Topics
فرض
کریں کسی محفل میں سو ایسے افراد موجود ہیں جن میں دس افراد اعلیٰ تعلیم یافتہ،
مفکر اور سائنسدان ہیں جب کہ باقی نوے آدمی غیر تعلیم یافتہ ہیں۔ تو محفل کی توجہ
تعلیم یافتہ افراد کو حاصل ہو جائے گی۔ یہ دس افراد دوسروں کی بہ نسبت دنیا کے کسی
بھی ملک میں باآسانی آمدورفت کر سکتے ہیں۔ ہر ترقی یافتہ ملک ہنسی خوشی ان کو
امیگریشن دے دے گا۔ علم و فضل کی بناء پر ہر جگہ ان کوعزت وتکریم حاصل ہوگی۔
اب
باقی نوے آدمیوںکو دیکھیں ۔ وہ مالی
اعتبار سے کتنی ہی ترقی کرلیں۔ گھر بنالیں، پیسہ اور بینک بیلنس کا ڈھیر لگادیں ان
کودس علم دوست آدمیوں پر ایسی فضیلت کبھی حاصل نہ ہو سکے گی۔ حالانکہ تعداد میں وہ
نو گنا زیادہ ہیں اور ان کے پاس وسائل کی بھی کثرت ہے۔ اگر ان 90 آدمیوں کو کوئی
ترقی کا کام کرنا ہے تو وہ مجبورہیں کہ ان دس آدمیوں کا تعاون حاصل کریں۔ چنانچہ
جس آدمی کے پاس علم ہوگا چاہے وہ دنیاوی علم ہو یا روحانی اسے دیگر لوگوں پر برتری
حاصل ہوجائےگی۔ اگر کسی کے پاس دنیاوی علم ہے تو وہ دنیاوی معاملات میں ممتاز ہے
جب کہ روحانی علوم حاصل کرنے والا بندہ تمام دنیا وی علوم حاصل کرنے والے بندوں سے
افضل ہے۔
اس
سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ اگر انسان دنیا میں باعزت ہے۔اسے دیگر مخلوق پر شرف اور
فضیلت حاصل ہے۔ تو اس کی بنیاد صرف اور صرف علم ہے۔
اللہ
تعالیٰ کے محبوب سیدنا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے قبل ایک لاکھ چوبیس ہزار
پیغمبر دنیا میں تشریف لائے۔ غور فرمائیےجب سے دنیا قائم ہے۔ اربوں کھربوں کی
تعداد میں لوگ پیدا ہوتے رہے۔ اپنی زندگی کے شب و روزپورے کرتے اورآخر کار انتقال
کرتے رہے۔ یہ سلسلہ ابتداء سے جاری ہے اور قیامت تک جاری رہےگا۔
دنیا
کی ابتداء سے اربوں کھربوں کی تعداد میں جنم لینے والے انسانوں کےمقابلے میں ایک
لاکھ چوبیس ہزار پیغمبروں کی تعداد انتہائی کم ہے۔ لیکن تمام پیغمبروں کو نوع
انسانی کی کل تعداد پر ہمیشہ برتری حاصل رہےگی اس لئے کہ تمام پیغمبران علیہم
السلام اللہ تعالیٰ کے عطا کردہ علوم کے حامل تھے۔
پیغمبران
علیہم السلام میں سے کسی پر صحائف اُترے، کسی پر کتابیں اُتریں۔ حضرت موسیٰؑ پر
تورات اُتری۔حضرت داؤد پر زبور کا نزول ہوا اور حضرت عیسیٰؑ پر انجیل نازل ہوئی۔یہ
تمام صحائف اور کتب سماوی اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پیغمبروں کو وہ علوم حاصل
ہیں جو نوع انسانی کی اکثریت کو حاصل نہیں ہیں۔
سب
سے آخر میں سیدنا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام تشریف لائے۔ غارِ حرا میں مراقبہ کے
دوران ایک دن جبرائیل ظاہر ہوئے اور کہا "پڑھ اپنے رب کے نام سے جس نے تجھے
پیدا کیا"۔
آپ
دیکھئے یہاں بھی علم کا ہی تذکرہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کا نوع انسانی پر یہ عظیم احسان
ہے کہ محبوب ربُ العالمین ؐ کے ذریعے یہ
علم کتابی صورت میں ہمارے سامنے آگیا۔جس کو ہم قرآن پاک کہتے ہیں۔جب بھی
انسان کی زندگی پر غور کیا جائے گا اور اس کا شرف تلاش کیا جائے گا تو یہی بات
سامنے آئےگی کہ انسان کا شرف "علم" ہے۔ مسلمانوں کی موجودہ زبوں حالی
اور ابتری کی وجہ بھی یہی ہے کہ مسلمان کے اندر علم سیکھنے کا جذبہ ختم ہو گیا۔ جس
طرح آج غیر مسلم اقوام میں علمی، سائنسی ، معاشرتی اور معاشی ترقی ہے اور ان کے
ہاں ہر روز نت نئی سائنسی ایجادات سامنے آتی رہتی ہیں اسی طرح آج سے بارہ سو سال
پہلے مسلمان نئی نئی ایجادات کرتے تھے اور اسی بنیاد پر ساری دنیا پر حکمران تھے۔
جب
مسلمان علم سے دور ہوتے گئے تو مغربی دنیا نے ان کے علوم کو سیکھنا شروع کیا۔ بسا ط
اُلٹ گئی۔مسلمان مفلوک الحال ہوتے گئے اور غیر مسلم حکمران ہوتے گئے ۔ آج ہم محکوم
ہیں اور غیر مسلم حاکم۔۔۔آپ تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں دنیا کا وہ کونسا خطہ ہے جہاں
اسلام کا پیغام نہیں پہنچا۔ جبکہ آج یہ صورتحال ہے کہ کوئی ایسا خطہ نہیں جہاں
مسلمان ذلیل و خوار نہیں ہورہے ہِں۔ اس وقت مسلمانوں کی ابتری کی جو بنیادی وجہ ہے
وہ صرف یہ ہے کہ مسلمانوں نے اپنے اسلاف کے روحانی ورثےکی طرف سے آنکھیں بند کرلی
ہیں۔
قرآن
پاک ایک ایسی کتاب ہے جس میں دنیاوی ، سائنسی ، کائناتی ، تخلیقی ، معاشرتی ،
معاشی اور روحانی علوم موجود ہیں لیکن ہم نے اس میں تفکر کرنا چھوڑ دیا ۔غوروفکر
کے دریچوں کو اپنے اوپر بند کرلیا۔ نتیجہ یہ ہے کہ قرآن ہمارے پاس موجود ہے مگر ہم
اس سے کوئی فائدہ نہیں اُٹھا رہے ہیں۔
Khwaja Shamsuddin Azeemi
روحانی
ڈائجسٹ میں شائع شدہ وہ مضامین جو ابھی تک کتابی شکل میں موجود نہیں تھے مراقبہ
ہال عجمان متحدہ عرب امارات کے اراکین نے ایک کتابی شکل دینے کی سعادت حاصل کی ہے۔اللہ تعالیٰ تمام اراکین
اس کاوش کو قبول فرمائے اور ہمیں الٰہی مشن کی فروغ میں مزید توفیق و ہمت عطا
فرمائے۔