Topics
میں اپنی سوانح عمری لکھنے سے پہلے یہ
عرض کر دینا چاہتا ہوں کہ میرے پاس فی الحال کوئی ایسا منشی نہیں ہے جو میرے بتائے
ہوئے واقعات سلسلہ وار درج کر سکے اور ظاہر ہے کہ میں بیک وقت یہ دونوں کام انجام
نہیں دے سکوں گا نہ میرے پاس اتنا وقت ہے اور نہ بطاہر اس کی کوئی ضرورت ہے، میرا
مقصد زندگی کے واقعات اور سوانح حیات کو روشنی میں لانا ہے اور اس کے لئے یہ ضروری
نہیں ہے کہ تقدیم اور تاخیر کا خیال رکھا جائے پس میری زندگی کے واقعات پڑھنے
والوں کو یہ خیال نظر انداز کر دینا پڑے گا کہ میں نے سلسلہ کیوں نہ قائم رکھا۔
حضور قلندر بابا اولیاء
آج تک کسی جن یا فرشتہ نے اپنی سوانح
عمری شائع نہیں کی۔ کیوں نہیں کی۔ یہ ایک راز ہے اور رکھا گیا ہے۔ دنیا میں رہنے
والے کم سمجھ انسان اسے نہیں جانتے اور نہیں جان سکتے۔ خاک کی بنی ہوئی عقل کیا
خاک سمجھے گی کہ یہ نوری اور ناری دنیا آج تک اپنی اپنی سوانح حیات لکھنے سے کیوں
گریز کرتی ہیں۔ یہ موٹی عقل کے پتلے شاید یہ سمجھتے ہیں کہ جنوں اور فرشتوں کو لکھنا
پڑھنا نہیں آتا یا انہیں لکھنے پڑھنے کی ضرورت نہیں ہے لیکن یاد رہے کہ ہم نے مٹی
کے پتلوں سے پہلے کھانا سیکھا ہے، پہلے بولنا سیکھا ہے۔ اگر کسی کو یہ غرور ہے کہ
دنیا کا بے بضاعت انسان کسی معمولی سے معمولی فرشتے کا بھی مقابلہ کر سکتا ہے تو
یہ انسان کی لکھو کھا حماقتوں میں سے ایک اہم حماقت اور نادانی ہے۔