Topics

طب عظیم رحمۃ اللہ علیہ

مشہور کہاوت ہے " صحت ہزار نعمت ہے " -  بیماری  یا کمزوری جہاں صحت کو نقصان پہنچاتی ہے وہیں بیمارشخص بہتر ذہنی مرکزیت کے ساتھ دنیا میں بکھری الله تعالیٰ  کی نعمتوں کا مشاہدہ بھی نہیں کرسکتا ہے اور مسلسل ذہنی دباؤ کا شکار رہتا ہے -   

حبس ریاح ...  

حبس ریاح کے مرض میں بابا صاحبؒ بتاتے ہیں کہ کھانا خوب پیٹ بھر کر کھانا چاہئے -

نسخہ کے طور پر اجوائن ایک چھٹانک اور کالا نمک تین چھٹانک کوٹ چھان کر سفوف بنا کر رکھ لیں ہر کھانے کے بعد یہ سفوف ایک ماشہ کھا لیں -

پیروں سے بدبو ...

ایک صاحب اپنے ایک نوجوان لڑکے کو لے کر بابا صاحبؒ کی خدمت میں آئے اور بتایا کہ میرا یہ بیٹا تھوڑی دیر بھی جوتیاں پہن لیتا ہے تو اس کے پیروں سے بہت بری بدبو آنے لگتی ہے اس بدبو سے سب پریشان رہتے ہیں –قلندر باباؒ نے انہیں کہا کہ بچے کا معدہ غلیظ رہنے لگا ہے علاج کے طور پر:

آپ اسے گوشت بالکل ترک کروادیں ، پتوں والی ترکاریاں زیادہ کھلائیں ، نہار منہ تازہ پانی دیں اور خیال رکھیں کہ بچے کو قبض نہ ہونے پائے ۔میٹھا اور نمک بھی غذا میں کم کردیں ، چربی دار اور روغنی غذاؤں کو استعمال مت کرائیں بلکہ سرسوں کا خالص تیل غذا میں استعمال کیجئے -

وہ صاحب شکریہ ادا کرکے واپس چلے گئے کچھ دنوں بعد آئے تو ان سے بچے کا حال دریافت کیا عرض کرنے لگے کہ حضور الله کا کرم ہوگیا ہے اب وہ بالکل ٹھیک ہے –

بڑا سر ...

ایک دفعہ ایک عورت اپنے چھوٹے سے بچے کے ساتھ آئیں بچے کا سر کافی بڑا تھا اور اس کے بال اڑے ہوئے تھے وہ خاتون بابا صاحبؒ کو بتانے لگیں کہ بچے کا سر بہت بڑا ہے اور ہلتا رہتا ہے جب یہ پیدا ہوا تھا تو اس کی گردن پر ایک آبلہ تھا - بابا صاحبؒ  نے بچے کے سر پر شفقت سے ہاتھ پھیرا اور فرمایا کہ:

 سورج مکھی کے بیج پانی میں جوش دے کر چائے کی طرح دم دیں اور چینی ملا کر بچے کو صبح شام پلائیے -

معذوری ... 

بابا صاحبؒ کی خدمت میں ایک بار ایک ایسا مریض لایا  گیا جس کا کچھ عرصہ پہلے ایکسیڈنٹ ہوگیا تھا - ڈاکٹروں نے آپریشن کرکے کمر میں سلاخ ڈال دی تھی آپریشن کے بعد وہ چلنے پھرنے سے معذور ہوگیا اور اس کی آنکھیں بھی  ضائع   ہوگئیں - بابا صاحبؒ نے یہ علاج تجویز کیا ...

 جامن کے سرکہ میں پیاز چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے ڈال دیں تین دن تک دھوپ میں رکھیں - اس کے بعد اٹھالیں -تینوں وقت روٹی کے ساتھ مریض کو کھلائیں اور اگر جامن کا سرکہ دستیاب نہ ہو تو جامن کی کونپلیں لے کر پیاز کے ساتھ پیس لیں اور روزانہ تینوں وقت کھانے کے ساتھ دیں - پیاز اور جامن کی کونپلیں ہم وزن ہوں -  

پیٹ بڑھنا ...

ادھیڑ عمر کے ایک صاحب آئے اور کہنے لگے کہ ایک سال پہلے اچانک غیر معمولی طور پر میرا پیٹ بڑھنا شروع ہوگیا اور مستقل بڑھتا رہا اب گوگڑ نکل گئی ہے اور پیٹ بڑھ کر مٹکے کی طرح سخت ہوگیا ہے -بابا صاحبؒ نے کہا :

بھئی ناف نلوں کی خرابی ہے گلقند دو تولہ سادے پانی سے کھا لیا کرو -   

آنکھوں کے سامنے خون ...

ایک بچے کی آنکھوں کے سامنے خون تیرتا ہوا نظر آتا - جب اسے بابا صاحبؒ کے پاس لایا گیا تو آپؒ نے بتایا کہ دماغ کے ریشوں میں پانی بھر چکا ہے اس کے وجہ سے ایسا نظر آتا ہے -بچے کی والدہ کو بتایا کہ:

 دکھنی مرچ ایک چھٹانک اور چینی ایک چھٹانک لے کر صاف ہاون دستے میں باریک سفوف بنالیں اور 6 ماشہ تازہ پانی سے روزانہ سونے سے پہلے بیس روز تک کھلائیں -  

استسقاء ...
استسقاء کی مریضہ بابا صاحبؒ کے پاس دعا کرانے آئیں تو آپ نے انہیں جلد صحت کے لیے بتایا کہ:

السی کا سفوف بتایا کہ حلوہ بنا کر یا سادہ کھائیں
چھوٹا قد اور کب ...

ایک لڑکے کا کب نکلا ہوا تھا اور قد چھوٹا رہ گیا تھا اپنے ایک دوست کے ہمراہ قلندر باباؒ کی خدمت میں حاضر ہوا اور کہنے لگا حضرت بہت علاج کرا لیا ہے لیکن قد نہیں بڑھتا ، احساس کمتری کا شکار ہوگیا ہوں - بابا صاحبؒ نے علاج تجویز کرتے ہوئے اس لڑکے کو ہدایت کی کہ:

ورزش کرو اورگھیکوار کا حلوہ کھاؤ– 

ایڑی کا درد

 ایک بوڑھی اماں کی ایڑی میں شدید درد رہنے لگا جو کسی صورت ختم نہیں ہورہا تھا - ان کا بیٹا بابا صاحبؒ کے پاس آیا اور ایڑی کے درد کے بارے میں بتایا تو آپ نے بچہ سے کہا کہ:

 اماں کے ایڑی کے اوپر پٹھوں پر سرسوں کے گرم تیل کے کپڑے سے ٹکور کرتے رہیں - 

ذیابیطس  

 بابا صاحبؒ  نے ذیابیطس یعنی شوگر کی ایک مریضہ کو نیم کا تیل اس ترکیب سے تجویز کیا تھا –

 پہلے ہفتہ: نیم کا تیل 10-10 قطرے صبح ، دوپہر ، شام –

  دوسرے ہفتہ: نیم کا تیل 10-10 قطرے صبح ، شام   -

 تیسرے ہفتہ صرف صبح کے وقت اور

 چوتھے ہفتہ :صرف شام کے وقت   پھر اس طریقہء کار کو الٹ کر دہرائیں – 

  ذیابیطس کے ایک بزرگ مریض کو شوگر کنٹرول کرنے کا نسخہ بابا صاحبؒ نے بتایا تھا جس سے ایک ہفتہ میں ہی شوگر آنا بند ہوگئی تھی –

وہ نسخہ یہ ہے -

تخم حیات ( اسے اردو میں پنیر ، پنجابی میں پنیر ڈوڈی ، سندھی میں خم زیرہ اور فارسی میں پنیر با  کہتے ہیں - ذائقہ میں تلخ ، کڑوی اور بو میں بساندھ ہوتی ہے - گول گول بیج ہوتے ہیں ) 12 بیج رات کو بھگودیں صبح نتھار کر پانی پی لیں - ایک ہفتہ تک علاج جاری رکھیں – 

سوئیاں نکلنا  

ایک خاتون کو ایسا محسوس ہوتا جیسے جسم سے سوئیاں نکل رہی ہیں اپنے خاوند کے ساتھ  بابا صاحبؒ کی خدمت میں حاضر ہوئیں -

قلندر باباؒ تھوڑی دیر غور کرتے رہے پھر فرمانے لگے یہ مرض دماغ کے مخصوص خلیہ بند ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے اس کا علاج یہ ہےکہ:

شیشے پر سرخ رنگ کا فریم کرکے لٹکا کر دن بھر میں بار بار دیکھئے -

بغل میں گلٹیاں

 ایک صاحب بابا صاحبؒ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور اپنی بغل دکھانے لگے - ان کی بغل میں عجیب گلٹیاں تھیں جن سے چائے کے رنگ کا پانی رس رہا تھا - قلندر باباؒ نے ان سے فرمایاکہ :

 گیرو کا سفوف بنا کر اس میں قدرے شکر ملا لیں اور آدھا آدھا ماشہ اس میں سے صبح نہار منہ ناشتہ سے ایک گھنٹہ پہلے اور رات کو سونے سے پہلے پانی کے ساتھ چند ہفتے کھائیں  -

چشمہ چھڑانے کے لئے ... 

 ایک خاتون اپنی بچی کو لے کر حضور قلندر باباؒ کے پاس آئیں اور بچی کے طرف اشارہ کرکے بتایا کہ یہ دسویں جماعت میں ہے لیکن نامعلوم کیوں اس کی نظر کمزور ہوتی جارہی ہے حالانکہ پہلے بالکل ٹھیک تھی -ڈاکٹروں کو دکھایا تو انہوں نے چشمہ لگوایا لیکن کچھ دنوں بعد چشمے سے بھی دھندلا نظر آنے لگا اور چشمہ بدلوانا پڑا - بہت پریشانی ہوگئی ہے دن بہ دن نظر گر رہی ہے - بابا صاحبؒ نے انہیں تاکید کی اور کہا کہ:

مہندی ایک چھٹانک دہی کے پانی میں حل کرلیں تھوڑا سا سرسوں کا تیل ملا کر تلووں میں لگائیں ، ہفتہ میں ایک  مرتبہ -  تین چار ہفتے تک یہ عمل کریں -

الله کا کرنا ایسا ہوا کہ بچی کی نظر بہت جلدی بحال ہوگئی اور چشمہ بھی اتر گیا - 

پاگل پن

 پاگل پن کا ایک مریض حضور قلندر بابا اولیاؒء کی خدمت میں لایا گیا جس کی حالت بہت خراب تھی ، تھوڑی تھوڑی دیر بعد ہی دماغی حالت بگڑ جاتی تھی -

بابا صاحبؒ نے مریض کو دیکھا اور فرمایاکہ:

 جس کمرے میں مریض رہتا ہے اور سوتا ہے اس کمرے کا رنگ ہرا کردیں ، ہرے رنگ کے پردے لگوادیں چھت میں بھی ہرا رنگ ہونا چاہئے - نمک کم سے کم مقدار میں استعمال کرائیں -

اختلاج قلب

اختلاج قلب کے ایک مریض کو بہت آسان نسخہ  بابا صاحبؒ نے بتایا تھا جس سے وہ تندرست ہوگیا تھا -

 بابا صاحبؒ نے فرمایا کہ:

 سفید چنبیلی کے چار پھول صبح نہار منہ ہتھیلی پر رکھ کر سیدھے ہاتھ کے انگوٹھے سے ملیں اور مصری ملا کر کھا لیں چالیس روز تک استعمال کریں –

پیروں کے پٹھے اور پنڈلیوں کا بے کار ہونا ...    

ایک مرتبہ شام کے وقت ایک صاحب اپنے دو بیٹوں کے ہمراہ تانگے میں آئے اور بابا صاحبؒ کی خدمت میں حاضر ہوئے - عرض کی کہ چار سال ہوگئے پیروں نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے ، ایسا لگتا ہے منجمد ہوگئے ہیں ہر وقت سن رہتے ہیں ، بہت جگہ علاج کروا لیا ہے - کہیں آنا جانا تو دور کی بات ہے بول و براز تک کی محتاجی ہوگئی ہے - بابا صاحبؒ نے انہیں تسلی دی اور علاج بتایا کہ

 آپ کالے تلوں کا تیل اپنے کسی معتبر آدمی کے سامنے نکلوایئے اور یہ تیل آدھ سیر لے کر اس پر ...  کل شیئی یرجع الی اصلهٖ  ... گیارہ ہزار مرتبہ پڑھ کر دم کریں اور یہ تیل کسی بوتل میں کارک لگا کر محفوظ کرلیں -

 

 پڑھنے کا طریقہ یہ ہے کہ ایک نشست میں جتنی بار پڑھ سکیں ( کم از کم ایک ہزار بار پڑھنا ضروری ہے ) پڑھ کر کارک کھول کر بوتل میں پھونک ماردیں اور کارک بند کردیں -اس طرح گیارہ ہزار کی تعداد پوری کرلیں اس کے بعد یہ تیل روزانہ تین ماشہ روٹی پر چپڑ کر کھائیں اور تین تین ماشہ روزانہ ہلکے ہاتھ سے دونوں گھٹنوں پر مالش کریں -  

 دو ہفتوں بعد وہ صاحب آئے تو لاٹھی کے سہارے چلنے لگے تھے - بابا صاحبؒ کا بہت ممنونیت سے شکریہ ادا کرنے لگے کہ سالوں کی محتاجی ختم ہوگئی - بابا صاحبؒ نے انہیں مکمل صحت یابی تک اسی علاج کا مشورہ دیا اور وہ صاحب کچھ عرصے بعد بغیر کسی سہارے کے چلنا شروع ہوگئے -    

لالچ سے پیدا ہونے والے امراض ...  

حضور بابا صاحبؒ کے پاس ایک عورت جس کے پیٹ میں رسولی تھی ، اپنے جوان بیٹے کے سلسلے میں حاضر ہوئیں اور بتانے لگیں کہ بیٹے کی دو سال قبل شادی ہوئی ہے - پہلے وہ کپڑے کی دکان چلاتا تھا اور پیسے مجھے لا کر دیتا -اب امپورٹ ایکسپورٹ کا بزنس کرنے لگا ہے اس کی آمدنی بھی بڑھ گئی ہے لیکن مجھے اب بھی لگے بندھے پیسے دیتا ہے اور باقی روپے اپنے اور اپنی بیوی کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دیتا ہے - میں بیمار رہتی ہوں پیٹ میں رسولی ہے ، بلڈ پریشر بھی رہتا ہے اور عجیب عجیب وسوسے آتے ہیں -آپ مجھے کوئی ایسا وظیفہ بتائیں کہ میرا بیٹا میرے تابع فرمان ہوجائے اور سب پیسے مجھے ہی لا کر دے -

بابا صاحبؒ نے انہیں بہت پیار سے سمجھایا اور بتایا کہ

 آپ کا بیٹا اب بھی فرمانبردار ہے - پیٹ کی رسولی ، بلڈ پریشر اور ذہنی انتشار وغیرہ یہ سب لالچ کے پیدا کردہ امراض ہیں - بیٹے کی طرف سے مطمئن رہیں - آپ شہد لگی روٹی کھائیں انشاء الله جلد ہی تندرست بھی ہوجائیں گی اور پرسکون بھی -   

لیکوریا کا علاج ...

لیکوریا کی ایک پرانی مریضہ کے لئے جو بہت کمزور ہوگئی تھی اور علاج سے فائدہ نہیں ہورہا تھا -  بابا صاحبؒ نے اسے جو علاج تجویز کیا کہ :

انڈوں کے چھلکے اتنے جلائیں کہ وہ سرخ ہوجائیں - کھرل میں ڈال کر باریک پیس لیں - ایک ایک ماشہ صبح دوپہر شام تازہ پانی سے استعمال کریں -

نزلہ ، کانوں میں پیپ آنا ...

  دو نوجوان ایک مرتبہ بابا صاحبؒ کے پاس آئے جب انہیں بابا صاحبؒ سے ملوایا گیا تو بابا صاحبؒ کے پاس دونوں چپ چاپ بیٹھے رہے- پھرایک لڑکا عرض کرنے لگا حضرت میرا دوست کافی سالوں سے بیمار ہے - قلندر باباؒ نے دوسرے لڑکے کے سر پر ہاتھ رکھا تو وہ کہنے لگا حضور کانوں سے پیپ آتی ہے اور مستقل نزلہ رہتا ہے -بابا صاحبؒ نے اسے تسلی دی فرمایاکہ:

بیٹا آپ ٹھیک ہوجائیں گے ، ایسا کریں سونف صاف کرکے دو حصہ کر لیجئے - ایک حصّہ بھون لیں اور ایک حصہ کچا رکھئے - دونوں کو ملا لیجئے - کھانا کھانے کے بعد اس میں سے تین ماشہ کھا لیا کریں اور ٹھنڈا پانی پینا بالکل ترک کردیں –

 کچھ ہفتوں بعد اس لڑکے کا دوست ایک خط لے کر آیا ، بتایا کہ میرا دوست مشرقی پاکستان ( موجودہ بنگلہ دیش ) چلا گیا ہے اس کا خط آیا ہے - خط میں اس نے بابا صاحبؒ کو سلام لکھا اور بتایا کہ اب وہ تندرست ہے -

بال سیاہ کرنا ...  

 بابا صاحبؒ کے پاس جہاں خلقت مسائل کے حل کے لئے آتی وہاں ایسے اشخاص بھی آتے جو کسی علمی نکتے میں اٹکے ہوتے اور اسے سلجھانے کے لئے بات چیت کرتے اور مطمئن ہوکر جاتے تھے - اسی طرح کے ایک صاحب آئے ہوئے تھے -تھیوسوفی پر بات چیت ہورہی تھی ایک سوال بیان کرنے کے بعد مزاحاً کہنے لگے حضور آدھے بال تو سفید ہوگئے ہیں ذہن اس مسئلے میں ایسا الجھا ہے کہ لگتا ہے اسی میں بقیہ بھی سفید ہوجائیں گے - بابا صاحبؒ نے مسکراتے ہوئے فرمایا .. بھئی ہم آپ کو بال سیاہ کرنے کا نسخہ بتادیں گے -

ان صاحب نے یہ سنا تو اشتیاق ظاہر کرنے لگے اور اصرار کرنے لگے - بابا صاحبؒ نے بتایا کہ آپ السی ، رائی اور میتھی کے بیج ہم وزن لے کر کوٹ چھان کر سفوف بنوالیں اور کھانا کھانے کے آدھے گھنٹے کے بعد ایک ماشہ کھا لیا کریں ، چھ ماہ تک استعمال کریں بال سیاہ ہوجائیں گے -

ان صاحب نے یہ نسخہ استعمال کیا تو بال سیاہ ہونے لگے –

 ان کے ایک دوست نے جن کے بال بھی سفید ہورہے تھے معلوم کیا اور سیدھے بابا صاحب کی خدمت میں حاضر ہوئے - عرض کرنے لگے کہ حضرت آپ نے ایک نسخہ بال سیاہ کرنے کا بتایا ہے جس سے میرے دوست کے بال سیاہ ہوگئے ہیں ، وہ نسخہ میں بھی استعمال کرنا چاہتا ہوں مشورہ کے لئے حاضر ہوا ہوں -بابا صاحبؒ نے ان سے فرمایا کہ آپ کے لئے یہ نسخہ زیادہ بہتر رہے گا ، اور نسخہ تجویز فرمایا جس کے استعمال سے چند ماہ میں ان صاحب کے سفید بال بھی سیاہ ہوگئے - 

ہلیلہ سیاہ کوٹ کر سفوف بنوالیں اور ایک ماشہ رات کو سوتے وقت دودھ ، چائے یا پانی کے ہمراہ کھائیں چھ ماہ تک استعمال کریں -

بلڈ پریشر ...

مئی کی شدید گرمیوں میں دروازے پر دستک ہوئی - دروازہ کھولا تو ایک صاحب باہر کھڑے تھے - جن کا چہرہ سرخ ہورہا تھا اور سانس پھولی ہوئی تھی - انہیں فوراً اندر لا کر بٹھایا -جب کچھ اوسان بحال ہوئے تو پانی پلایا اور آنے کی وجہ دریافت کی تو بتانے لگے کہ میں مقامی کالج میں کیمسٹری کا پروفیسر ہوں اور بیمار ہوں - چاہتا ہوں کوئی اچھا مشورہ لے لوں -پروفیسر صاحب کو بابا صاحبؒ سے ملوایا گیا تو تو انہوں نے عرض کیا:

 ایک مرتبہ مجھے دل کا دورہ پڑ چکا ہے اور مستقل بلڈ پریشر رہتا ہے - چل پھر لیتا ہوں یا پڑھانے کے بعد بلڈ پریشر ہائی ہوجاتا ہے اور کھانا نہ کھاؤں تو بلڈ پریشر لو ہوجاتا ہے -  گھٹن اور گرمی میں سانس اکھڑنے لگتی ہے اور دل پھڑکتا ہوا محسوس ہوتا ہے -ایلوپیتھی علاج کروا رہا ہوں مگر مستقل فائدہ نہیں ہورہا - علاج اتنا مہنگا ہے کہ سب پیسے خرچ ہوجاتے ہیں بہت پریشان ہوں -

 بابا صاحبؒ نے پروفیسر صاحب کو جو علاج تجویز کیا وہ بہت ہی سادہ تھا ، علاج کے طور پر بتایا کہ

تربوز کے تازہ بیج روزانہ صبح کو تین تولہ کھائیں -


 

Topics


Huzoor Qalander Baba Aulia R.A (Hayat, Halat, Taleemat..)

Yasir Zeeshan Azeemi

میں نے اس عظیم بندے کے چودہ سال کے شب و روز دیکھے ہیں۔ ذہنی، جسمانی اور روحانی معمولات میرے سامنے ہیں۔ میں نے اس عظیم بندہ کے دل میں رسول اللہ کو دیکھا ہے۔ میں نے اس عظیم بندہ کے من مندر میں اللہ کو دیکھا ہے۔ میں نے اس عظیم بندہ کے نقطۂ وحدانی میں کائنات اور کائنات کے اندر اربوں کھربوں سنکھوں مخلوق کو ڈوریوں میں باندھے ہوئے دیکھا ہے۔میں نے دیکھا ہے کہ کائنات کی حرکت اس عظیم بندہ کی ذہنی حرکت پر قائم ہے۔ اس لئے کہ یہ اللہ کا خلیفہ ہے۔ میں نے اس بندہ کی زبان سے اللہ کو بولتے سنا ہے۔

گفتہ اور گفتہ اللہ بود

گرچہ از حلقوم عبداللہ بود

عظیم بندہ جسے آسمانی دنیا میں فرشتے قلندر بابا اولیاءؒ کے نام سے پکارتے ہیں، نے مجھے خود آگاہی دی ہے۔ ڈر اور خوف کی جگہ میرے دل میں اللہ کی محبت انڈیل دی ہے۔ قلندر بابا اولیاءؒ نے میری تربیت اس بنیاد پر کی ہے کہ یہاں دو طرز فکر کام کر رہی ہیں۔ایک شیطانی طرز فکر ہے جس میں شک، وسوسہ، حسد، لالچ، نفرت، تعصب اور تفرقہ ہے۔