Topics
سوال: میں ماشاء اللہ حافظ قرآن ہوں اور سترہ سال
کا صحت مند نوجوان ہوں۔ غلط دوستوں کی صحبت میں مجھے ایک ایسی عادت پڑ گئی ہے جس
نے میری ذہنی پاکیزگی کو ختم کر دیا ہے۔میں اس قبیح عادت سے خود کو بچانا چاہتا
ہوں مگر شیطان غالب آ جاتا ہے۔ گندے اور غلیظ خیالات سے نجات پانے کے لئے تعویذ
بھیج دیجئے۔
جواب: قوت ارادی سے اس عادت کو چھوڑا جا سکتا ہے۔
کمزور قوت ارادی کو بحال کرنے کے لئے سب سے اچھا طریقہ ارتکاز توجہ ہے۔ سونے سے پہلے
وضو کر کے ایسی جگہ بیٹھ جائیں جہاں شور و غل اور ہنگامہ نہ ہو۔ ایک سو مرتبہ درود
شریف پڑھ کر بند آنکھوں سے اپنے دل کے اندر دیکھنے کی کوشش کیجئے۔ یہ مراقبہ
روزانہ آدھا گھنٹہ ایک ماہ تک کیجئے اور حالات سے مطلع کیجئے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔