Topics

دھوکہ


سوال: میں پہلی مرتبہ خط لکھنے کی جسارت کر رہی ہوں۔ اللہ کرے کہ یہ خط آپ تک پہنچ جائے۔ میں بہت دکھی اور پریشان حال لڑکی ہوں۔ میرے ساتھ بھی وہی مسئلہ ہے جو کہ آج کل ہر لڑکی کے ساتھ درپیش ہے۔ میری عمر تیس سال ہو گئی ہے۔ شادی نہیں ہوئی۔ میرا رشتہ میرے اپنے ہی خاندان میں طے تھا لیکن عین موقع پر لڑکے نے انکار کر دیا۔ اورمیری جگہ اس کودوسری لڑکی پسند آ گئی۔ اور اس نے شادی کر لی۔ اب وہ اپنی بیوی کے ساتھ خوش ہے، بچے بھی ہیں۔ لیکن اس نے مجھے تو تباہ کر دیا۔ میرے ساتھ میرے والدین کے ساتھ اس نے دھوکہ کیا۔

جواب: رات کو بعد از نماز عشاء اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 313مرتبہ ’’یا وہاب”پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا کریں۔ کثرت سے وضو یا بغیر وضو’’یا حی یا قیوم”کا ورد کریں۔

ہم اگر مایوس ہو بھی جائیں تب بھی دیر سویر اسی ایک ذات اللہ کی طرف ہاتھ اٹھانا پڑتے ہیں۔ نعوذ باللہ کوئی دوسرا اللہ تو ہے نہیں کہ ایک جگہ سے کام نہیں ہوا۔ دوسرا دروازہ کھٹکھٹا دیں گے۔ دن رات میں جب بھی وقت مل جائے وضو اور بغیر وضو یا حی یا قیوم پڑھا کریں۔ غریبوں کی دستگیری کریں۔

Topics


Roohani Daak (1)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔