Topics

درخت زندگی ہیں

یہ بات تو مجھے معلوم نہیں میرا نام کب اور کیوں رکھا گیا؟ البتہ یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ دنیا میں کوئی بھی چیز بغیر نام کے نہیں ہے اور نام کسی شئے کی شناخت کے لئے ضروری ہے، جس طرح دنیا میں لاکھوں کروڑوں چیزوں کے نام ہیں اور یہ نام ان چیزوں کی شناخت کراتے ہیں اسی طرح میرا نام بھی رکھا گیا، لاکھوں کروڑوں سال سے میں اسی نام سے جانا پہچانا جاتا ہوں، نام جس طرح انسان کی شناخت کے لئے مجبوری ہے اسی طرح پرندوں، چرندوں، درندوں، حشرات الارض اور درختوں کی شناخت کے لئے بھی مجبوری ہے۔

دیکھئے نا! ایک جگہ، بادام، انار، امرود، ناشپاتی، چیکو، چکوترہ، سنگترہ، کیلا، آم اور لیچی پڑے ہوئے ہوں اور الگ الگ نام نہ ہوں تو ہم بادام کو بادام نہیں کہہ سکتے ہیں۔ یہ حقیقت بھی سامنے ہے کہ جس طرح کبوتر کے انڈے سے کبوتر اور مرغی کے انڈے سے مرغی نکلتی ہے، بادام کے درخت پر بادام ہی لگتے ہیں۔ ایسا نہیں ہوتا کہ بادام کے درخت پر آم اور آم کے درخت پر کبھی امرود لگے ہوں، چوپائے اور دو پیروں پر چلنے والے افراد میں بھی نسلی سلسلہ تسلسل سے قائم ہے، دو پاؤں پر چلنے والے آدمی کے بچے دو ہی پیروں پر چلتے ہیں اور چار پیروں پر چلنے والے چوپائے کے بچے چار پیروں پر چلتے ہیں۔

دو پیروں پر چلنے والے آدمی کی جڑ اوپر ہوتی ہے جب کہ درختوں کی جڑیں نیچے زمین میں پھیلی ہوئی ہوتی ہیں، درخت اور آدمی کا تجزیہ کیا جائے تو اس بات سے انکار کی مجال نہیں کہ آدمی ایک درخت کی طرح ہے، درخت ہی کی طرح نشوونما ہوتی ہے، درخت ہی کی طرح آدمی کی نسل چلتی ہے، میری کہانی کا آغاز یہ ہے کہ میں جنگل میں بے شمار درختوں کے ساتھ رہتا تھا، میں پیدا ہوا اور جوان ہونے کے بعد میری نسل کا سلسلہ شروع ہوا۔ آدمی کی نسل تو ایک ایک کر کے پھیلتی ہے مگر میری نسل کے بیج ایک وقت میں ہزاروں کی تعداد میں ہوتے ہیں، آدمی کے اندر ریڑھ کی ہڈی دراصل ایک تنا ہے جس پر آدمی کا سراپا قائم ہے اور درخت میں یہی ریڑھ کی ہڈی درخت کا تنا بن جاتی ہے۔ جوانی میں جب میں تناور ہوا تو سینکڑوں شاخوں پر لاکھوں پتے نکل آئے جیسے انسانوں کے چہرے اور جسم پر بال آ جاتے ہیں۔ اس وقت پھر میری ان شاخوں پر پھل لگ گئے تو چڑیوں کے لئے راشن کا بندوبست ہو گیا، نہیں معلوم کہاں کہاں سے پرندے آتے اور میرے دسترخوان پر سے خوب سیر ہو کر کھاتے اور اڑ جاتے، ایک من موہنی چھوٹی سی چڑیا آئی اس نے خوب سیر ہو کر کھایا اور پھر پُھر سے اڑ گئی، فضاء میں معلق اڑتی رہی اور ہزاروں میل دور جا کر اسے آدمی کی طرح رفع حاجت کی ضرورت پیش آئی، فراغت کے بعد میرا ایک بیج زمین پر گرا تو زمین نے اسے اپنی گود میں سمیٹ لیا، زمین کی گود میں حرارت اور برودت سے میرے اندر ایک نئی زندگی دوڑ گئی اور بالکل اس طرح جس طرح آدمی ماں کے بطن سے پیدا ہوتا ہے۔ میں نے بھی زمین کی کوکھ سے جنم لیا لیکن فرق یہ تھا کہ آدمی کے بچے کو اس کی ماں گرمی، سردی، بھوک، پیاس سے محفوظ رکھتی ہے مگر میری ماں کے پاس سردی، گرمی سے بچاؤ کے لئے کپڑے نہیں تھے، بھوک پیاس رفع کرنے کیلئے زمین کے سینے میں دودھ نہیں تھا۔ مجھے بھوک پیاس کا تقاضا پورا کرنے اور سردی گرمی سے حفاظت کے لئے خود ہی انتظام کرنا تھا میں نے یہ بات جان لی تھی کہ درخت کی ماں صرف بیج پیدا کرنے تک ماں ہوتی ہے، پیدائش کے مراحل سے گزر کر درخت کو خود اپنے ایک پیر پر کھڑا ہونا پڑتا ہے، میں نے مردانہ وار نہیں اس لئے کہ مرد عضو ضعیف ہے، درختانہ وار بارش، آندھی، طوفان کا مقابلہ کیا اور ایک درخت بن گیا۔ جس کے نیچے ایک، دو، دس، بیس نہیں پچاس آدمی دھوپ کی تمازت سے بچنے کے لئے میرے سائے میں ٹھہرتے تھے، بیٹھتے تھے اور آرام کرتے تھے۔ میں خوش تھا کہ میں اس حیثیت سے آدمیوں میں افضل ہوں کہ کوئی درخت کبھی کسی آدمی کے سائے میں نہیں رہتا۔ میں نے ابھی جوانی کی پوری بہاریں بھی نہیں دیکھی تھیں کہ ایک دن ایک مکروہ شکل آدمی آیا اور بغیر کسی قصور کے پے در پے میرے اوپر کلہاڑی کے وار کئے، میں بہت چیخا، بہت شور مچایا۔

اے میرے دوست آدمی! میں نے آندھیوں اور طوفانوں کا مقابلہ کر کے خود کو اس قابل بنایا ہے کہ تو اور تیری اولاد میرے سائے میں رہے اور تو میرے خون سے بنے پھل کھائے اور ان کے رس سے اپنے خون میں اضافہ کرے لیکن اس ظالم آدمی نے میری کسی التجا پر کان نہیں دھرے اور میری کوئی بات نہیں سنی، میرے اندر کلہاڑی سے پڑنے والے گھاؤ میں سے رسنے والے خون سے وہ اتنا بھی متاثر نہیں ہوا کہ اس کی آنکھوں سے ایک آنسو ہی ڈھلک پڑتا، وہ دیوانہ وار میرے وجود کو تیز دھار کلہاڑے سے زخمی کرتا رہا یہاں تک کہ میں روتا بلکتا زمین پر گر گیا۔ آدم زاد نے اس پر بھی بس نہیں کی، میری بڑی بڑی شاخوں کو جو میرے جسم میں ہڈیوں کی قائم مقام تھیں، اس بے رحم آدمی نے الگ الگ کر کے چولہے میں جھونک دیا اور مجھے خاکستر کر دیا۔

میری اولاد ابھی زندہ ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ انسان سے انتقام نہیں لے گی اس لئے کہ انتقام جیسی بدہیئت عادت تو آدمی کو ہی زیب دیتی ہے۔

میں ایک درخت ہوں میرا اصل مسکن جنگل ہے جہاں درندے بھی رہتے ہیں۔ میں نے نہیں دیکھا کہ کسی درندے نے کسی پرندے کو پھاڑ کھایا ہو، کسی درندے نے کسی درندے کو قتل کر دیا ہو۔ یہ بدنمائی آدم زاد ہی کے حصے میں آئی ہے کہ وہ اپنے بھائی آدم کو قتل کر دیتا ہے۔

جب آدم خود اپنا قاتل بن گیا ہے تو اس سے شکوہ شکایت کوئی کیا کرے۔۔۔۔۔۔اور کیوں کرے؟

میرا کام خدمت ہے، محبت ہے، میرے بچے درخت اسی وصف کو قائم رکھیں گے۔

اے اشرف المخلوقات آدمی! یاد رکھ! محبت زندگی ہے، انتقام عقوبت ہے۔ ظلم ہلاکت ہے، حلم عافیت ہے۔

قتل پاپ اور بزدلی ہے۔ معاف کر دینا بہادری ہے۔

فقط آدمیوں کا جانثار دوست ایک درخت


Sada E Jars

خواجہ شمس الدین عظیمی

ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ میں عظیمی صاحب کے سینکڑوں اوراق پر پھیلے ہوئے مستقل کالم " صدائے جرس" کو کتابی شکل میں پیش کرنے کے لئے ڈائجسٹ کے 65سے زائد شماروں کا انتخاب صحیح معنوں میں دریا کو کوزے میں بند کرنے کے مترادف ہے ۔

 

اُس

گونج

کے نام جو

صدائے جرس

کے مطالعے سے انسان میں پیدا ہوتی ہے