Topics

ہر دلعزیز ہونے کا طریقہ

ہر دلعزیز ہونے کا طریقہ

 میرا کوئی دوست نہیں ہے لوگ مجھ سے دور بھاگتے ہیں ۔ میں چاہتا ہوں کہ لوگ مجھ سے مل کر خوش ہوں اور محبت کا اظہار کریں۔ مجھے ہر دلعزیز ہونے کا طریقہ بتا دیں۔

 

جواب:   حق و صداقت کے پیکر، پیارے نبی معلم اخلاق حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر مثبت طرزِ فکر اختیار کیجئے اور لوگوں سے خوشدلی ، نرم خوئی اور مسرت و اخلاص سے ملئے ، توجہ اور کھلے دل سے ان کا استقبال کیجیئے۔ قریبی لوگوں اور احباب کے معاملات میں لاپروائی، بے نیازی، سپاٹ اور خشک لہجے میں گفتگو کرنا، چہرہ اور پیشانی پر بظاہر نظر نہ آنے والا منافقت کا عکس ایسی بیماریاں ہیں جو دلوں میں کدورت کو جنم دیتی ہیں اور جن سے دلوں میں نفرت  پیدا ہوتی ہیں۔

            دوستوں، عزیزوں، رشتہ داروں اور غریبوں سے ملاقات کے وقت مسرت و اطمینان اور انکساری سے بات کیجیئے۔ حزن و ملال اور مردہ دلی کے کلمات ہرگز زبان پر نہ لایئے۔ ایسا انداز اختیار کیجیئے کہ آپ کے ناخوش اور پژمردہ دل دوست بھی اپنے اندر خوشی اور پرمسرت زندگی کی لہریں محسوس کریں۔ استقبال کے وقت افسردہ چہرہ آنے والے کے لئے خوشی کی بجائے رنج و ملال کا باعث بنتا ہے۔حضور نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے

                                    میں تمہیں اس آدمی کی پہچان بتاتا ہوں جس پر جہنم کی آگ

                                    حرام ہے اور وہ آگ پر حرام ہے اور یہ وہ آدمی ہے جو نرم

                                    مزاج ، حلیم الطبع اور نرم خو ہے۔

            نبی کریم ﷺ جب کسی سے ملاقات فرماتے تو پوری طرح اس کی طرف متوجہ ہو جاتے تھے اور جب کوئی آپ سے بات کرتا تو آپ پوری  متوجہ ہو کر اس کی بات سنتے تھے۔

            نبی کریم علیہ الصلوٰۃ والسلام کا ارشاد عالی ہے تین باتیں ہلاکت میں مبتلا کر دیتی ہیں۔

                        ۱۔          ایسی  خواہش  آدمی جس کا غلام بن کر رہ جائے۔

                        ۲۔         ایسی حرص جس کو پیشوا مان کر آدمی اس کی پیروی کرنے لگے۔

                        ۳۔        خود پسندی اور یہ بیماری سب سے زیادہ خطرناک ہے۔

            تحائف کا تبادلہ اخلاص اور مروت میں غیر معمولی اضافہ کا سبب بنتا ہے۔ اخلاص و محبت کے جذبات سے دلی لگاؤ پیدا ہوتا ہے اور پھر یہ لطیف و پاکیزہ جذبات عملی زندگی پر اثر انداز ہوتے ہیں اور دوست آپس میں یک جان دو قالب کی مثال بن جاتے ہیں۔

            دوستانہ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ استوار اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے ضرور ی ہے کہ آپ اپنے دوستوں کی خدمت کریں۔

 

Topics


Ism e Zaat

خواجہ شمس الدین عظیمی



روز نامہ جنگ، کراچی کے کالم ” قارئین کے مسائل“ اور ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے ادارتی ” روحانی سوال و  جواب “ کے کالمز میں خانوادہ سلسلہ عظیمیہ سے پوچھے گئے سوالات گو کہ تاریخِ اشاعت کے حساب پرانے ہیں لیکن معاشرے سے تعلق کی بنا پر ان کالمز پر وقت کی گرد اثر انداز نہیں ہوئی اور ان کی افادیت و اثر پذیری ترو تازہ ہے۔پیشِ نظر کتاب میں شامل کالمز حال کا قصہ نہیں،ماضی کی داستان بھی ہیں۔ یہ حالات حاضرہ کا مظاہرہ نہیں، مستقبل کے لئے راہنمائی کا ذریعہ بھی ہے۔قارئین اور محققین کے لئے اس کتاب میں ۹۲ کالمز کی شکل میں علم و آگاہی کا خزانہ ہے جو تفکر کی دعوت دیتا ہے لہذا کسی بھی دور میں ، کسی  بھی وقت ان تحریرات پر غور و فکر سے حکمت کے موتیوں کا حصول ممکن ہے۔ ان کالمز میں بہت سارے موضوعات کو ایک ہی تحریر میں تسلسل کے ساتھ لکھا گیا ہے۔منطق سے سلجھائے اور لغت کے بکھیڑوں میں الجھے بغیر سادہ طرز ِاسلوب کے ساتھ دریا کوزے میں بند ہے۔