہ بھی ہے۔ پھر دیکھا کہ سامنے ایک عورت بیٹھی ہے۔ مجھے اس عورت نے آواز دی۔ جب میں اس کے پاس پہنچی تو مجھے عورت تو نظر نہیں آئی البتہ میرے کانوں میں ریل کی آواز سنائی دی۔

میں نے دیکھا کہ میں اپنی نانی کے گھر جا رہی ہوں۔ راستے میں ایک ڈاکٹر بیٹھا ہے۔ میں سوچ رہی ہوں کہ ڈاکٹر نے میری نانی کے ساتھ بہت برا سلوک کیا ہے۔ پھر دیکھا کہ ڈاکٹر بہت میٹھی آواز میں مجھے پکار رہا ہے لیکن میں جواب دیئے بغیر وہاں سے گزر جاتی ہوں۔
(آمنہ)
تعبیر:
خواب کے اجزائے ترکیبی کو الگ الگ کرنے سے یہ انکشاف ہوا کہ کسی شخص کی غلط طرف داری کی جا رہی ہے اور اس غلط طرف داری کی وجہ سے نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ دوسری بات یہ سامنے آئی ہے کہ آئندہ کسی بھی شکل میں سرپرستوں سے امداد ملنے کی توقع ہے۔

دوسرا خواب بھی پہلے خواب کی شبیہوں کا انعکاس ہے۔ مطلب اور تعبیر بھی وہی ہے۔ دوسرے خواب میں ایک بات زیادہ ہے کہ خواب دیکھنے والے کو فریب دیا گیا ہے۔ اس کو سمجھ کر کوئی قدم اٹھانا ضروری ہے۔

تجزیہ:

محل کے اندر کنوئیں میں سے پانی اُبلنا مستقبل سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ وہ امداد ہے جو آئندہ ملنے والی ہے۔ کوڑا غلط طرف داری کا تمثل ہے اور اجنبی آدمی جو کوڑا اٹھائے ہوئے ہے کسی شخص کی غلط طرف داری کی طرف اشارہ ہے۔ پانی پر کوڑے کی ضرب اس بات کی علامت ہے کہ غلط طرف داری کا نتیجہ نقصان کی صورت میں ظاہر ہو گا۔ خواب میں انتباہ یہ ہے کہ غلط طرف داری میں خاندان کے کسی فرد کو یا قریبی تعلق رکھنے والے کسی فرد کو یا خواب دیکھنے والے کی اپنی ذات کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہے۔ اس کا ازالہ اس طرح ہو سکتا ہے کہ غلط طرف داری سے پرہیز کیا جائے اور محتاط قدم اٹھایا جائے۔ سر راہ ڈاکٹر کا آواز دینا اور اس آواز کو میٹھا محسوس کرنا فریب دینے کی علامت ہے۔ آپ کا گزر جانا اس طرف اشارہ ہے کہ آپ سمجھداری سے کام لے کر اس فریب سے محفوظ رہ سکتی ہیں۔

زمین خریدنے کی خواہش:

ایک بڑا احاطہ ہے۔ دیوار میں ایک گیلری بنی ہوئی ہے۔ یہ گیلری سفید رنگ کی بنی ہوئی ہے۔ میں اس گیلری میں چلا جا رہا ہوں۔ گیلری ایک طرف جا کر ختم ہو جاتی ہے۔ میں دوسری طرف کودنا چاہتا ہوں لیکن خوف محسوس ہوتا ہے کہ نیچے نہ گر جاؤں۔ اس گیلری کے اوپر ایک اور گیلری بنی ہوئی نظر آتی ہے۔ میں نے سوچا کہ اگر اس اوپر والی گیلری میں کسی طرح پہنچ جاؤں تو راستہ آسانی سے مل جائے گا۔ میں نامعلوم طریقہ سے اوپر والی گیلری میں پہنچ جاتا ہوں۔ اب میں نے دیکھا کہ میرے ہاتھ میں چمڑے کا ایک بیگ ہے۔ گیلری کے دوسری طرف ایک اجنبی آدمی کھڑا ہے۔ میں نے اپنا بیگ اس کو پکڑا دیا اور دیوار کا سہارا لے کر کچھ خوف محسوس کرتا ہوا دوسری طرف پہنچ جاتا ہوں۔ پھر دیکھا کہ میں ایک محراب میں بیٹھا ہوں۔ نیچے صاف شفاف پانی کا حوض ہے۔ جس میں تقریباً دو دو فٹ پانی بھرا ہے۔ میرے دل میں خیال آیا کہ یہ حوض وضو کے لئے ہے اس خیال کے ساتھ ہی میں نے دیکھا کہ سبزہ پر دو تین آدمی بیٹھے ہوئے ہیں۔ ان میں ایک آدمی سیاہ داڑھی والا ہے۔ یہ آدمی میرے پاس آ کر کہتا ہے کہ چلو وہاں چلیں لیکن میں اللہ تعالیٰ کے حضور ہاتھ اٹھا کر دعا مانگنے لگتا ہوں۔ دعا کے دوران میں زاروقطار روتا ہوں۔

(نعیم خان)

تعبیر:

خواب کے تمام اجزاء صرف دو باتوں کا پتہ دیتے ہیں۔ پہلی بات زمین خریدنے کی خواہش ہے۔ دوسری بات روپیہ قرض لے کر اس کام کو سرانجام دینے کی کوشش ہے۔ لاشعور کی اندرونی پیچیدگی ایک مدت سے ان ارادوں پر ناپسندیدگی کا اظہار کر رہی ہے۔ طبیعت اس عمل سے بار بار روگردانی کرتی ہے۔ لیکن خواہش پھر بھڑک اٹھتی ہے۔ ان تمام چیزوں کو سمجھتا اور صحیح قدم اٹھانا بہتری کے لئے بہت ضروری ہے۔ خدانخواستہ غلط اقدام سے نقصان کا اندیشہ ہے۔

تجزیہ:
خواب میں احاطہ کا دیکھنا، گیلری میں چلنا پھرنا اور دوسری طرف کودنا یہ سب باتیں اس طرف اشارہ کرتی ہیں کہ آپ موجودہ طرز معاش سے مطمئن نہیں ہیں اور اس روش کو بدل کر خوش آئند مستقبل کے سنہرے خواب دیکھ رہے ہیں۔ اجنبی آدمی دیکھنا اور اس کو اپنے کاغذات کا بیگ دے دینا اس بات کی علامت ہے کہ کسی صاحب سے آپ قرض لینا چاہتے ہیں۔ حوض میں صاف شفاف پانی اس فائدہ کا تمثل ہے جو آپ نے اپنے ذہن میں قائم کر لیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے حضور ہاتھ اٹھا کر دعا کرنا اور زاروقطار رونا اور ایک کالی داڑھی والے شخص کا آپ کی توجہ ہٹانا اس بات کی دلیل ہے کہ یہ کام آپ کے لئے منافع بخش نہیں ہے۔ سبزہ پر دو تین آدمیوں کو بیٹھے دیکھنا زمین خریدنے کی خواہش کو ظاہر کرتا ہے۔

Topics


Aap ke khwab aur unki tabeer jild 01

خواجہ شمس الدین عظیمی

آسمانی کتابوں میں بتایا گیا ہے کہ:

خواب مستقبل کی نشاندہی کرتے ہیں۔

عام آدمی بھی مستقبل کے آئینہ دار خواب دیکھتا ہے۔



 

 

  

 

انتساب


حضرت یوسف علیہ السلام کے نام جنہوں نے خواب سن کر مستقبل میں پیش آنے والے چودہ سال کے  حالات کی نشاندہی کی

اور

جن کے لئے اللہ نے فرمایا:

اسی طرح ہم نے یوسف کو اس ملک میں سلطنت عطا فرمائی اور اس کو خواب کی تعبیر کا علم سکھایا۔