Topics

جنسی تبدیلی

        

سوال  :   پچھلے دنوں پیران پیر شیخ  ؒعبدالقادر کے حالات زندگی پڑھتے ہوئے آپ کی ایک کرامت نظر سے گزری،  وہ کرامت اس طرح سے کہ ایک شخص نے حاضر خدمت ہوکر اولاد نرینہ کے لیے درخواست کی ، حضرت شیخ  ؒنے دعا فرمائی لیکن اس کے ہاں لڑکے کی بجائے لڑکی پیدا ہوئی،  وہ لڑکی کولے کر شیخ  ؒکی خدمت میں آیا اور سارا حال بیان کیا،  شیخ  ؒنے کہا اس کو کپڑے میں لپیٹ کر لے جا اور دیکھ پردہ غیب سے کیا ظہور میں آتا ہے۔  اِ س نے گھر جا کر دیکھا تو وہ لڑکا تھا۔ یہ کرامت پڑھ کر میرا ذہن آئے دن ہونے والے جنسی تبدیلی کے واقعات کی طرف چلا گیا، اس کرامت اور ان واقعات میں فرق یہ ہے کہ عام تبدیلی بتدریج واقع ہوتی ہے لیکن حضرت شیخ  ؒ کے واقعہ میں فوراً واقع ہوگئی۔ کیا آپ روحانی نقط نظر سے اس کرامت کی توجیہہ بیان کریں گے کہ یہ تصرف کیونکر ممکن ہے؟

جواب  :  قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ ’’ہم نے تخلیق کیا ہر چیز کو جوڑے اور  دوہرے‘‘  اس آیت کی روشنی میں فارمولہ یا Equation یہ بنی کہ ہر فرد دو پرت سے مرکب ہے،  ایک پرت ظاہر رہتا ہے اور دوسرا چھپا اور مغلوب رہتا ہے، عورت بھی دو رُخوں سے مرکب ہے اور مرد بھی دو رُخوں سے مرکب ہے۔  عورت میں ظاہر رُخ وہ ہےجو صنف لطیف کے خدوخال میں جلوہ نما ہو کر ہمیں نظر آتا ہے اور باطن رُخ وہ ہے جو ہماری ظاہری آنکھوں سے پوشیدہ ہے۔  اِس طرح مرد کا ظاہری رُخ وہ ہے جو مرد کے خدوخال میں نظر آتا ہے اور باطنی رُخ وہ ہے جو ہمیں نظر نہیں آتا،  اِس کی تشریح یہ ہوئی کہ مرد کے ظاہر رُخ کا متضاد باطن رُخ عورت مرد کے ساتھ لپٹا ہوا ہے، اور عورت کے ظاہر رُخ کے ساتھ اس کا متضاد باطن رُخ مردچپکا ہوا ہے۔

                جنسی تبدیلی کے واقعات بھی اِسی فارمولے کی بنیاد پر وقوع پذیر ہوتے ہیں،  ہوتا یہ ہے کہ باطن رُخ کی تحریکات اتنی زیادہ سریع الثیر اور غالب ہوجاتی ہے کہ ظاہری رُخ کی اپنی تحریکات معدوم ہوجاتی ہیں، یہ تبدیلی اسِ طرح واقع ہوتی ہے کہ مرد کے اندر عورت کا باطن رُخ غالب ہوجاتا ہے اور ظاہر رُخ مغلوب ہوجاتا ہے نتیجہ میں کوئی مردعورت بن جاتا ہے اور کوئی عورت مرد بن جاتی ہے۔

                صاحب بصیرت اور صاحب تصوف بزرگ اس قانون کو جانتے ہیں اور اِس کے لیے تخلیقی فارمولوں میں رد وبدل کرنا پڑتا ہے۔ کیونکہ وزیر حضوری حضرت پیر دستگیر رحمۃ اللہ علم لدّنی کے ماہر ہیں اور انہیں کائنات میں جاری وساری قوانین کا علم حاصل ہے،  اس لیے جب انہوں نے لڑکی کے لیے ارشاد فرمایا کہ یہ لڑکا ہے تو دراصل انہوں نے تصرف کرکے لڑکی کے اندر موجود باطن رُخ مرد کو غالب کردیا اور وہ لڑکی سے لڑکا بن گئی۔

Topics


Usoloo

Khwaja Shamsuddin Azeemi


ان کالم میں قارئین کے جسمانی، معاشی اور معاشرتی مسائل کے علاوہ بہت ہی زیادہ علمی اور تفکر طلب سوالات بھی ہوتے تھے۔ جن میں پیراسائیکالوجی کے ٹاپک پربہت سے سولات ہیں۔ میں نے ان کالمز میں سے تقریباَ  125  سوالات جوکہ پیراسائیکالوجی اور علمی نوعیت کے تھے کو الگ کرکے کتابی صورت دی۔ تاکہ یہ علمی ورثہ ماضی کی تہہ میں دفن نہ ہوجائے ، علم دوست لوگوں تک ان کو پہنچایا جائے اور مرشد کریم کے علوم کا ذخیرہ محفوظ ہوسکے۔