Topics

سر سے لے کر پاؤں تک خشکی

  

میں یہ کہنے پر مجبور ہوں کہ آپ لندن انڈیا اور امریکہ سے آئے ہوئے خطوط کے جواب تو دیتے ہیں تاکہ آپ کو غیر ممالک میں بھی شہرت نصیب ہو جائے۔ آپ نے میرے اس خط کا جواب نہ دیا تو میں سمجھ لوں گی کہ آپ صرف انہی لوگوں کو جواب دیتے ہیں جو آپ کو فیس دیتے ہوں گے اگر ایسا ہے تو آپ اخبار میں لکھیں میں بھی فیس روانہ کر دوں گی۔ اگر آپ واقعی فقیر درویش خدائی خدمت گار اللہ والے ہیں تو میرے دونوں مسئلے حل کر دیں ان دو مسئلوں کی وجہ سے میرا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔

            ۱۔         میرے سر سے لے کر پاؤں تک خشکی ہی خشکی ہے۔ پاؤ پاؤ بھر خشکی سر اور بدن سے کھرچ کر اتارا کرتی ہوں۔ہر قسم کی دوائیں شیمپو استعمال کر چکی ہوں مگر کوئی افاقہ نہیں ہوتا۔ بالش بھر بال ہیں اور اب تو گنج ہونے لگا ہے، سامنے ماتھے کے بال اُڑ گئے ہیں۔

            ۲۔        شروع میں چہرے پر منہ دھونے سے خشکی آجاتی تھی ڈاکٹری نسخہ کے مطابق Esperson    ٹیوب استعمال کرتی تھی۔ سردیوں میں جلد اکڑ کر پھٹ جاتی تھی۔ کسی نے مشورہ دیا کہ بھاپ لیا کرو، یہ بھی کر دیکھا۔ اس سے یہ ہونے لگا کہ جس دن بھاپ لیتی مسامات سے  خاص طور پر ناک کے مسامات سے کالے کالے کیل نکلتے اور کافی صاف رنگ ہو جاتا لیکن  دو تین دن کے بعد ان مسامات میں گرد و غبار یا میل جمع ہونے لگتا اور چہرے پر ہلکی ہلکی خارش ہونے لگتی۔ چہرے پر عجیب  سے دانے ابھر آئے ہیں جو نہ عام دانوں کی طرح ہیں ، نہ کیل، نہ مہاسے۔ چہرے پر ہاتھ پھیرمنے سے جلد کے اندر کانٹے چبھنے لگتے ہیں۔ دانوں میں ہلکے ہلکے ننھے باریک سوراخ ہیں جو کبھی کھلتے ہیں اور کبھی بند ہو جاتے ہیں۔ پہلے صرف ناک کے گرد تھے اب آہستہ آہستہ گالوں ، ناک کے نیچے ، ٹھوڑی اور گردن کی طرف بھی آگئے ہیں۔ آئینہ دیکھتے ہوئے ڈر لگتا ہے۔ جلد سانپ کی کنچلی کی طرح لگتی ہے۔ احساسِ کمتری کی وجہ سے کسی سے آنکھ ملا کر بات نہیں کر سکتی۔

            کھانوں میں نمک، کھٹاس ، گوشت اور انڈے سے پرہیز کریں۔ فریج میں رکھی ہوئی چیز نہ کھائیں۔ فریج میں رکھی ہوئی چیزوں سے وٹامن تقریباً ختم ہوجاتے ہیں اور فریج میں رکھی ہوئی چیزوں کے اندر فارن باڈیز کا اضافہ ہوجاتا ہے۔مثال کے طور پر تازہ گوشت 24گھنٹے تک کھلی ہوا گوشت باہر نکال کر ایک گھنٹہ سے بھی کم وقفہ رکھا جائے تو گوشت میں بدبو اور تعفن آجاتا ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ تعفن گوشت میں موجود تھا لیکن ٹمپریچر کی شدیدکمی کے سبب وہ ظاہر نہیں ہوا تھا۔

اس کے ساتھ روزانہ پورے جسم پر زیتون کے تیل کی مالش کریں اور نیم کے پتوں کے پانی سے غسل کریں۔ رات کو سوتے وقت ایک چمچہ زیتون کا تیل پئیں۔ اطمینان کرلیا جائے کہ زیتون کا تیل خالص ہو۔ کھانوں میں ترکاریاں اور دالیں کھائیں۔

دولت سے زیادہ اس دنیا میں کوئی چیز بے وفا نہیں ہے۔ فیس کی باتیں چھوڑیں، دوستوں اور کرم فرما حضرات و خواتین کی دُعائیں میرے لئے بہت بڑا سرمایہ ہے۔

Topics


Ism e Zaat

خواجہ شمس الدین عظیمی



روز نامہ جنگ، کراچی کے کالم ” قارئین کے مسائل“ اور ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے ادارتی ” روحانی سوال و  جواب “ کے کالمز میں خانوادہ سلسلہ عظیمیہ سے پوچھے گئے سوالات گو کہ تاریخِ اشاعت کے حساب پرانے ہیں لیکن معاشرے سے تعلق کی بنا پر ان کالمز پر وقت کی گرد اثر انداز نہیں ہوئی اور ان کی افادیت و اثر پذیری ترو تازہ ہے۔پیشِ نظر کتاب میں شامل کالمز حال کا قصہ نہیں،ماضی کی داستان بھی ہیں۔ یہ حالات حاضرہ کا مظاہرہ نہیں، مستقبل کے لئے راہنمائی کا ذریعہ بھی ہے۔قارئین اور محققین کے لئے اس کتاب میں ۹۲ کالمز کی شکل میں علم و آگاہی کا خزانہ ہے جو تفکر کی دعوت دیتا ہے لہذا کسی بھی دور میں ، کسی  بھی وقت ان تحریرات پر غور و فکر سے حکمت کے موتیوں کا حصول ممکن ہے۔ ان کالمز میں بہت سارے موضوعات کو ایک ہی تحریر میں تسلسل کے ساتھ لکھا گیا ہے۔منطق سے سلجھائے اور لغت کے بکھیڑوں میں الجھے بغیر سادہ طرز ِاسلوب کے ساتھ دریا کوزے میں بند ہے۔