Topics
سوال:
میری والدہ عرصہ پانچ سال سے سخت بیمار ہیں ہر بڑے ڈاکٹر اور حکیم سے علاج کرایا
لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ بہت مہنگی مہنگی دوائیں کھائیں لیکن نتیجہ صفر رہا۔
والدہ کی پسلیوں، سیدھی ٹانگ اور ٹانگوں کے جوڑ میں درد رہتا ہے۔ مختلف ڈاکٹروں نے
مختلف بیماریاں بتلائیں ہیں کسی نے جگر پر ورم، کسی نے گردوں میں پتھری، کسی نے
ہڈیوں میں ورم کسی نے ہڈیاں بڑھنے کا خدشہ بتایا ہے ، کسی نے کہا کہ پیشاب میں پیپ
آتی ہے۔ ایکسرے کروائے بہت پیسہ خرچ ہوا لیکن اب بھی وہی حالت ہے۔ سوتے ہوئے کروٹ
نہیں لے سکتیں۔ دس منٹ کا راستہ آدھے گھنٹے میں طے کرتی ہیں۔ بھوک نہیں لگتی،
رخسار اور ہونٹ سیاہ پڑ گئے ہیں۔ عامل کہتے ہیں کہ کسی نے جادو کرایا ہے۔
جواب:
بٹر پیپر کے چھوٹے چھوٹے چوکور کاغذوں پر بسم اللہ الرحمٰن الرحیم (سورۂ یٰسین کی
آخری آیت سے پہلی آیت) إِنَّمَا أَمْرُهُ إِذَا أَرَادَ
شَيْئًا أَن يَقُولَ لَهُ كُن فَيَكُونُ oلکھ کر
ایک کاغذآدھی پیالی پانی میں بھگو دیں۔ کچھ دیر کے بعد کاغذ دھو کر صبح نہار منہ
اور اسی طرح شام کو رات کو دھو کر پلا دیں۔ رات کو والدہ جب گہری نیند سو جائیں ان
کے سرہانے کھڑی ہو کر ایک بار سورۂ فلق پوری سورہ پڑھ دیا کریں۔ اتنی آواز سے کہ
نیند خراب نہ ہو۔ علاج کی مدت چالیس روز ہے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔