Topics

ہمزاد

       

سوال :       ایک محفل میں ہم بہت سے لوگ جمع تھے جو دراصل ایک بزرگ کی زیارت کے شوق میں گئے تھے۔ ایک صاحب نے خواب کے بارے میں پوچھا تو ان بزرگ نے جواب دیا کہ  ’’ انسان جب پیدا ہوتاہے تو اُس کے ساتھ اُس کا ہمزاد بھی ہوتا ہے اور یہ کہ ہمزاد کا تعلق جنات سے ہوتا ہے۔  جو انسان مرنے کے بعد دکھائی دیتا ہے تو اس کی اصل روح نہیں ہوتی، کیونکہ مرنے کے بعد انسان کی روح  ’’علیین‘‘ کے مقام پر چلی جاتی ہے۔ جنات اور انسان کی عمر میں فرق ہے انسان کے مقابلے میں اس کے ہمزاد کی عمرزیادہ ہوتی ہے  چنانچہ مرنے کے بعد جس شخص کو خواب میں دیکھتے ہیں دراصل اس کا ہمزاد ہوتا ہے جو مرنے والے کی شکل اختیار کرکے خواب میں نظر آتا ہے۔  خواب کے بارے میں جو لٹریچر ہم نے پڑھا ہے وہ اس گفتگو کے بر عکس ہے۔ برائے مہربانی اس مسئلے پر روشنی ڈالیں تاکہ دل کو تسلی ہوسکے۔

جواب  :      خواب دراصل لوح محفوظ کا سایہ ہے۔ اللہ تعالی نے قرآن پاک میں ارشاد فرمایا ہے  ’’ہم نے ہر چیز کو جوڑے جوڑے بنایا ‘‘ ۔  چنانچہ ایک سایہ زمین پر پڑتا ہے اور لوح محفوظ کا دوسرا سایہ اس کے بالمقابل آسمان پر پڑتا ہے۔ آدمی بیداری کی حالت میں زمین کے اوپر سایہ کو دیکھتا ہے۔ مثلاًایک مکان کا سایہ، مکان کی صورت میں نظر آتا ہے،  ا یک درخت کا سایہ درخت کی صورت میں نظر آتا ہے،  ایک آدمی کا سایہ آدمی کی صورت میں نظر آتا ہے۔ وغیرہ وغیرہ،

                لیکن خواب میں بالمقابل سایہ کو آسمان کی طرف دیکھتا ہے۔  بیدار ہونے کے بعد یہ سایہ غیب ہوجاتا ہے اس لیے کہ یہ آسمان پر ہوتا ہے اور آسمان جسمانی نگاہ کی گرفت سے باہر ہے۔ ہم جس آسمان کو دیکھتے ہیں ،  یعنی یہ نیلا آسمان جو ہمیں نظر آتا ہے آسمان نہیں ہے بلکہ حد نگاہ ہے۔  ان بزرگ کا یہ فرمانا کہ انسان کا ہمزاد جنات کی نوع سے تعلق رکھتا ہے، ہمیں سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ جنات کا ہمزاد کس نوع سے متعلق ہے، اس لیے کہ انسان کے ہمزاد کی طرح جنات کا بھی ہمزاد ہوتا ہے۔

                تصوف نے انسانی ساخت کو تین حصوں میں تقسیم کیا ہے۔  روح اعظم،  روح انسانی،  روح حیوانی ان تین حصوں کے اصطلاحی نام ہیں۔ نسمہ مطلق،  نسمہ مفرد  او ر  نسمہ مرکب۔  نسمہ مرکب یعنی روح حیوانی کو ہمزاد کہتے ہیں۔  ہمزاد جب لوح محفوظ کے سایہ کو زمین پر دیکھتا ہے تو اسے بیداری اور جب اسی سایہ کو آسمان پر دیکھتا ہے تو خواب کا نام دیا جاتا ہے۔  ہمزاد دراصل روشنیوں سے مرکب ایک مکمل انسان ہے جو گوشت پوست کے جسم کے اوپر محیط ہے۔


 

Topics


Usoloo


ان کالم میں قارئین کے جسمانی، معاشی اور معاشرتی مسائل کے علاوہ بہت ہی زیادہ علمی اور تفکر طلب سوالات بھی ہوتے تھے۔ جن میں پیراسائیکالوجی کے ٹاپک پربہت سے سولات ہیں۔ میں نے ان کالمز میں سے تقریباَ  125  سوالات جوکہ پیراسائیکالوجی اور علمی نوعیت کے تھے کو الگ کرکے کتابی صورت دی۔ تاکہ یہ علمی ورثہ ماضی کی تہہ میں دفن نہ ہوجائے ، علم دوست لوگوں تک ان کو پہنچایا جائے اور مرشد کریم کے علوم کا ذخیرہ محفوظ ہوسکے۔