Topics

رمضان المبارک


قرآن پاک جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے نوع انسانی کو عطا کردہ ضابطہ حیات ہے۔ جس میں ایک فرد کے لئے، ایک ملت کے لئے حتیٰ کہ پوری نوع انسانی کے لئے زندگی کی ابتدا سے لے کر انتہا تک ہر ہر مرحلہ کے لئے رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔ یہ ایک عظیم کتاب ہے جو نہ صرف مذہبی، سماجی، معاشی، اخلاقی، قانونی، سیاسی، حربی شعبو ں میں رہبری کرتی ہے بلکہ سائنسی اور روحانی شعبوں میں بھی ہر قدم پر رہنمائی کرتی ہے۔ یہ عظیم خالق کا عطا کردہ وہ کلام ہے جو ایک انسان کو کائنات کی ساخت پر تفکر کی دعوت دیتا ہے۔ نہ صرف دعوت دیتا ہے بلکہ لبّیک کہنے والوں پر نئے نئے اسرار و رموز آشکار کرتا ہے۔ یہ کتاب کائناتی فارمولوں کی دستاویز ہے اور اس دستاویز کا نزول رمضان المبارک کے مقدس اور محترم مہینے میں شروع ہوا۔

انسان کامل، محبوب خدا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم پر پہلی وحی غارِ حرا میں طویل ریاضتوں اور مراقبوں کے بعد رمضان المبارک کی ایک انتہائی متبرک شب میں نازل ہوئی۔ جب اللہ تعالیٰ کے نمائندہ حضرت جبرائیل علیہ السلام اللہ تعالیٰ کی طرف سے علم کی تلقین اور تخلیق کا ایک فارمولا ایک ساتھ لے کر حضور علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ شب قدر میں جب قرآن کا نزول شروع ہوا تو پہلے روز حضرت جبرائیل علیہ السلام نے سورہ علق کی ابتدائی چار آیتیں حضور اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو سنائیں۔

اقراء باسم ربک الذی خلق، خلق الانسان من علقo اقراء وربک الاکرم o الذی علم بالقلم o پڑھیے اپنے رب کے نام سے جس نے (سب کچھ) پیدا کیا جس نے انسان کو جمے ہوئے خون سے پیدا کیا۔ آپ پڑھیے۔ اور آپ کا رب ہی سب سے بڑا کریم ہے۔ جس نے قلم کے ذریعے لکھنا سکھایا۔

رمضان المبارک کی پھر آمد آمد ہے۔ اس مہینے میں جہاں امت مسلمہ صوم و صلوٰۃ و نوافل کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی زیادہ سے زیادہ عبادت کرکے اجر و ثواب کی مستحق بننے کی کوشش کرتی ہے۔ وہاں پوری امت کو اپنے مالک، اپنے خالق کے عطا کردہ قرآن پر بھی زیادہ سے زیادہ تفکر اور عمل کرنے کی کوشش کرنا چاہئے۔ یہ ایک مسلمان پر لازم ہے کہ وہ قرآن پاک پر پورا پورا ایمان لائے۔ اوراس پر پورا پورا عمل کرکے اپنے رب کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کرے اور اس عمل میں عبادات، صدقہ و خیرات اور قربانی کے ساتھ ساتھ ایک اچھا مسلمان بننے کے لئے قرآن کی اس دعوت کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا بھی ضروری ہے جن کا تعلق خود انسان کی تخلیق کے مقصد سے ہے۔ تقویٰ اور پرہیزگاری اللہ کے نزدیک پسندیدہ ترین اوصاف ہیں۔ لیکن خود قرآن سے تفکر کیا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو صرف اور صرف اپنی عبادت کے لئے ہی پیدا نہیں کیا ہے۔ انسان کے مقصد تخلیق میں دیگر کئی رموز بھی پنہاں ہیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہونے والی ابتدائی چار آیات پر بھی تفکر کیجئے۔ اللہ تعالیٰ اپنے محبوب نبی آخر الزماں علیہ الصلوٰۃ والسلام سے فرماتے ہیں۔

پڑھیے اپنے رب کے نام سے جس نے سب کچھ پیدا کیا ہے۔ جس نے انسان کو جمے ہوئے خون سے پیدا کیا۔ آپ پڑھیے۔ اورآپ کا رب یہ سب سے بڑا کریم ہے جس نے قلم کے ذریعے لکھنا سکھایا۔

رمضان المبارک  کی برکتوں اور نعمتوں سے فیضیاب ہونے کے خواہشمند مسلمان خواتین و حضرات! کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ اس رمضان سے ہم اللہ تعالیٰ کے کلام کو محض ثواب کے حصول کے لئے زیادہ سے زیادہ پڑھنے کے بجائے یا محض کاروبار میں برکت کے لئے وظیفے کے طور پر پڑھنے کے بجائے یا محض گھریلو پریشانیوں اور بیماریوں سے نجات کے لئے ورد کرنے کے بجائے اپنے خالق کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے اس کو سمجھنے، اس پر تفکر کرنے اور اس پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے کے لئے پڑھیں گے۔

 


 


Alasto Birabikum

Khwaja Shamsuddin Azeemi


روحانی ڈائجسٹ میں شائع شدہ وہ مضامین جو ابھی تک کتابی شکل میں موجود نہیں تھے مراقبہ ہال عجمان متحدہ عرب امارات    کے اراکین  نے ایک کتابی شکل دینے  کی سعادت حاصل کی ہے۔اللہ تعالیٰ تمام اراکین اس کاوش کو قبول فرمائے اور ہمیں الٰہی مشن کی فروغ میں مزید توفیق و ہمت عطا فرمائے۔