Topics

غلطی کا اعتراف


سوال: بی اے کا امتحان دیتے ہی میری شادی ہو گئی۔ نتیجہ سے قطع نظر میرے سسرال والوں نے یہ مشہور کر دیا کہ دلہن بی اے ہے لیکن میں دو پرچوں میں فیل ہو گئی۔ میرے شوہر نے ڈاکٹری پاس کی ہے اور باہر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم دونوں ساتھ جا کر مزید تعلیم حاصل کریں گے۔ ان سب باتوں کو دیکھتے ہوئے مجھ میں یہ جرأت نہیں ہے کہ میں اپنے شوہر کو حقیقت حال سے باخبر کر سکوں۔ حقیقت کے اظہار سے ازدواجی زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

جواب: حقیقت حال کو کبھی نہیں چھپانا چاہئے۔ آپ پوری صورت حال شوہر سے من و عن بیان کر دیجئے اور کہہ دیجئے کہ اب تک میں بمشکل اس بوجھ کو برداشت کرتی رہی ہوں لیکن اب یہ بار میری برداشت سے باہر ہو گیا ہے۔ اور میں نے آپ کو صحیح صحیح بات بتا دی ہے۔ دماغ کو ہلکا کرنے کا یہ طریقہ بالکل آسان ہے۔ اس کو الجھن بنانے کی ضرورت ہی نہیں تھی اگر آدمی کوئی غلطی کرتا ہے تو فوراً یا جس وقت دماغ زیادہ بار کو برداشت نہ کر سکے غلطی کا اعتراف کرلینا چاہئے ورنہ اعصاب کسی مرض میں مبتلا ہو جاتے ہیں، بالکل مطمئن رہئے۔ اس طرز عمل سے آپ کے شوہر اور آپ کے درمیان کسی قسم کا اختلاف پیدا نہیں ہو گا۔

Topics


Roohani Daak (1)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔