Topics
سوال: تقریباً ڈھائی ماہ پہلے میرے ہاتھ پر چند
دانے نکلے جو بعد میں بڑھ کر سارے جسم پر پھیل گئے۔ شروع میں تو یہ دانے گرمی
دانوں کی طرح ہوتے ہیں لیکن بعد میں پھیل کر بہت بڑے ہو جاتے ہیں اور خارش بھی بہت
ہوتی ہے۔ ڈھائی ماہ سے اس کا علاج کروا رہی ہوں لیکن پرانے دانے ٹھیک ہونے کے ایک
دو دن بعد اتنے ہی دانے مزید نکل آتے ہیں اور ان کے داغ بھی رہ جاتے ہیں۔ جو ڈاکٹر
کی بتائی ہوئی کریموں سے کچھ تو دور ہو جاتے ہیں لیکن نئے دانے پھر وہ مسئلہ پیدا
کر دیتے ہیں۔ یہ سلسلہ مسلسل چل رہا ہے اب تو میں سخت پریشان ہو گئی ہوں۔ آپ سے
التماس ہے کہ کوئی ایسا علاج بتائیں جو مجھے اس مرض سے مکمل نجات دلائے۔
جواب: آدھا پاؤ سمندری سیپ لے کر تیز گرم پانی سے
دھو لیں۔ پھر انہیں خشک کر کے ہاون دستہ میں موٹا موٹا کوٹ لیں۔ کوٹی ہوئی سیپ کے
بڑے بڑے ٹکڑے کپڑے کی پوٹلی میں باندھ کر کسی بڑے برتن میں پانی بھرکر اس میں ڈال
دیں اور پانی کو خوب اچھی طرح ابال لیں۔ پینے اور کھانے پکانے کی تمام ضرورت کے
لئے یہ پانی استعمال کریں۔ سٹین لیس سٹیل یا مٹی کے برتن میں چوبیس گھنٹے کے بعد
نیا پانی پکایا جائے تا ہم سیپ کی ایک پوٹلی چودہ دن تک استعمال کی جائے۔ علاج کی
مدت سیپ کی چار پوٹلیوں کے مکمل استعمال تک ہے۔ علاج کے دوران لال مرچ اور گرم چیزوں
سے پرہیز کیا جائے۔ دانوں اور سوکھی خارش سے نجات مل جائے گی۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔