Topics

گریجویٹ ۔راتوں کو نیند نہیں آتی۔وظائف

سوال: میرے ابو نہایت شریف، پانچ وقت کے نمازی اور روزہو زکوٰۃ کے پابند ہیں اور آج کل پڑوس کی مسجد میں امامت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ میرے ابو نے بڑی تکلیف اٹھا کر ہمیں پڑھایا لکھایا ہے۔ میں گریجویٹ ہوں اور چار سال سے روزگار کی تلاش میں ہوں۔ میرا بڑا بھائی مکینک ہے۔ لیکن وہ بھی معاشی طور پر پریشان رہتا ہے اور اس کے بچے ہمیشہ بیمار رہتے ہیں۔ اتنی تعلیم ہوتے ہوئے بھی میں  دربدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہوں۔ اب میں اتنا کمزور دل ہو گیا ہوں کہ اللہ کا نام بھی گھبراتے ہوئے لیتا ہوں۔ 

راتوں کو نیند نہیں آتی۔ ہر آدمی تنقید کرتا ہے۔ میرے لئے دعا کریں کہ مجھے روزگار مل جائے۔

جواب: آپ کے والدصاحب وظیفے پڑھتے ہیں۔ ان وظیفوں کی روشنی کا ہجوم ان کے دماغ میں اتنا زیادہ ہو گیا ہے کہ دنیا کی دنیاداری سے وہ خود بیزار رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا اور معاش کے حصول میں ان کی کوششیں ناقص رہتی ہیں۔ اولاد کے اوپر اس کا اثر اس لئے مرتب ہوتا ہے کہ اولاد کا نقش بہت گہرا ہے۔ یہ گہرا نقش اولاد کی صلاحیتوں کو بھی متاثر کرتا ہے۔ اس کا علاج یہ ہے کہ والدصاحب اپنی اولاد کی ترقی اور خوشحالی کے لئے یہ ایثار کریں کہ وظیفے پڑھنا چھوڑ دیں۔ 


Topics


Roohani Daak (4)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔