Topics
حضرت لیث بن سعدؒ کہتے ہیں کہ میں نے حج کے لئے پیدل سفر کیا۔ جب مکہ مکرمہ پہنچا تو عصر کی نماز کے وقت جبل ابو قیس پر چڑھ گیا۔ وہاں میں نے ایک صاحب کو دیکھا جو دعائیں مانگ رہے تھے۔ یا رب یا رب اتنی مرتبہ کہا کہ سانس رکنے لگا۔ پھر انہوں نے یارباہ یا رباہ اتنی بار کہا کہ سانس رکنے لگا۔ پھر اسی طرح یا اللہ یا اللہ کہتے رہے کہ دم گھٹنے لگا۔ پھر اسی طرح یا حی یا حی لگاتار کہتے رہے۔
پھر یا رحمٰن یا رحمٰن پھر یا رحیم یا رحیم پھر یا ارحم الراحمین کا ورد کیا۔ اس کے بعد بولے یا اللہ میرا انگوروں کا جی چاہ رہا ہے۔ وہ عطا فرما اور میری چادریں پرانی ہو گئی ہیں۔ لیثؒ کہتے ہیں کہ خدا کی قسم ان کی زبان یہ لفظ پورے نکلے بھی نہیں تھے کہ ان کے سامنے ایک ٹوکری انگوروں سے بھری رکھی دیکھی۔ حالانکہ انگوروں کا موسم نہیں تھا۔ اور ساتھ دو چادریں رکھی ہوئی دیکھی۔ انہوں نے انگورکھانے کا ارادہ کیا تو میں نے کہا میں بھی آپ کا شریک ہوں۔ فرمایا کیسے؟ میں نے کہا جب آپ دعا کر رہے تھے تو میں آمین آمین کہہ رہا تھا۔ فرمانے لگے آؤ کھاؤ لیکن اس میں سے کچھ ساتھ لے جانا۔ میں نے ان کے ساتھ بیٹھ کر انگور کھائے۔ میں نے خوب پیٹ بھر کر کھائے لیکن اس میں کچھ کمی نہ ہوئی۔ پھر انہوں نے فرمایا۔ ان دونوں چادروں میں سے جو تمہیں پسند ہو لے لو۔ میں نے کہا۔
چادر کی ضرورت نہیں ہے۔ فرمایا، ذرا سامنے سے ہٹ جاؤ کہ میں ان کو پہن لوں۔ میں پرے کو ہٹ گیا۔ تو انہوں نے ایک چادر لنگی کی طرح باندھ لی اور دوسری اوڑھ لی اور چادریں پہلے سے پہنے ہوئے تھے ان کو ہاتھ میں لے کر پہاڑ سے نیچے اترے۔ میں پیچھے پیچھے چل دیا۔ جب صفا مروہ کے درمیان پہنچے تو ایک سائل نے کہا۔ رسول اللہﷺ کے بیٹے یہ کپڑا مجھے دیدیجئے۔ اللہ پاک آپ کو جنت کا جوڑا عطا فرمائے۔ آپ نے وہ دونوں چادریں اس کو دے دیں۔ میں نے اس سائل کے قریب جا کر پوچھا۔ یہ کون ہیں؟ اس نے کہا۔ حضرت امام جعفر صادقؒ ہیں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
چار ابواب پر مشتمل اس کتاب کے باب اول میں تمام مقدس مقامات کا تعارف پیش کیا گیا ہے ۔ باب دوئم میں حج وعمرہ کا طریقہ اورباب سوئم میں اراکین حج وعمرہ کی حکمت بیان کی گئی ہے۔جب کہ باب چہارم میں چودہ سوسال میں گزرے ہوئے اورموجودہ صدی میں موجود ایسے مردوخواتین بزرگوں کے مشاہدات وکیفیات جمع کئے گئے ہیں جن کو دوران حج وعمرہ حضورعلیہ الصلوۃ والسلام کا فیض حاصل ہوا ہے اورجن خواتین وحضرات کو خالق اکبر ، اللہ وحدہ لاشریک کا صفاتی دیدارنصیب ہوا۔