Spiritual Healing
س: میرا بیٹا اس وقت آٹھویں کلاس کا طالب علم
ہے۔ اسے خاص طور پر پڑھائی کے دوران نیند بہت تنگ کرتی ہے۔ پڑھنے بیٹھتا ہے تو
فوراً ہی نیند سے آنکھیں بند ہونے لگتی ہیں۔ نہ کچھ پڑھ سکتا ہے اور نہ ہی لکھ
سکتا ہے۔ بڑی کوشش کرتا ہے کہ نیند نہ آئے۔ منہ دھوئے گا، آنکھوں پر چھینٹے مارے
گا، کھلی ہوا میں پھرے گا لیکن پڑھنے بیٹھتا ہے تو پھر نیند کا خمار اسی طرح شروع
ہو جاتا ہے، بہت پریشان ہے۔ روتا ہے کہ خدا کے لئے مجھے کوئی دوا دیں جس سے مجھے
نیند نہ آئے۔
اسی نیند کی وجہ سے والد نے اسے کئی بار
اتنا مارا ہے کہ میں بیان نہیں کر سکتی۔ اس وقت دعا کرتی ہوں کہ خدا کرے یہ بچہ مر
جائے۔ بہت ہی ظالموں کی طرح مارتے ہیں کہ رو رو کر میں خود ہلکان ہوتی ہوں۔ بچے کا
تو جو حشر ہوتا ہے وہ ظاہر ہے لیکن اس کے باوجود نیند اس کا پیچھا نہیں چھوڑتی۔
اگر رات کو جلدی سلا دوں اور صبح جلدی اٹھا دوں تب بھی یہی حالت ہوتی ہے۔ میں خود
بڑی پریشان ہوں۔ اس نیند کی وجہ سے نہ تو پڑھائی ہوتی ہے نہ اسکول کا کام۔ ظاہر ہے
اسکول میں بھی مار ہی کھاتا ہو گا۔دوسرے اس کا حافظہ بھی بڑا کمزور ہو گیا ہے۔ بعض
وقت تو زبانی سبق یاد نہیں ہوتا جو سبق یاد کر بھی لیتا ہے تو تھوڑی دیر میں یا
دوسرے دن بھلا دیتا ہے۔
بچے کے لئے وظیفہ یا کوئی موثر علاج
تجویز کر دیں۔ وظیفہ میں خود پڑھ کر بچے کو دم کر دوں یا پانی پر دم کر کے اسے پلا
دوں۔ جیسے آپ مناسب سمجھیں تجویز فرمائیں۔ خواجہ صاحب! بچپن میں اس کا حافظہ بہت
تیز تھا۔ اب تو بچہ نیند اور حافظہ کے ہاتھوں پریشان ہے۔ بچے کا مستقبل تاریک نظر
آ رہا ہے۔ خدا اور رسولﷺکے واسطے خواجہ صاحب مدد فرمائیں۔ للہ، استخارہ کر کے
دیکھیں کہ بچہ کتنی تعلیم حاصل کرے گا۔ اس کا مستقبل کیسا ہے؟ کسی بدخواہ کی نظر
تو نہیں لگ گئی اور کیا اس کا نام تاریخ پیدائش کے حساب سے ٹھیک ہے؟ کوئی نام
وغیرہ کا اثر تو نہیں ہے؟
ج: میری دانست میں بچہ کا شعور کمزور ہے۔ جب وہ
پڑھنے کے لئے بیٹھتا ہے تو شعور پر زیادہ بار پڑ جاتا ہے۔ اس کی ایک وجہ والد صاحب
کا زیادہ مارنا پیٹنا بھی ہے جب وہ کتابیں کھولتا ہے تو یہ خوف بھی دامن گیر ہوتا
ہے کہ اگر سبق یاد نہ ہوا تو ابا ماریں گے، خوف سے بھی دماغ متاثر ہوتا ہے۔
ان وجوہات کا تدارک ہونا ضروری ہے۔ اس
کے ساتھ ساتھ آپ بچہ کو میٹھی چیزیں کم کھلائیں اور رات کو سوتے وقت اس کے سرہانے
کھڑی ہو کر سورہ قمر پارہ 27کی آیت وَلَقَدْ یَسَّرْنَا الْقُرْاٰنَ لِذِکْرِ مِنْ
مُّدَّکِرٍپڑھ دیا کریں اتنی آواز سے کہ نیند خراب نہ ہو۔ مارکٹائی بالکل بند کر دیں
ورنہ بچہ بالکل کند ذہن ہو جائے گا۔ مستقبل اچھا ہے، نام بھی ٹھیک ہے۔