Topics

غلط مشورہ دینے والوں کی نشاندہی

دن اور تاریخ:

میں نے دیکھا کہ مجھے ملازمت سے نکال دیا گیا ہے۔ دن اور تاریخ یاد نہیں۔ پھر دوسرے ہفتے میں نے یہ خواب دیکھا کہ میرے گھر کا سارا اثاثہ لوٹ لیا گیا ہے۔

(اے رحیم)

تعبیر:
خواب میں دیکھی ہوئی باتوں سے انکشاف ہوتا ہے کہ کچھ آدمی آپ کو غلط باتوں کی ترغیب دیتے ہیں۔ ان میں سے ایک آدمی ایسا ہے کہ غلط کام تو آپ سے کرائے اور اس کا فائدہ خود اٹھائے۔ محتاط رہیئے۔ اللہ حفاظت کرنے والا ہے۔

یہ خواب آپ پہلے بھی ایک سے زائد مرتبہ دیکھ چکے ہیں۔ لیکن آپ کو یاد نہیں رہے۔ آپ کے لاشعور نے آپ کو اس حد تک متوجہ کیا ہے کہ یہ خواب آپ کو یاد رہ گیا۔ ملازمت سے برطرفی اور گھر کے اثاثہ کا ضائع ہونا ایک ہی بات ہے جس کا مطلب اوپر بیان کیا جا چکا ہے۔

مٹی کا پہاڑ:

میں نے خواب میں دیکھا کہ ایک موٹا آدمی کچھ گوشت کے ٹکڑے ہماری طرف پھینک رہا ہے۔ میں اور میرے دو ساتھی گوشت کے ٹکڑوں کی طرف لپکے اور میں نے ایک ٹکڑے کو چھو لیا۔ ہم سب مٹی کے نرم پہاڑ پر تھے اور یہ مٹی ہمارے پیروں کے نیچے سے پھسل رہی تھی۔ پھر وہ موٹا آدمی غائب ہو گیا۔ میرے دو ساتھیوں میں سے ایک نے پہاڑ سے نیچے چھلانگ لگا دی اور ساحلی ریت پر گر گیا۔ اس کے بعد دوسرے نے بھی خوشی خوشی چھلانگ لگا دی لیکن وہ ساحل سمندر پر گرنے کے بجائے سیدھا سمندر میں گر گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے پانی کی موجوں میں غائب ہو گیا۔ میں اس واقعہ سے خوفزدہ ہو گیا۔ خوف اور ڈر کی وجہ سے میں پہاڑ کے ساتھ لگ کر کھڑا ہو گیا۔ پھر فوراً خود کو خلاء میں پایا اور تھوڑی دیر بعد میرا جسم ریت سے مس ہوا اور پھر اچھل کر پانی میں گر گیا۔ جس جگہ گرا وہاں پانی گہرا نہیں تھا۔ پھر میں نے دیکھا کہ پہاڑ کے نیچے میری سوتیلی ماں کھڑی ہے۔ کیا دیکھتا ہوں کہ سمندر میں طوفان آ گیا ہے۔ میری امی سمندر کی بٹی بڑی لہروں میں گھر گئیں۔ میں جلدی سے ان کے قریب آ گیا۔ اور اپنی امی کو اس طوفانی سمندر سے باہر نکال لایا۔ میں اور میری والدہ زمین پر قد آدم گھاس اور درختوں کے جھنڈ میں غائب ہو گئے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔ جو آدمی میرے ساتھ تھے وہ میرے پاس ملازم ہیں۔

(محمد لطیف)

تعبیر:
آپ کے خواب کی تعبیر یہ ہے کہ کوئی آدمی اپنے ذاتی مفاد کے لئے آپ کو آلۂ کار بنانا چاہتا ہے۔ آلۂ کار بننے سے آپ کو کوئی فائدہ پہنچا ہے اور نہ پہنچے گا۔ آپ کے ساتھ کام کرنے والے دو آدمیوں میں سے ایک آدمی مخلص اور دوسرا غیر مخلص ہے۔ ایک آدمی جان بوجھ کر غلط مشورہ دیتا ہے اور دوسرا نادانی سے۔ اللہ تعالیٰ رحم فرمائے۔

تجزیہ:
موٹا آدمی وہ شخص ہے جو آپ کو آلۂ کار بنا رہا ہے۔ گوشت کے ٹکڑے وہ اسکیم ہے جس کے ذریعے آپ کو دھوکہ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ماں آپ کا ضمیر ہے جو آپ کو غلط اور صحیح کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ سوتیلی ماں سے مراد یہ ہے کہ ضمیر کی راہنمائی آپ کے لئے مشکوک ہے۔

سیاہ بکرا:

وہ خواب پیش خدمت ہیں۔ دونوں خواب موسم گرما ۱۹۶۸ء کے اوائل میں بدھ کی رات اور جمعرات کی رات میں دیکھے تھے۔ پہلا خواب رات کے ابتدائی حصہ اور میں دوسرا خواب صبح صادق کے وقت نظر آیا۔

میں نے دیکھا کہ ایک نیم برہنہ لڑکی میرے پہلو میں ہے اور میرے ہمراہ میرے ایک دوست ہیں جو عمر میں مجھ سے بہت بڑے ہیں وہ کہتے ہیں، ’’بخاری! یہ شراب اور لے لو اور بڑا مزا آئے گا۔‘‘

میں صبح کے وقت دکان کھولنے کے لئے گھر سے نکلتا ہوں۔ چابیاں میرے ہاتھ میں ہیں۔ جب میں چوراہے پر پہنچا تو دیکھا کہ ایک سیاہ بکرا ہے اور اس کی گردن خون میں لت پت جسم سے الگ پڑی ہے۔ اس کے پاس ایک آدمی کھڑا ہے۔ اس کے ہاتھ میں بہت بڑا چھرا ہے۔ اور وہ ایک بکرے کی قیمت طے کر رہا ہے۔ لیکن قیمت کا تصفیہ نہیں ہوا۔ میں تقریباً دس قدم چلا ہوں گا کہ قیمت طے ہو گئی اور اس آدمی نے بکرے کی گردن پر زور سے چھرا مارا۔ بکرے کی گردن الگ ہوئی تو اس کے منہ سے عجیب وحشت ناک آوازیں نکلنے لگیں۔ میں دہشت زدہ ہو گیا اور اسی دہشت میں بیدار ہو گیا۔

(صابر علی)

تعبیر:
یہ دونوں خواب آپ کے کاروبار سے متعلق ہیں۔ آپ کسی آدمی پر بغیر سوچے سمجھے ہرگز اعتبار نہ کیجئے اور کاروباری لین دین میں بہت محتاط رہیئے۔ مال کی خریداری کی صورت میں رسید ضرور حاصل کریں۔

تجزیہ:

لڑکی سے مراد آپ کا کاروبار ہے۔ لڑکی کا نیم برہنہ ہونا یہ بناتا ہے کہ خواب دیکھنے کے زمانہ میں آپ کے ذہن میں کاروبار تھا وہ صاف ستھرا نہیں تھا۔ دوست کا شراب دینا اس بات کی علامت ہے کہ کوئی صاحب آپ کو بلیک میل کر کے ذاتی منفعت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ آپ کا شراب نہ پینا اس بات کی دلیل ہے کہ آپ بلیک میلنگ سے محفوظ رہے۔ سیاہ بکرے کا سودا ہوتے ہوئے دیکھنا اور اس کی گردن کا الگ ہونا اور دہشت ناک آوازیں نکالنا اور آپ کا اس سے متاثر ہو جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ نے اس روش کو اپنانے کی کوشش کی ہے۔

رسیوں کی سیڑھی:

میں نے دیکھا کہ میرے مکان کے سامنے ایک بلڈنگ ہے۔ میں اس بلڈنگ کی آخری منزل پر ہوں۔ اس منزل سے نیچے آنے کے لئے رسیوں کی بنی ہوئی سیڑھی لگی ہوئی ہے۔ میرے ہاتھ میں لکڑی کی سیڑھی ہے۔ میں اس سیڑھی کو بغل میں دبائے رسیوں کی سیڑھی کے ذریعے نیچے اتر رہا ہوں۔ نیچے دو آدمیوں میں جھگڑا ہو رہا ہے۔ ایک کے ہاتھ میں کلہاڑی ہے اور وہ دوسرے کو مار رہا ہے۔ میں آپس میں صلح صفائی کرانے کے بجائے وہاں سے چلا جاتا ہوں۔ ایک بات یہ بھی عرض کر دوں کہ رسیوں کی جس سیڑھی سے میں نیچے اترا ہوں اس کو اوپر سے ایک لڑکے نے پکڑ رکھا ہے۔

(سلمان میر)

تعبیر:
اپنے دوستوں سے محتاط رہیئے۔ ان سے نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

تجزیہ:
دو سیڑھیوں کی موجودگی کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے سامنے دو راستے ہیں۔ ایک راستے پر چل کر آپ دوسروں کے رحم و کرم کے محتاج رہیں گے۔ (یہ وہ سیڑھی ہے جو لڑکے نے اوپری منزل پر پکڑی ہوئی ہے)۔ دوسرا راستہ اختیار کر کے آپ دوسروں کے رحم وکرم سے نجات پا سکتے ہیں۔ (یہ وہ سیڑھی ہے جو آپ کے بغل میں ہے) اوپر سے نیچے اترنا اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ آپ احتیاط کر کے خود کو نقصان پہنچنے سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

حسین و جمیل ناگن:

ایک خواب دیکھا ہے جو الجھنوں اور ذہنی خلفشار کا باعث بن کر میرے لئے عذاب بن گیا ہے۔ اس خواب نے میرے دل و دماغ کو اس طرح متاثر کر دیا ہے کہ میں سخت اضطراب اور پریشانی میں گھر گیا ہوں۔ سینچر اور جمعہ کی درمیانی شب میں نے دیکھا کہ ایک کافی لمبا اور حسین و جمیل خوبصورت سفید رنگ کا سانپ میرے گھر میں صدر دروازے سے داخل ہوا۔ میں اس کے تعاقب میں بھاگا مگر وہ غائب ہو گیا۔ میں سمجھ رہا ہوں کہ یہ کوئی عورت ہے جو سانپ کی شکل میں یہاں آئی ہے۔ تھوڑی دیر کے بعد ہوبہو بالکل اسی طرح کا ایک سانپ نمودار ہوا اور اس نے اچھل کر میرے سینے پر ڈس لیا اور فوراً غائب ہو گیا۔ دہشت اور خوف سے میری آنکھ کھل گئی۔

(سراج احمد)

تعبیر و تجزیہ:

خوبصورت سانپ کا جوڑا اس بات کا تمثل ہے کہ دو آدمی آپ کو سبز باغ دکھا کر کسی معاملہ میں آپ سے کوئی اہم وعدہ لینا چاہتے ہیں۔ آپ ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کر سکے۔ جو فیصلہ کیجئے بہت سوچ سمجھ کر کیجئے۔ بہت احتیاط سے قدم اٹھایئے مبادا کوئی گزند نہ پہنچے۔ بہتر صورت یہ ہے کہ درمیانی راستہ اختیار کیا جائے۔ اللہ تعالیٰ پر پریشانی سے محفوظ رکھے۔




Topics


Aap ke khwab aur unki tabeer jild 01

خواجہ شمس الدین عظیمی

آسمانی کتابوں میں بتایا گیا ہے کہ:

خواب مستقبل کی نشاندہی کرتے ہیں۔

عام آدمی بھی مستقبل کے آئینہ دار خواب دیکھتا ہے۔



 

 

  

 

انتساب


حضرت یوسف علیہ السلام کے نام جنہوں نے خواب سن کر مستقبل میں پیش آنے والے چودہ سال کے  حالات کی نشاندہی کی

اور

جن کے لئے اللہ نے فرمایا:

اسی طرح ہم نے یوسف کو اس ملک میں سلطنت عطا فرمائی اور اس کو خواب کی تعبیر کا علم سکھایا۔