Topics

گانا بجانا


خوشی انسان کے لئے ایک طبعی تقاضا اور فطری ضرورت ہے۔ اسلام یہ نہیں چاہتا کہ مسلمان مصنوعی وقار، غیر فطری سنجیدگی، مردہ دلی اور افسردگی سے قوم کے کردار کی کشش کو ختم کر دیں۔ اسلام چاہتا ہے کہ مسلمان بلند حوصلوں، نت نئے ولولوں اور نئی نئی امنگوں کے ساتھ تازہ دم رہ کر اپنا وقار بلند رکھیں۔

قوم کے کسی فرد کو علم و فضل میں کمال حاصل ہو، کوئی عزیز دوست یا رشتہ دار دور دراز کے سفر سے واپس آئے، کوئی معزز مہمان آپ کے گھر میں رونق افروز ہو، شادی بیاہ یا بچے کی ولادت کی تقریب ہو، کسی عزیز کو اللہ تعالیٰ صحت عطا کریں، کوئی خبر ایسی ہو جس میں اسلام کی فتح و نصرت کی خوش خبری ہو، کوئی تہوار ہو تو ایسے تمام مواقع پر بھرپور خوشی کا اظہار کرنا ایک مسلمان پر فرض ہے۔ اسلام نہ صرف خوش رہنے اور خوشی منانے کی اجازت دیتا ہے بلکہ اس کو عین دینداری قرار دیتا ہے۔

حضرت عائشہ صدیقہؓ فرماتی ہیں کہ عید کا دن تھا۔ کچھ کنیزیں بیٹھی اشعار گا رہی تھیں کہ اسی دوران حضرت ابو بکرؓ تشریف لے آئے۔ بولے۔ ’’نبیﷺ کے گھر میں یہ گانا بجانا کیسا؟‘‘

نبئ برحق صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا۔ ’’ابو بکر! رہنے دو۔ ہر قوم کے لئے تہوار کا ایک دن ہوتا ہے اور آج ہماری عید کا دن ہے۔‘‘
ایک مرتبہ تہوار کے دن کچھ حبشی بازیگر کرتب دکھا رہے تھے۔ آپﷺ نے یہ کرتب خود بھی دیکھے اور حضرت عائشہؓ کو بھی دکھائے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے ان بازیگروں کو شاباش بھی دی۔

خوش رہنا اور دوسروں کو خوش رکھنا مسلمان کا اخلاقی کردار ہے۔ مسلمان کی یہ شان ہے کہ وہ خوشی میں بھی اسلامی و روحانی ذوق اور حفظ مراتب کا خیال رکھتا ہے۔ جب اسے خوشی ملتی ہے تو اس بندہ کا صدق دل سے شکر ادا کرتا ہے۔ خوشی کے ہیجان میں ایسا کوئی عمل یا رویہ اختیار نہیں کرتا جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات کے خلاف ہو۔ ہر حال میں اعتدال کا راستہ اس کے سامنے رہتا ہے۔

 خوشی میں وہ اتنا مست و بے خود نہیں ہو جاتا کہ اس سے فخر و غرور کا اظہار ہونے لگے، نیاز مندی اور بندگی کے جذبات دبنے لگیں۔


 

Topics


Tajaliyat

خواجہ شمس الدین عظیمی

دنیا کا ہر فرد اپنی حیثیت کے مطابق آپ ّ کی منورزندگی کی روشنی میں اپنی زندگی بہتر بناسکتاہے ۔ قرآن نے غوروفکر اورتجسس وتحقیق کو ہر مسلمان کے لئے ضروری قراردیا ہے ۔ اس حکم کی تعمیل میں عظیمی صاحب نے قرآن کی آیات اورحضورصلی اللہ علیہ وسلم  کی احادیث مبارکہ پر غوروفکر فرمایا اورروحانی نقطہ نظر سے ان کی توجیہہ اورتفسیر بیان فرمائی ہے جو کہ "نورالہی نورنبوت" کے عنوان سے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے ادارتی صفحات کی زینت بنتی ہے ۔ کتاب " تجلیات" اس مستقل کالم میں سے چند کالمز کا مجموعہ ہے ۔

انتساب

ان سائنسدانوں کے نام

جو پندرہویں(۱۵) صدی ہجری میں

موجودہ سائنس کا آخری عروج

دُنیا کی تباھی

دیکھ کر ایک واحد ذات خالق کائنات

اللہ کی تجلی کا

عرفان حاصل کر لیں گے۔