Topics
سوال: مجھے پتہ ہے کہ آپ کی مصروفیات بہت زیادہ ہیں۔ اس لئے یہ کہوں گی خط ردی کی ٹوکری کی نذر ہو گیا۔ مجھے خدا پر بھروسہ ہے۔ اگر اللہ نے چاہا تو میرے خط کا جواب ضرور ملے گا۔
میرا مسئلہ یہ ہے کہ مجھے حوروں والے عمل کی اجازت دیجئے۔ یہ بھی بتایئے کہ کس وقت کرنا ہے، کیا پڑھنا ہے اور کس طرح کرنا ہے۔
دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ میرا بچہ اکثر بیمار رہتا ہے۔ آئے دن کھانسی، بخار میں مبتلا رہتا ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ وہ بھی خوبصورت اور صحت مند ہو جائے۔ اس کے لئے بھی کچھ پڑھنے کے لئے بتائیں۔ اس کی عمر ایک سال ہے لیکن بہت کمزور ہے۔
جواب: صبح فجر کی اذان کے بعد 100بار درود خضری 100بار یا حی یا قیوم پڑھ کر آنکھیں بند کر کے بیٹھ جائیں اور یہ تصور کریں کہ
میں جنت میں ہوں
یہ عمل کرتی رہیں۔ جب ایک یا زیادہ حوروں سے جنت میں ملاقات ہو، ان سے خوبصورتی کا راز معلوم کریں۔ ساتھ ہی ان سے بچے کی صحت کے متعلق سوال کریں۔ وہ جو کچھ بتائیں پڑھ کر بچے پر دم کریں۔ کمزوری دور کرنے کے لئے دھوپ میں لٹا کر زیتون کے تیل کی مالش پورے جسم پر کریں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔