Topics

سعید روحیں


برائیوں کو مٹانے کی جدوجہد اور بھلائیوں کی ترغیب ہی وہ عمل ہے جو ہمارے وجود کا ضامن ہے۔ اس میں کوتاہی کا نتیجہ تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں۔ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

ترجمہ: تم بہترین امت ہو جو سارے انسانوں کے لئے وجود میں لائی گئی ہے۔ تم بھلائی کا حکم دیتے ہو اور برائی سے روکتے ہو اور خدا پر کامل ایمان رکھتے ہو۔‘‘ (آل عمران)

لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی غور کرنا ہو گا کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ ہم جس غلط روش سے لوگوں کو بچنے کی تلقین کر رہے ہیں اور اس کے برے نتائج سے انہیں خبردار کر رہے ہیں، ہم خود دانستہ یا نا دانستہ طور پر اسی راہ پر چل رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اس طرز عمل کی نشاندہی اس طرح کی ہے کہ

’’کیا تم لوگوں کو نیکی کی تلقین کرتے ہو اور خود کو بھول جاتے ہو۔‘‘(البقرہ)

اور
’’تم وہ بات کیوں کہتے ہو جو کرتے نہیں ہو۔‘‘ (المصف)

اللہ کے راستے کی طرف دعوت دینے میں ہماری بات میں اسی وقت تاثر پیدا ہو گا جب ہم خود اس دعوت اور تعلیم کا نمونہ ہوں اور ہمارا رابطہ اللہ کے ساتھ ویسا ہی ہوجو ایک حقیقی بندے کا اپنے رب سے ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس ربط کے حصول کا طریقہ حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ و سلم کو یہ بتایا ہے:

ترجمہ:’’اے چادر میں لپٹنے والے! رات میں ’’قیام‘‘ کیجئے مگر کچھ رات، آدھی رات یا اس سے کچھ کم یا کچھ زیادہ اور قرآن کو ٹھہر ٹھہر کو پڑھیئے ہم  جلد آپ پر ایک بھاری فرمان ڈالنے والے ہیں۔‘‘ (المزمل)

قیام کا مطلب یہ ہے کہ بندہ اپنے رب کی قربت پر قائم ہو کر اس سے ایسا ربط پیدا کرے کہ اس کی زندگی کا ہر عمل اللہ کی ذات سے وابستہ ہو جائے اور وہ اللہ تعالیٰ کو پہچان لے۔

جب بندہ اپنے رب سے حقیقی تعلق کو قائم کر لیتا ہے تو وہ غم اور خوف سے نجات حاصل کر کے سکون اور اطمینان کی تصویر بن جاتا ہے۔ اب جب وہ کوئی بات کہتا ہے اور کسی بات کی دعوت دیتا ہے تو باضمیر لوگ اور سعید روحیں اس کی آواز پر لبیک کہتی ہیں۔

Topics


Tajaliyat

خواجہ شمس الدین عظیمی

دنیا کا ہر فرد اپنی حیثیت کے مطابق آپ ّ کی منورزندگی کی روشنی میں اپنی زندگی بہتر بناسکتاہے ۔ قرآن نے غوروفکر اورتجسس وتحقیق کو ہر مسلمان کے لئے ضروری قراردیا ہے ۔ اس حکم کی تعمیل میں عظیمی صاحب نے قرآن کی آیات اورحضورصلی اللہ علیہ وسلم  کی احادیث مبارکہ پر غوروفکر فرمایا اورروحانی نقطہ نظر سے ان کی توجیہہ اورتفسیر بیان فرمائی ہے جو کہ "نورالہی نورنبوت" کے عنوان سے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے ادارتی صفحات کی زینت بنتی ہے ۔ کتاب " تجلیات" اس مستقل کالم میں سے چند کالمز کا مجموعہ ہے ۔

انتساب

ان سائنسدانوں کے نام

جو پندرہویں(۱۵) صدی ہجری میں

موجودہ سائنس کا آخری عروج

دُنیا کی تباھی

دیکھ کر ایک واحد ذات خالق کائنات

اللہ کی تجلی کا

عرفان حاصل کر لیں گے۔