Topics
پہلے
آسمان پر جو بہار تھی کاش میں بیان کر سکنے کی طاقت رکھتا۔لیکن جب دوسرے آسمان
پر پہنچا تھا تو وہاں کے مناظر دیکھ کر پہلے آسمان کو بھول گیا تھا مگر اب تیسرے
آسمان نے تو مجھے حیرت میں ڈال دیا۔ کیسا سماں تھا بس یہ میں ہی جانتا ہوں۔
یہاں
بھی وہی سلسلہ شروع ہو گیا۔ روزانہ وعظ کی
مجالس ہوتی تھیں اور لاتعداد ملائکہ شرکت کرتے تھے۔ مجھے اس جگہ بہت ہی ہر دل
عزیزی حاصل ہوئی۔ میں نے بھی جی کھول کر اپنے احباب کو تعلیم دی اور انہوں نے بھی
ہر طرح سے بے نیاز ہو کر میرے اعمال کی تقلید کی اور فن عبادت میں چار چاند لگائے۔
حضور قلندر بابا اولیاء
آج تک کسی جن یا فرشتہ نے اپنی سوانح
عمری شائع نہیں کی۔ کیوں نہیں کی۔ یہ ایک راز ہے اور رکھا گیا ہے۔ دنیا میں رہنے
والے کم سمجھ انسان اسے نہیں جانتے اور نہیں جان سکتے۔ خاک کی بنی ہوئی عقل کیا
خاک سمجھے گی کہ یہ نوری اور ناری دنیا آج تک اپنی اپنی سوانح حیات لکھنے سے کیوں
گریز کرتی ہیں۔ یہ موٹی عقل کے پتلے شاید یہ سمجھتے ہیں کہ جنوں اور فرشتوں کو لکھنا
پڑھنا نہیں آتا یا انہیں لکھنے پڑھنے کی ضرورت نہیں ہے لیکن یاد رہے کہ ہم نے مٹی
کے پتلوں سے پہلے کھانا سیکھا ہے، پہلے بولنا سیکھا ہے۔ اگر کسی کو یہ غرور ہے کہ
دنیا کا بے بضاعت انسان کسی معمولی سے معمولی فرشتے کا بھی مقابلہ کر سکتا ہے تو
یہ انسان کی لکھو کھا حماقتوں میں سے ایک اہم حماقت اور نادانی ہے۔