Spiritual Healing

اللہ کے دوستوں کو خوف نہیں

س:     ڈھائی ماہ پہلے ایک ضروری کام سے صدر جانا ہوا۔ جمعرات کا دن تھا، ایک موٹا تازہ شخص میرے پیچھے لگ گیا جہاں میں جاتا وہیں وہ شخص بھی جاتا۔ آخر مجبوراً اپنا کام چھوڑ کر گارڈن کی طرف ایک جاننے والے کی دکان میں پناہ لی لیکن انہیں کچھ نہ بتایا۔ کوئی گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ بیٹھا رہا۔ میرا خیال تھا کہ وہ شخص چلا جائے گا لیکن جب دکان بند کر کے میں اور میرے جاننے والے گھر جانے کے لئے اسٹاپ پر پہنچے تو میں نے دیکھا کہ وہ شخص پھر میرا پیچھا کرتا ہوا آ رہا ہے اور میرے ساتھ آ کر کھڑا ہو گیا اور گھور کر دیکھنے لگا، چند اشارے بھی کئے۔ یہ حرکات دیکھ کر میرے جاننے والے نے اسے ڈانٹا لیکن اس پر کوئی اثر نہ ہوا اور وہ ہمارے ساتھ ہی چلنے کے لئے تیار تھا۔ ایسا محسوس ہوتا تھا کہ اس کے ساتھ کچھ اور آدمی بھی نہیں۔ شکل و صورت سے کوئی خرکار یا اٹھائی گیرا معلوم ہوتا تھا۔ اچانک ایک گاڑی آ گئی اور ہم اس پر سوار ہو گئے۔ معلوم نہیں کہ وہ بھی سوار ہوا کہ نہیں لیکن اس دن سے میں ایک خوف میں مبتلا ہوں کہ کوئی مجھے اغواء کر لے گا۔ کوئی گھر سے اٹھا لے جائے گا اور ایسا لگتا ہے کہ کچھ لوگ میرا پیچھا کر رہے ہیں۔ چند لوگوں کو میں نے بھی دیکھا ہے جو مجھے بڑے غور سے دیکھتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ میری نگرانی کی جا رہی ہے اور وہ لوگ موقع کی تلاش میں ہیں۔ میں گھر سے ڈیوٹی اور ڈیوٹی سے گھر جس خوف اور پریشانی میں جاتا ہوں کہ خدا جانتا ہے اور اس واقعہ کے بعد سے گھر سے نہیں نکلتا، چاہے کوئی بیمار ہو یا شادی ہو کہیں نہیں جا سکتا۔ ہر وقت مایوسی اور خوف طاری رہتا ہے۔ کسی کام میں جی نہیں لگتا۔ اداس اور پریشان رہتا ہوں۔ میں ہر موٹے آدمی کو دیکھ کر لرزنے لگتا ہوں۔

ج:      چلتے پھرتے باوضو بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِoاَلاَ اِنَّ اَوْلِیَاءَ اللّٰہِ لَا خَوْفُٗ عَلَیْھِمْ وَلَا ھُمْ یَحْزَنُوْنَ پڑھا کریں۔ اگر وضو ساقط ہونے کی ضرورت ہو تو اپنے اوپر جبر نہ کریں، وضو ساقط ہونے دیں، دوبارہ کر لیں۔ روزانہ صبح کے وقت سیب کا مربہ کھائیں اور عصر کے بعد ”خمیر مروارید“ استعمال کریں۔ رات کو سوتے وقت کمرہ میں نیلا بلب روشن رکھیں۔

Topics


Hazrat Key Masael

حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی