Topics

دنیا میں میرا پہلا شاندار کارنامہ


          مجھے اللہ تعالیٰ کا ہزار ہزار شکر ادا کرنا چاہئے کہ دنیا میں آنے کے بعد میرا سب سے پہلا کارنامہ نہایت شاندار اور نتیجہ خیز رہا اور جس کی نقل کرنے پر آج تک اولاد آدم میرا من مانا نتیجہ حاصل کر رہی ہے۔

          آدم کے ہاں سب سے پہلے ایک لڑکا قابیل اور اس کے ساتھ ایک لڑکی اقلیما (توام) پیدا ہوئے۔ اس کے بعد دوسرے حمل میں ایک لڑکا ہابیل اور ایک لڑکی لبودا پیدا ہوئے۔ جب دونوں پل کر جوان ہوئے تو آدم کے پاس اللہ تعالیٰ کا پیغام آیا:

          ’’اے آدم! یہ بچے جوان ہو گئے ہیں۔ لہٰذا اب تمہیں چاہئے کہ ان کو رشتہ ازدواج میں منسلک کر دو۔ اس طرح کہ قابیل کے ساتھ لبودا کو اور ہابیل کے ساتھ اقلیما کو بیاہ دو(یعنی دوسرے توام لڑکے ہابیل کے ساتھ، پہلے حمل کی لڑکی اقلیما کو رشتہ ازدواج میں منسلک کر دو۔)‘‘

          آدم نے یہ حکم خداوندی سن کر اپنی اولاد کو جمع کیا اور انہیں بھی بتا دیا سب خوش ہو گئے۔ لیکن قابیل کو یہ بات بہت ناگوار گزری۔ انہوں نے اپنے باپ آدم ؑ سے کہا۔ اس میں میری حق تلفی ہے۔ اقلیما نہایت حسین اور عقیل لڑکی ہے میری توام ہے لہٰذا اس پر میرا حق ہے۔ میں یہ پسند نہیں کرتا کہ میری توام کو دوسرے کے ساتھ وابستہ کیا جائے۔ اول تو آدم ؑ نے بہت کچھ سمجھایا کہ یہ بات میرے اختیار میں نہیں ہے جیسا حکم خدا ہے اس پر عمل کیا جائے گا۔ لیکن قابیل کسی طرح راضی نہ ہوئے تب مجبوراً آدم ؑ نے پروردگار سے دعا کی۔ یکایک ان کے جی میں ایک ترکیب آگئی۔ ایسا معلوم ہوا کہ ان کے دل سے کسی نے کچھ کہا ہے ۔ اور کوئی خاص ترکیب بتائی ہے۔

          آدم نے ایک دن پھر اپنے بچوں کو جمع کیا اور کہا کہ قابیل اگر فیصلہ خداوندی پر عمل کرنے کا وعدہ کریں تو میں پروردگار سے دوبارہ فیصلہ منگوا سکتا ہوں۔

          آسان ترکیب یہ ہے کہ کوہ قلہ پر ہابیل اور قابیل اپنی اپنی طرف سے قربانیاں لے جا کر رکھیں جس کی قربانی منظور ہو جائے اسی کے ساتھ اقلیما کی شادی ہو گی۔

          قابیل یہ سن کر بولے۔ قربانی کی منظوری کس طرح سمجھ میں آئے گی۔

          آدم ؑ اول تو بہت سٹپٹائے۔ لیکن فوراًہی القا اور انہوں نے بتایا کہ جس کی قربانی قابل منظور ہو گی وہ یا تو آسمان پر اٹھا لی جائے گی یا آگ آئے گی اور اس کو جلا جائے گی اور جس کی قربانی نامنظور ہو گی وہ بدستور پہاڑ پر رکھی رہ جائے گی۔

          دونوں لڑکوں نے اس ترکیب کو پسند کر لیا اور قربانی دینے کے لئے راضی ہو گئے۔ چنانچہ اگلے دن صبح ہابیل کی طرف سے ایک بکری اور قابیل چونکہ زراعت پیشہ تھے ان کی طرف سے کچھ گندم قلہ پہاڑ کی چوٹیوں پر علیحدہ رکھ دیئے گئے۔ تھوڑی دیر میں ایک شعلہ آتشیں آسمان سے آیا اور ہابیل کی قربانی پر چھا گیا۔ قربانی کی بکری راکھ کا ڈھیر بن گئی۔ یہ حال دیکھ کر قابیل کو بے حد غصہ آیا۔ آدم بولے اے قابیل، اب تو تم کو یقین آ گیا کہ پروردگار اقلیما کی شادی ہابیل کے ساتھ چاہتا ہے۔ قابیل اپنے جذبات کو چھپاتے ہوئے بولے۔ جی ہاں، سمجھ گیا۔

          ہونے کو تو ہو گیا۔ لیکن قابیل کے دل میں حسد کی آگ بری طرح جل اٹھی فیصلہ خداوندی کے سامنے اعتراض کی کیا مجال تھی۔ ناچار اپنے کام کاج میں مصروف ہو گئے مگر اقلیما کے معاملہ میں شکست کا خیال انہیں ہر وقت ستاتا تھا۔

 

Topics


Shaitan Ki Sawaneh Umri

حضور قلندر بابا اولیاء

آج تک کسی جن یا فرشتہ نے اپنی سوانح عمری شائع نہیں کی۔ کیوں نہیں کی۔ یہ ایک راز ہے اور رکھا گیا ہے۔ دنیا میں رہنے والے کم سمجھ انسان اسے نہیں جانتے اور نہیں جان سکتے۔ خاک کی بنی ہوئی عقل کیا خاک سمجھے گی کہ یہ نوری اور ناری دنیا آج تک اپنی اپنی سوانح حیات لکھنے سے کیوں گریز کرتی ہیں۔ یہ موٹی عقل کے پتلے شاید یہ سمجھتے ہیں کہ جنوں اور فرشتوں کو لکھنا پڑھنا نہیں آتا یا انہیں لکھنے پڑھنے کی ضرورت نہیں ہے لیکن یاد رہے کہ ہم نے مٹی کے پتلوں سے پہلے کھانا سیکھا ہے، پہلے بولنا سیکھا ہے۔ اگر کسی کو یہ غرور ہے کہ دنیا کا بے بضاعت انسان کسی معمولی سے معمولی فرشتے کا بھی مقابلہ کر سکتا ہے تو یہ انسان کی لکھو کھا حماقتوں میں سے ایک اہم حماقت اور نادانی ہے۔