Topics
سوال: بڑی سوچ بچار کے بعد آپ کو خط لکھ رہی ہوں۔ پتہ نہیں میرے خط کا جواب ملتا بھی ہے یا نہیں۔ کیونکہ میں آپ کو بار بار خط نہیں لکھ سکتی۔ یہاں نزدیک کوئی ڈاک خانہ نہیں ہے۔ خط ڈالنے کافی دور جانا پڑتا ہے۔
مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے گھر میں سب چڑچڑے اور غصے والے ہیں۔ ذرا ذرا سی بات پر جھنجلا اٹھتے ہیں۔ غصہ ہمیشہ ناک پر دھرا رہتا ہے۔ کوئی ایسی دعا بتا دیں کہ گھر والوں میں نرمی اور شگفتگی پیدا ہو جائے۔
جواب: صبح سورج طلوع ہونے سے قبل ایک بار بسم اللہ الرحمٰن الرحیم یا ودود پڑھ کر پانی پر دم کر کے ایک ایک گھونٹ نہار منہ سب گھر والوں کو پلا دیں۔ یہ عمل 21روز تک جاری رکھیں۔ ایک کام یہ کریں کہ گھر والوں کے ساتھ آپ نہایت نرمی اور شفقت سے بات کریں۔ وہ کھردرے لہجے میں بھی بات کریں تب بھی آپ اپنی روش نہ چھوڑیں۔ چند ہفتوں کی احتیاط سے انشاء اللہ پورے گھر کا ماحول تبدیل ہو جائے گا۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔