Topics

شکوہ


سوال: یہ واقعہ رمضان المبارک کی پہلی تاریخ کا ہے۔ ہم سب ٹی وی دیکھ رہے تھے کہ اعلان ہوا رمضان کا چاند ہو گیا ہے، کل روزہ ہے۔ سب گھر والے اوپر چھت پر چاند دیکھنے چلے گئے، میں ڈرائنگ روم میں صوفے پر لیٹ کر اللہ سے شکوہ کرنے لگی۔ اللہ میاں آپ سب جانتے ہیں میں کتنے شوق سے روزے رکھتی ہوں مگر آپ ہمارے ساتھ کیا کرتے ہیں، عید کے روز ہمیں نئے کپڑے نہیں دیتے۔ دوسرے گھروں کی طرح ہمارے گھر میں رونق نہیں ہوتی۔ جب ہم پورے روزے رکھتے ہیں تو ہمارے لیے عید خوشیاں کیوں نہیں لاتی۔ آپ سے احتجاج کرتی ہوں اب روزے نہیں رکھوں گی۔ صبح بیدار ہو کر آئینہ کے سامنے کھڑے ہو کر بال بنائے، تھوڑی دیر بعد باتھ روم میں میرے پیروں کو جھٹکا لگا۔ بڑی بہن نے مجھ کو سنبھالا۔ ایسا لگتا تھا کہ میں زمین سے اوپر اٹھ رہی ہوں اور کشش ثقل ختم ہو گئی ہے۔ میرا رنگ پیلا پڑ گیا۔ گھر والے سمجھے مجھے کرنٹ لگ گیا ہے۔ دوسرے دن بھی پیر کانپے اور پھر پورے جسم کو جھٹکے لگے۔ دل ڈوبنے لگا اور میں چیخیں مار کر رونے لگی۔ امی ابو نے جلدی جلدی دودھ میں گلوکوز ملا کر پلایا۔ کچھ سکون ملا۔ جب یہ سلسلہ دراز ہوتا گیا تو علاج سے فائدہ نہ ہوا تو امی ایک عامل خاتون کے پاس لے گئیں۔ جو ہر طرح کا علاج کرتی ہیں اور مریض کا چہرہ دیکھ کر مرض بتا دیتی ہیں۔ مجھے دیکھا تو پوچھا تمہارے کتنے بچے ہیں؟ امی نے کہا ابھی شادی نہیں ہوئی۔ عامل خاتون جلال میں آ گئیں اور فرمایا تم اپنی بیٹی کو تباہ کرنا چاہتی ہو۔ ہم اس بات کا مفہوم بالکل نہیں سمجھے۔ قصہ مختصر علاج ہوتا رہا لیکن نہ تو مرض کی تشخیص ہوئی اور نہ ہی علاج ہوا۔ ہسپتال میں داخل کیا گیا تو وہاں بھی مرض کی کوئی خاص نشاندہی نہیں ہوئی۔ اب صورت حال یہ ہے کہ میں پیروں کے بل بیٹھ نہیں سکتی۔ آنکھیں بند کر کے لیٹتی ہوں تو جسم کو جھٹکا لگتا ہے۔

جواب: ایسا لگتا ہے کہ آپ کو بلڈ پریشر کا عارضہ ہے۔ جس کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ اس کے علاوہ آپ اندرونی زنانہ بیماری میں بھی ایک عرصے سے مبتلا ہیں اس طرف بھی توجہ نہیں دی گئی۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ نے بیماریوں کو اپنے جسم میں لاپرواہی سے پرورش کیا ہے۔ فوراً کسی اچھے اور تجربہ کار حکیم سے رجوع کریں اور یونانی علاج کرائیں۔ روحانی علاج یہ ہے کہ جب بھی پانی پئیں تین مرتبہ بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھ کر پانی پر دم کر کے پئیں۔ حکیم صاحب سے اپنے لئے غذا کا چارٹ بنوائیں۔ اس چارٹ کے مطابق غذائیں استعمال کریں۔ مرض پیچیدہ نہیں ہے۔ انشاء اللہ بہت جلد شفا ہو جائے گی۔ میری دعا ہے اللہ تعالیٰ آپ کو صحت و تندرستی عطا فرمائیں۔ آمین۔ ہر نماز کے بعد ایک تسبیح استغفار پڑھیں۔

Topics


Roohani Daak (1)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔