Topics

باغ میں پھول۔ نگاہ کی پاکیزگی

سوال: آپ کی بڑی عنایت ہو گی اگر آپ روحانی ڈائجسٹ میں اس کا حل تجویز فرمائیں۔

میرا مسئلہ یہ ہے کہ بچپن سے ہی میرا دل اور نگاہ رشتوں کے احترام سے عاری ہے۔ میں کسی بھی مرد حتیٰ کہ کسی بوڑھے شخص سے لے کر کسی کم عمر لڑکے سے بھی نگاہ ملا کر بات کرنے سے قاصر ہوں۔ اگرچہ میں عبادت گزار ہوں اور بہترین صلاحیتوں کی مالک ہوں لیکن اس تکلیف دہ خصلت نے میری صلاحیتوں کو زنگ آلود کر دیا ہے۔ اس وجہ سے میں کہیں آنے جانے سے قاصر ہوں۔

عظیمی صاحب! آپ کوئی ایسا وظیفہ یا دعا تجویزفرمائیں جس سے مجھے نگاہ میں پاکیزگی اور دل میں صفائی اور سکون حاصل ہو سکے۔ 

میں ہر مہینے روحانی ڈائجسٹ اس امید سے کھولتی ہوں کہ کبھی تو میرے مسئلے کا حل شائع ہو گا۔

جواب: چاندی کا ایک چھوٹا سا کٹورہ بنوائیں۔ رات کو اس میں پانی بھر کر چاندی کی انگوٹھی ڈال دیں۔ صبح سب کاموں سے فارغ ہونے کے بعد وضو کر کے چاندی کی انگوٹھی نکال لیں اور کھڑی ہو کر تین گھونٹ میں پانی پی لیں۔ پانی پیتے وقت منہ شمال کی طرف کر لیں۔

رات کو سونے سے پہلے 100بار ومن كل شئ خلقنا زوجين اثنين پڑھ کر آنکھیں بند کر کے یہ تصور کریں کہ میں باغ میں ہوں جہاں ہر طرف پھولوں کے تختے ہیں۔ یہ تصور دس منٹ تک کریں۔ عمل کی مدت چالیس دن ہے۔


Topics


Roohani Daak (4)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔