Topics

اداسی چھائی رہتی ہے

سوال: میری ساری جسمانی طاقت ختم ہو کر رہ گئی ہے، سوکھ کر کانٹا ہو چکا ہوں۔ گال پچک چکے ہیں۔ جسم پر کھال اور ہڈیوں کے سوا کچھ بھی نہیں۔ دل پر ہر وقت اداسی چھائی رہتی ہے۔ سب سے زیادہ فکر جو مجھے اندر ہی اندر کھائے جا رہی ہے وہ یہ ہے کہ میں اب شادی کے قابل نہیں رہا۔ جس کی وجہ سے ہر وقت دل و دماغ ماؤف رہتا ہے۔ میری عمر 22سال ہے۔ گھر پر اکثر میری شادی کا تذکرہ ہوتا ہے جسے سن سن کر میں اور پریشان ہوتا ہوں۔ یار دوست رشتہ دار سب ہی میرے اس انتہائی دبلے پن کا پوچھتے ہیں اور طرح طرح کی باتیں کرتے ہیں۔ اسی لئے میں لوگوں سے ملنے سے گھبراتا ہوں۔ میرے لئے زندگی میں اب کوئی کشش باقی نہیں رہی۔ میں بہن بھائیوں میں سب سے بڑا ہوں اسی لئے میرے والدین کو مجھ سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ مجھے کوئی ایسا موثر روحانی علاج بتا دیں جس کو کرنے سے میں صحت یاب ہو جاؤں۔ 

جواب: رات کو سونے سے پہلے غسل کر کے وضو کریں اور مصلیٰ پر بیٹھ کر 100بار کلمہ شہادت پڑھیں اور پندرہ منٹ تک سبز روشنی کا مراقبہ کریں اور مراقبہ کرتے کرتے سو جائیں۔ کھانوں میں گوشت اور انڈے سے پرہیز کریں۔ ترکاریاں اور دالیں کھائیں۔ کثرت سے وضو یا بغیر وضو یَاحَیُّ یَا قَیُّوْمُ کا ورد کریں۔ 


Topics


Roohani Daak (4)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔