Spiritual Healing
سوال: میری عمر تقریباً پچاس سال ہے۔ ہوش سنبھالنے کے
بعد سے زندگی کا بیشتر حصہ پریشانیوں میں گزارا ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ اچھی جگہ
ملازم ہوں۔ معقول تنخواہ ہے لیکن مالی پریشانیاں پیچھا نہیں چھوڑتیں۔ صحت بھی گرتی
جا رہی ہے جب بھی بہتر صورت حال پیدا ہونے کے امکانات ہوتے ہیں کچھ ایسے مسائل
پیدا ہو جاتے ہیں کہ پریشانیوں سے نجات کی راہیں مسدود ہو جاتی ہیں۔ کوئی کام بغیر
الجھن کے انجام پذیر نہیں ہوتا۔ اس وقت جس مکان میں رہائش پذیر ہوں اسے فروخت کرنا
چاہتا ہوں، گاہک آتے ہیں وعدہ کرتے ہیں لیکن دوبارہ صورت نہیں دکھاتے۔ لہٰذا گزارش
ہے کہ کوئی ایسا وظیفہ تجویز فرمائیں کہ مکان حسب خواہش جلد فروخت ہو جائے۔ دوم
کوئی ایسا وظیفہ مستقل ورد کے طور پر تجویز فرما دیں جس کے ذریعہ اللہ صحت و
تندرستی عطا فرمائے اور کشاکش رزق اور خیر و برکت عطا فرمائے۔
جواب: اللہ تعالیٰ فر ماتا ہے اے آل داؤد، شکر کو اپنا
معمول بنا لو کیونکہ شکر کرنے والے بندے بہت قلیل ہیں۔ یہ بھی فرماتا ہے کہ اللہ
تعالیٰ اسراف کرنے والوں کو ناپسند کرتا ہے۔ بات تلخ ہے لیکن اس کا اظہار ضروری ہو
گیا ہے۔ آپ کے اندر یہ دونوں باتیں موجود ہیں۔ آپ شکر نہیں کرتے، شکر یہ ہے کہ
اللہ تعالیٰ کی نعمت کا صحیح استعمال کیا جائے۔ آپ سے دانستہ یا غیر دانستہ حق
تلفی ہوئی ہے۔ نعمت کا صحیح استعمال نہ ہونے سے آپ اسراف کے مرتکب ہوتے ہیں۔ وظیفہ
پڑھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اپنی طرز فکر کا محاسبہ کیجئے۔ حالات خود بخود ٹھیک ہو
جائیں گے۔