Topics

رمضان-Ramzan


رمضان کی آخری تاریخ کو حضور اکرم علیہ الصلوٰۃ نے ارشاد فرمایا:

’’لوگو! تم پر ایک بہت عظمت و برکت کا مہینہ سایہ فگن ہونے والا ہے۔ یہ وہ مہینہ ہے جس میں ایک رات ایک ہزار مہینوں سے زیادہ بہتر ہے۔‘‘

خدا نے اس مہینہ میں اپنے بندوں پر روزے فرض کئے ہیں۔ قرآن پاک اس مہینہ میں نازل ہوا۔ دوسری آسمانی کتابیں بھی اسی مہینہ میں نازل ہوئیں۔ حضرت ابراہیمؑ کو رمضان کی پہلی یا تیسری تاریخ کو صحیفے عطا کئے گئے۔ حضرت داؤدؑ کو رمضان المبارک میں ۱۲ یا ۱۸ کو زبور دی گئی۔ اسی مہینہ کی ۱۶ تاریخ کو حضرت موسیٰ ؑ کو تورات دی گئی اور حضرت عیسیٰ ؑ کو بھی اسی رمضان المبارک کے مہینے کی ۱۲ یا ۱۳ کو انجیل دی گئی۔ مختصر یہ کہ رمضان جس میں نازل ہوا قرآن پاک ایک پُر عظمت اور فضیلت و حکمت سے معمور مہینہ ہے جو انسانی شعور کو مصفیّٰ اور صیقل بنا دیتا ہے۔

محض اللہ کے لئے بھوکے پیاسے رہنے سے آدمی کی روح آسمانوں کی وسعتوں میں پرواز کر کے عرش کی رفعتوں کو چھو لیتی ہے۔ یہی وہ باسعادت مہینہ ہے جس میں حضرت جبریلؑ نبئ مکرم خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و سلم کو قرآن سناتے تھے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم سے قرآن سنتے تھے۔

آپ بھی قرآن ٹھہر ٹھہر کر اور سمجھ سمجھ کر پڑھیئے۔ اس عمل سے خدا کے ساتھ بندہ کا تعلق مضبوط ہوتا ہے۔

دل کھول کر غریبوں، بیواؤں، یتیموں اور ناداروں کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کیجئے۔ فیاضی اور سخاوت کے پیکر، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم رمضان میں بہت زیادہ سخاوت فرماتے تھے۔

آیئے ہم بھی عہد کریں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی عادت مبارکہ پر عمل کر کے اپنے غریب بھائیوں کی ہر طرح مدد کرینگے۔




 

Topics


Tajaliyat

خواجہ شمس الدین عظیمی

دنیا کا ہر فرد اپنی حیثیت کے مطابق آپ ّ کی منورزندگی کی روشنی میں اپنی زندگی بہتر بناسکتاہے ۔ قرآن نے غوروفکر اورتجسس وتحقیق کو ہر مسلمان کے لئے ضروری قراردیا ہے ۔ اس حکم کی تعمیل میں عظیمی صاحب نے قرآن کی آیات اورحضورصلی اللہ علیہ وسلم  کی احادیث مبارکہ پر غوروفکر فرمایا اورروحانی نقطہ نظر سے ان کی توجیہہ اورتفسیر بیان فرمائی ہے جو کہ "نورالہی نورنبوت" کے عنوان سے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے ادارتی صفحات کی زینت بنتی ہے ۔ کتاب " تجلیات" اس مستقل کالم میں سے چند کالمز کا مجموعہ ہے ۔

انتساب

ان سائنسدانوں کے نام

جو پندرہویں(۱۵) صدی ہجری میں

موجودہ سائنس کا آخری عروج

دُنیا کی تباھی

دیکھ کر ایک واحد ذات خالق کائنات

اللہ کی تجلی کا

عرفان حاصل کر لیں گے۔