Topics
سوال: میں کئی ماہ سے گردے کی پتھری کے مرض میں
مبتلا ہوں، عمر 62سال ہے۔ ڈاکٹری علاج کیا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔پیشاب رک کر
آتا تھا کمر میں درد تھا۔ دائیں جانب گردے کے مقام پر بھی درد تھا۔ چند ماہ پہلے
یونانی دوا کا نسخہ اخبار میں شائع ہوا تھا۔ میں نے بھی یہ نسخہ کچھ دن استعمال
کیا جس سے مجھے بہت فائدہ ہوا۔ اس نسخے کو میں نے ایک بٹوے میں رکھ لیا تھا۔ ابھی
دوا جاری تھی کہ ایک جیب کترے نے بٹوا چرا لیا اور اس طرح نسخہ بھی میرے پاس نہیں
رہا۔ اگر آپ اس نسخے کو دوبارہ روحانی ڈاک میں شائع کر دیں تو نہ صرف مجھے فائدہ
ہو گا بلکہ دوسرے ضرورت مند بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ میں آپ کا بے حد مشکور ہوں
گا۔
جواب: حجر الیہود، سنگ سرماہی، شورہ قلمی جواکھار،
ہر ایک ایک ماشہ نہایت باریک پیس کر موٹے کپڑے میں چھان کر میدہ کی طرف کر لیں۔ یہ
مقدار ایک خوراک ہے صبح و شام عرق گاؤ زبان عرق بادیان شربت بزوری ہر ایک پانچ
پانچ تولہ کے ساتھ پندرہ روز تک استعمال کریں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔