Topics
سوال: بچپن اور جوانی کے ابتدائی دور میں مجھے ہر
قسم کی روحانی مسرت حاصل تھی۔ لیکن پچھلے چار پانچ سالوں سے میں سخت ذہنی کشمکش
میں مبتلا ہوں۔ مجھے یہ روگ کھائے جا رہا ہے کہ تعلیمی میدان میں مجھے وہ درخشاں
کامیابیاں حاصل نہیں ہوئیں جو گذشتہ دور میں میرا خاصہ تھیں۔ مجھے یہ بھی علم ہے
کہ میری ذہنی نشوونما میں کوئی فرق نہیں آیا کیونکہ میری معلومات عامہ حیرت انگیز
طور پر بڑھ چکی ہے۔ تعلیمی لحاظ سے اوسط کامیابیوں نے مجھے ذہنی مریض بنا دیا ہے۔
نتیجتاً موجودہ دور کی معمولی سی نا انصافی بھی برداشت نہیں کر سکتا۔
جواب: رات کو سونے سے پہلے آدھ گھنٹہ تک مختلف
زاویوں سے اپنے دستخط کیجئے۔ زیادہ سے زیادہ چالیس روز میں مسئلہ حل ہو جائے گا۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔