Topics

اللہ کے دوست

س:     جناب عالی! میں پندرہ سال سے غربت میں مبتلا ہوں، ہنر مند بھی ہوں۔ کبھی بہت بڑا ٹھیکیدار بھی تھا لیکن اب مزدوری بھی نہیں ملتی۔ آٹھ افراد کھانے والے ہیں۔ اس وقت آپ مجھے فاقہ کشی کی حالت میں سمجھئے۔ میں نے بہت کوشش کی ہے کہ مجھے رزق حلال مل جائے لیکن کوئی سہارا نہیں ملا۔ کسی مرد کامل کی بھی مجھے تلاش ہے، وہ بھی نہیں ملا۔ کسی نے کہا سورہ یٰسین 41دن پڑھو۔ سورہ یٰسین تین سال بلا ناغہ پڑھی۔ کسی نے کہا سورہ مزمل پڑھو، کسی نے کہا سورہ ملک پڑھو۔ اسی طرح بلا ناغہ پڑھتا رہا ہوں۔ کسی نے کہا یا عزیز کا ورد کرو۔ کسی نے بتایا یا رزاق پڑھو، یہ بھی پڑھتا رہا۔ پھر میں نے کلمہ طیبہ کا ورد شروع کر دیا۔ اب میری یہ حالت ہے کہ کلمہ طیبہ میری خوراک بن چکا ہے۔ رات دن پڑھتا رہتا ہوں۔ چھوڑنا چاہتا ہوں تو چھوڑ نہیں سکتا۔ حضرت جی! اب تو نہ کوئی بھائی رہا، نہ کوئی بہن رہی، نہ کوئی رشتہ دار۔ اب تو پیٹ بھر کر کھانا بھی نہیں ملتا۔ اپنا مکان بھی نہیں رہا۔ کرائے کا مکان بھی نہیں ملتا۔ یہ سمجھ کر کہ کرایہ کہاں سے دے گا۔ بیوی بیمار ہے، دوائی کے پیسے نہیں کہ علاج کرا سکوں۔ محنت مزدوری کے لئے کسی کے پاس جاتا ہوں تو وہ مجھے بدنصیب کہہ کر ٹھکرا دیتا ہے۔ اب ایمان میں بھی کمی ہوتی جا رہی ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ مجھ پر نظر کرم فرما کر مجھے دین و دنیا میں رسوا ہونے سے بچا لیں گے۔

ج:      کوئی بھی چادر احرام کی طرح باندھ کر ننگے سر اور ننگے پیر کھلے آسمان کے نیچے رات کو 2بج کر 45منٹ پر کھڑے ہو جائیں۔ نماز کی طرح نیت باندھ لیں اور سو بار آیت کریمہ پڑھ کر سو بار دعا کریں۔ یا اللہ یا رحمٰن یا رحیم، میری بدبختی ختم کر، میرے لئے آسائش اور آرام کے وسائل عطا فرما دے۔ 21روز کے بعد یہ عمل نہ کریں۔ انشاء اللہ حالات درست ہو جائیں گے۔ حالات درست ہونے پر اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ سے کسی کی دل آزاری نہ ہو اور آپ ہرگز کسی سائل کو جھڑکیں نہیں۔ فقراء اللہ کے دوست ہوتے ہیں، ان سے دوستی رکھئے۔

Topics


Hazrat Key Masael

حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی