Spiritual Healing
سوال: میری شادی کو گیارہ سال ہو گئے ہیں۔ شادی کے
پہلے دن سے لے کر آج تک میرے میاں مجھ پر شک کرتے ہیں۔ بات بات پر جھگڑتے ہیں۔
کبھی پیار سے کوئی بات نہیں کی۔ میں ان کو کتنا ہی خوش کرنا چاہتی ہوں لیکن وہ
زیادہ خفا ہو جاتے ہیں۔ انہیں غیر عورتیں بہت اچھی لگتی ہیں۔ ایک رشتہ دار عورت کے
سامنے میری بے حد بے عزتی کرتے ہیں۔ آپ کوئی وظیفہ بتا دیں تا کہ میرے شوہر میرے
ساتھ محبت سے رہیں اور اس عورت کا خیال دل سے نکال دیں۔
جواب: سب کاموں سے فارغ ہونے کے بعد رات کو سونے
سے پہلے 41مرتبہ سورۂ فاتحہ پڑھ کر بات کئے بغیر بستر پر چلی جائیں۔
آنکھیں بند کر کے اپنے شوہر کا تصور کریں اور تصور
کرتے کرتے سو جائیں۔ جب آپ کے شوہر کا دل غیر عورت کی طرف سے ہٹ جائے تو اس عمل کو
ترک کر دیں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔