Topics

تسخیر کائنات-Taskheer Kainat


اللہ پاک نے جب کائنات کے بنانے کا ارادہ کیا تو کائنات کا ایک نظام بھی زیر بحث آیا، اس لئے کہ کارخانۂ قدرت کسی مبسوط نظام، قاعدوں اور ضابطوں کے بغیر نہیں چلتا۔ قرآن کہتا ہے کہ:

’اس کا امر یہ ہے کہ جب وہ کسی شے کا ارادہ کرتا ہے تو کہتا ہے وجود میں آ جا۔ اور وہ شے تخلیقی عوامل سے گزر کر وجود میں آ جاتی ہے۔‘‘(سورۂ یٰسین)

قرآن نوع انسانی کو اس تفکر کی طرف مائل کرتا ہے کہ نظام چلانے کے لئے کارندوں کی ضرورت پیش آتی ہے۔

ہم دیکھتے ہیں کہ کائنات مادی، برقی، مقناطیسی اور سائنسی قوانین قدرت کا مجموعہ ہے۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ قوانین مظاہر قدرت اور مناظر کائنات پر بہرحال حاوی ہیں۔ کائنات میں ہر شے ایک نظام کے تحت ایک دوسرے کے ساتھ ہم رشتہ اور ایک دوسرے سے متعارف ہے۔ کائنات کا کوئی یونٹ کسی دوسری یونٹ سے اپنا رشتہ منقطع نہیں کرسکتا۔

قرآن کریم ان تمام مناظر کو جو کائنات کے کل پرزے ہیں ، اللہ کی نشانیاں قرار دیتا ہے اور نوع انسانی کے لئے لازم کرتا ہے کہ نوع انسانی کے عاقل اور بالغ شعورافراد اللہ کے ان تمام زمینی اور آسمانی مناظر اور مظاہر کا مطالعہ کریں اور عقل و دانش کی گہرائیوں سے ان آیات پر غور کریں۔ اللہ چاہتا ہے کہ اس کے بندے گونگے بہرے رہ کر زندگی نہ گزاریں۔ خالق چاہتا ہے کہ غور و فکر سے متعلق اللہ تعالیٰ نے بندہ کو جو صلاحیتیں دی ہیں ان کو استعمال کیا جائے۔

’’آپﷺ کہہ دیجئے، مشاہدہ کرو جو کچھ کہ ہے آسمانوں اور زمینوں میں۔‘‘

کیا تم مشاہدہ نہیں کرتے؟

کیا تم غور و فکر نہیں کرتے؟

کیا تم تدبر نہیں کرتے؟

خداوند قدوس کی نظر میں بدترین مخلوق وہ لوگ ہیں جو گونگے بہرے ہیں یعنی گونگے بہروں کی سی زندگی گزارتے ہیں اور عقل و تدبر سے کام نہیں لیتے۔ (قرآن)

بے شک آسمانوں اور زمین میں ایمان والوں کے لئے نشانیاں ہیں اور تمہاری پیدائش میں بھی اور جانوروں میں بھی جن کو وہ پھیلاتا ہے  یقین کرنے والوں کے لئے نشانیاں ہیں۔(المجاثیہ)

اے دیکھنے والے کیا تو رحمٰن کی آفرینش میں کچھ نقص دیکھتا ہے۔ ذرا آنکھ اٹھا کر دیکھ بھلا تجھے کوئی شگاف نظر آتا ہے۔ پھر دوبارہ نظر کر، یہ ہر بار تیرے پاس ناکام اور تھک کر لوٹ آئے گی۔(الملک)

اور وہی تو ہے جس نے سورج کو روشن اور چاند کو منور بنایا اور چاند کی منزلیں مقرر کیں تا کہ تم برسوں کا شمار اور کاموں کا حساب معلوم کرو۔ یہ سب کچھ خدا نے تدبیر سے پیدا کیا۔ سمجھنے والوں کے لئے وہ اپنی آیتیں کھول کر بیان کرتا ہے۔(یونس)

تسخیر کائنات سے متعلق قرآنی آیتوں سے یہ بات روشن دن کی طرح ثابت ہے کہ کائنات کے بنانے والے نے حکم دیا ہے کہ انسان تخلیق کائنات کے قوانین کا اس انہماک اور غور و فکر سے مطالعہ کرے کہ ہر چیز کی کاریگری سامنے آ جائے۔ تخلیقی فارمولوں پر غور کرنے والا طالب علم جب انہماک کے نقطۂ عروج میں داخل ہو جاتا ہے تو اس کے اوپر ایسے ایسے علوم منکشف ہوتے ہیں کہ جن علوم کی ابتدا لا محدودیت سے ہوتی ہے اور ایسے طالب علم کا علم محض کتابوں تک محدود نہیں رہتا۔ اور وہ اسلاف کی بنائی ہوئی دہلیز پر بیٹھا ہوا مکان کی اینٹیں شمار نہیں کرتا رہتا۔ وہ تدبر اور تفکر کی کسوٹی پر مشاہدہ اور تجزیہ کر کے یہ جان لیتا ہے کہ فضائے بسیط میں گیسوں کا آمیزہ زمین کو زندگی بخشتا ہے۔ بارش اور ہواؤں کا انتظام، كاربن، آکسیجن وغیرہ کا مشاہدہ اس کے لئے ایک عام بات بن جاتی ہے۔ وہ یہ بھی جان لیتا ہے کہ کرۂ ارض کا حجم مناسب اور معین مقداروں پر قائم ہے۔ اگر حجم زیادہ ہوتا تو کشش ثقل کی زیادتی کی وجہ سے ہوا(کاربن ڈائی آکسائیڈ) خلا میں منتشر ہونے کی بجائے زمین کی سطح سے آچمٹتی اور ذی روح ہر مخلوق کا سانس لینا دشوار ہو جاتا اور اگر کرۂ ارض کا حجم موجودہ معین مقداروں سے کم ہوتا تو کشش ثقل (GRAVITY) کی وجہ سے ہوا (آکسیجن) خلا میں اڑ جاتی اور تمام ذی روح فنا کے گھاٹ اتر جاتے۔

یہ بات مشاہدے میں آجاتی ہے کہ چاند اور سورج سے زمین کا فاصلہ بھی معین مقداروں پر قائم ہے۔ اگر زمین سورج سے معین مقداروں کی نسبت زیادہ دور ہوتی تو تمام کرہ یخ بستہ ہوتا۔ برف کی دبیز سلوں کے علاوہ زمین پر کسی چیز کا وجود نہ ہوتا۔ اور اگر یہ فاصلہ معین مقداروں سے کم ہوتا تو سورج کی تپش فصلوں کو جلا کر راکھ کر دیتی۔ چاند اور زمین کے فاصلے میں اگر معین مقداریں ٹوٹ جائیں تو مدو جزر کی لہریں اتنی بلند ہو جائیں گی کہ ساری زمین سمندر کی طوفانی لہروں میں غرق ہو جائے گی۔

کائنات میں تفکر کرنے والا بندہ اور روحانی سائنس کا طالب علم اپنے مشاہدہ اور تجزیہ(ANALYSIS) کی بنا پر اس مقصد سے آشنا ہوتا ہے کہکائنات میں عناصر کی ترتیب، ہم آہنگی، نظم، افادیت و مقصدیت کورچشم شعور کی کارفرمائی نہیں ہے۔ کوئی طاقت ہے، کوئی ہستی  ہےجس کے حکم پر ازل تا ابد نظام حیات و کائنات قائم ہے اور اس سارے نظام میں تمام عناصر، تمام مناظر اور سب مظاہر معین مقداروں پر قائم رہتے ہوئے ایک دوسرے سے ہم آہنگ اور ہم رشتہ ہیں۔

پاک اور بلند مرتبہ ہے وہ ذات جس نے تخلیق کیا معین مقداروں کے ساتھ اور ہدایت بخشی۔ (الاعلیٰ)


Topics


Tajaliyat

خواجہ شمس الدین عظیمی

دنیا کا ہر فرد اپنی حیثیت کے مطابق آپ ّ کی منورزندگی کی روشنی میں اپنی زندگی بہتر بناسکتاہے ۔ قرآن نے غوروفکر اورتجسس وتحقیق کو ہر مسلمان کے لئے ضروری قراردیا ہے ۔ اس حکم کی تعمیل میں عظیمی صاحب نے قرآن کی آیات اورحضورصلی اللہ علیہ وسلم  کی احادیث مبارکہ پر غوروفکر فرمایا اورروحانی نقطہ نظر سے ان کی توجیہہ اورتفسیر بیان فرمائی ہے جو کہ "نورالہی نورنبوت" کے عنوان سے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے ادارتی صفحات کی زینت بنتی ہے ۔ کتاب " تجلیات" اس مستقل کالم میں سے چند کالمز کا مجموعہ ہے ۔

انتساب

ان سائنسدانوں کے نام

جو پندرہویں(۱۵) صدی ہجری میں

موجودہ سائنس کا آخری عروج

دُنیا کی تباھی

دیکھ کر ایک واحد ذات خالق کائنات

اللہ کی تجلی کا

عرفان حاصل کر لیں گے۔