Topics

درد سر اور گھر کا سکون

سوال: میری عمر بیس سال ہے۔ صوم و صلوٰۃ کی پابند ہوں کبھی کبھی قرآن شریف بھی پڑھتی ہوں اور سورہ یٰسین روز صبح کے وقت نماز کے بعد پڑھتی ہوں۔ مسئلہ یہ ہے کہ ایک ہفتہ قبل میرے سر میں شدید قسم کا درد ہوا۔ ڈاکٹر کو دکھایا کوئی افاقہ نہیں ہوا۔ 

سر درد کے ساتھ کانوں میں عجیب سی آوازیں سنائی دیتی ہیں جیسے کہ سیٹیاں بج رہی ہوں یا کوئی مشین چل رہی ہو۔ سر بھاری بھاری لگتا ہے۔ چکر بہت آتے ہیں۔ ہاتھوں پیروں میں بھی درد رہتا ہے۔ آپ کو بڑی امید کے ساتھ خط لکھ رہی ہوں۔ آپ کوئی آسان سا وظیفہ تحریر کر دیجئے اور میری مشکل کو حل کر دیجئے۔ دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے گھر میں سکون نہیں ہے۔ آئے دن کوئی نہ کوئی بیمار رہتا ہے۔ سارا روپیہ دوائیوں پر خرچ ہوتا ہے۔ امی بھی بیمار رہتی ہیں اور ان کے الٹے ہاتھ کی نس میں درد رہتا ہے۔ آپ سے التماس ہے کہ ہمارے لئے دعا کریں کہ ہمارے گھر میں سکون ہو جائے اور دوائیوں سے نجات مل جائے۔

جواب: صبح، شام، رات ایک ایک بار سورہ فلق پڑھ کر پانی پر دم کر کے پئیں۔ یونانی علاج کرائیں۔ ہر جمعرات کو دو روپے خیرات کریں۔ منگل کے روز ایک آدمی کو کھانا کھلائیں۔ گھر میں بازار کا پسا ہوا نمک اور بازار کا پسا ہوا مصالحہ استعمال نہ کیا جائے۔ بارہ گھنٹے سے زیادہ فرج میں رکھی ہوئی کوئی چیز نہ کھائیں۔ 


Topics


Roohani Daak (4)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔