Topics

ایثار۔ ماہنامہ قلندر شعور ۔نومبر 2013


شاہ است حسینؓ ، پادشاہ است حسینؓ


دیں است حسینؓ ، دیں پناہ است حسینؓ


سرداد نہ داد ، دست در دستِ یزید


حقَّا کہ بنائے لا الہٰ است حسینؓ


حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ


غور کیا جائے تو یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ کائنات میں دو طرزِ فکر کام کررہی ہیں۔۔۔ ایک تعمیری طرزِ فکر، دوسری تخریبی طرزِ فکر۔۔۔ تعمیری طرزِ فکر یہ ہے کہ انسان سکون آشنا زندگی سے روشناس ہوجاتا ہے اور تخریبی طرزِ فکر یہ ہے کہ انسان غم آشنا زندگی، فکر و آلام، بیماریوں اور بے سکونی سے قریب ہوجاتا ہے۔


خالقِ ارض و سما ء نے کائنات محبت کے ساتھ تخلیق کی اور انسان کے لئے اس دنیا کو محبت، خوشی، مسرت و شادمانی اور ایثار کا گہوارہ بنایا ہے۔ فضاؤں میں رنگینی، رات کی تاریکی میں روشن چاند، دن کے اُجالے کو جلا بخشنے والا سورج، نیلگوں آسمان کی بساط پر ستاروں کی انجمنیں، زندگی کو توانائی دینے والی گیسیں، درختوں کی حمد و ثنا، زمین کی تخلیق آسمان کی رفعت، انسان کی شادمانی مسرت اور سکون کے لئے پیدا فرمائے ہیں ان نعمتوں سے کوئی تخلیق محروم نہیں لیکن جب ہم خوشنما زندگی پر غور کرتے ہیں تو یہ زاویہ روشن ہوتا ہے کہ ایثار و قربانی ہر جذبے میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ زمین میں اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ تخلیقی صلاحیت ایثار کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ بیج کو بطن میں محفوظ کرکے پروان چڑھانا، اس کا مظاہرہ۔ مستقل غذہ فراہم کرنا۔۔۔ "ایثار" کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔


جب بندہ اپنے وجود پر غور کرتا ہے تو دنیا میں آنے سے پہلے وہ خود کو کہیں نہیں پاتا۔


پیغمبروں کی زندگی کے ساتھ ساتھ نبی مکرم حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی زندگی کا مطالعہ کرتے ہیں اور حیاتِ طیبہ کو بیان کیا جائے تو ان برگزیدہ ہستیوں کے بارے میں اللہ وحدہ لاشریک کے لئے قربانی کے علاوہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔


حضرت امام حسینؓ پوری زندگی ایثار و قربانی سے فیض یاب ہوتے رہے۔ وہ عالمین کے لئے رحمت اپنے نانا رسول اللہ ﷺ کی حیاتِ طیبہ کے ہر پہلو سے واقف تھے۔ رسول اللہ ﷺ کی حیاتِ طیبہ حق کو ظاہر کرنے کے لئے جن آزمائش و مصائب سے صبر اور یقین کے ساتھ مظہر بنی اس سے بھی پوری طرح آگاہ تھے۔ رسول اللہ ﷺ کی بہت پیاری بیٹی حضرت فاطمہؓ کے جلیل القدر شوہر، امام حسینؓ کے والد بزرگوار کی زندگی کی دستاویز بھی امام حسینؓ کے ذہن میں محفوظ تھی۔ اللہ کے لئے بلاخوف و خطر ہر تکلیف کو برداشت کرنے کا حوصلہ ان کے لئے مشعلِ راہ تھا۔۔۔ باب العلم کا مقدس خطاب ان کے لئے مشعل راہ تھا۔ تسلیم و رضا ، ایثار و قربانی امام حسینؓ کی روایات تھیں۔


معرکۂ کربلا کا پس منظر اتنا عجیب و غم آشام ہے کہ اپنے پرائے سب اشک بار ہوجاتے ہیں اور پرُآشام حالات و واقعات ہر صاحب دل کو بے چین و بے قرار کردیتے ہیں۔


۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


جس طرح یہ سازش کی گئی وہ قابل نفرین ہے۔ جگر گوشۂ رسول سید الشہدءا امام حسینؓ کا ایثار و قربانی کا جذبہ بلاشبہ اپنے نانا رسول اللہ ﷺ اور اپنے باپ باب العلم حضرت علیؓ کی صفات کا وہ باغ ہے جو رسول اللہ ﷺ سے شروع ہوا اور انہیں کے لخت جگر سید الشہدا امام حسینؓ کی شہادت پر آخری مظہر بنا۔ امام حسینؓ ایسی پاکیزہ ہستی ہیں جن کی قربانی سے حق اور باطل کی تصویریں اتنی واضح ہوگئیں کہ آنکھوں سے محروم لوگوں کی بصیرت سے بھی مخفی نہیں رہ سکتیں۔


شہیدوں کے سردار امام حسینؓ حق اور باطل دونوں کی سرحدیں الگ کرنے کے لئے چاند کی  پہلی کرنوں کی طرح اور سورج کی آتش فشانی کی مانند حق اور صداقت کی سرحد ہیں۔


حق آیا اور باطل مٹ گیا۔ تحقیق باطل (جھوٹ، فریب، مکاری) مٹنے کے لئے ہے۔ (17-18)


قتل حسین اصل میں مرگِ یزید ہے


اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد


مولانا محمد علی جوہر


۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں کوہاٹی گیٹ کے قریب اتوار کی صبح آل سینٹس کیتھیڈرل نامی چرچ پر دو خودکش حملوں میں 82 افراد ہلاک جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوئے۔ 70 سے زیادہ کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔


وفاقی اور خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت نے اس واقعے پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ ملک کے تمام مسیحی اسکول اور مشنری ادارے تین دن تک بند رہے۔ اس دوران ملک کے کئی شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہا جب سے بڑی شاہراہیں اور کئی علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔


گرجا گھروں اور مختلف مقامات پر دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں، چرچ میں پھول رکھے گئے، رات کے وقت شمعیں روشن کی گئیں۔


اسلام امن کا داعی، صداقت کا علمبردار اور انسانیت کا پیامبر ہے۔ اس کی نگاہ میں بنی نوع انسان کا ہر فرد مساوات کا مستحق ہے۔ وہ رنگ و نسل کے عیوب سے پاک ہے۔


حضور علیہ الصلوٰۃ ولسلام نے غیرمسلم اقوام اور اقلیتوں کے لئے مراعات، آزادی اور مذہبی رواداری پر مبنی ہدایات اس دور میں فرمائیں کہ جب لوگ مذہبی آزادی و رواداری سے نا آشنا تھے۔


قرآن مجید میں یہ اصول بیان ہوا ہے کہ ہر مذہبی کمیونٹی کو کامل داخلی خودمختاری دی جائے ان کو عقائد کی آزادی حاصل ہو اور اپنی عبادات وہ اپنی طرز پر کرسکیں اور اپنے مقدمات کا فیصلہ اپنے ہی ججوں کے ذریعہ اپنے قانون کے مطابق کرائیں۔ کامل داخلی خودمختاری کا قرآن کی کئی آیات میں ذکر ہے، جن میں سے ایک آیت یہ ہے:


"ہمارا حکم تھا کہ اہل انجیل اس قانون کے مطابق فیصلہ کریں جو اللہ نے اس میں نازل کیا ہے" (47:5)


یعنی انجیل والوں کو چاہئے ان قواعد کے مطابق احکام دیا کریں جو اللہ تعالیٰ نے انجیل میں نازل کئے ہیں۔ ان احکامات کے تحت عہد نبوی علیہ الصلوٰۃ والسلام میں آبادی کے ہر گروہ کو خودمختاری مل گئی تھی، جس طرح مسلمان اپنے دین، عبادات، قانونی معاملات اور دیگر امور میں مکمل طور پر آزاد تھے اسی طرح دوسرے مذاہب و ملت کے لوگوں کو بھی کامل آزادی تھی۔


یہود و نصاریٰ کو تعاون و یکجہتی کی دعوت پر پھر یہ کہا گیا


"ہر قوم کے لئے ہادی ہے" (7:13)


ہر اُمّت کے لئے ایک رسول ہے (47:10)


"اور آپؐ سے پہلے کے بہت سے رسولوں کے واقعات ہم نے آپؐ سے بیان کئے ہیں اور بہت سے رسولوں کے نہیں کئے" (164:4)


مذہبی رواداری اور آزادی پر مبنی یہ تعلیمات آج بھی تمام دنیا کے لوگوں کا احترام کرنے اور ان کو تسلیم کرنے کا واضح فیصلہ ہے۔ قرآن پاک میں ارشاد ہے:


"مسلمان ہوں، یہودی ہوں، نصاریٰ ہوں یا صابی ہوں، جو کوئی بھی اللہ اور قیامت کے دن پر ایمان لائے اور نیک عمل کرے ان کا اجر ان کے رب کے پاس ہے اور ان پر نہ تو کوئی خوف ہے اور نہ غم" (62:2)


تمام مذاہب کے پیروکاروں میں باہمی احترام و رواداری کا جذبہ پیدا کرنا۔۔۔ اور سب کو ایک ہوجانے اور متحد ہو کر اللہ تعالیٰ کی رسی مضبوطی سے پکڑنے کی دعوت اسلام ہے۔


"اسی طریقے پر چلنے کی ہدایت ابراہیم ؑ نے اپنی اولاد کو دی تھی اور اسی کی وصیت یعقوب ؑ اپنی اولاد کو کرگئے تھے کہ میرےبچو! اللہ نے تمہارے لئے یہی دین پسند کیا ہے ۔ لہٰذا مرتے دم تک مسلم رہنا۔" (132:2)


اسلام بتاتا ہے کہ تمام مخلوق اللہ کا کنبہ ہے۔ جو مذہب ہر مخلوق کو اللہ کا کنبہ سمجھے وہ بھلا مخلوق کو ناحق نقصان کیسے پہنچاسکتا ہے۔ مذہب سب کے لئے سراپا رحمت، امن اور سلامتی ہے۔ دین اسلام یہ ہے کہ ہم دوسرے انسانوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کا احترام کریں۔ کسی دوسرے کے مذہب اور عقیدے کو مجروح کرنے کی اسلام اجازت نہیں دیتا۔


ہم سب رنگ و نسل اور مختلف مذاہب کے باوجود اللہ کا دیا ہوا پانی پیتے ہیں۔۔۔ اللہ کی دی ہوئی ہوا سے مشترکہ طور پر زندہ ہیں۔۔۔ سورج کی روشنی سب کے لئے یکساں ہے۔۔۔ ہم سب ایک ہی مادے سے تخلیق ہوتے ہیں۔۔۔ سب کے غم، خوشی، جذبات اور احساسات یکساں ہیں۔۔۔ سب اس دنیا میں آتے ہیں۔۔۔ مقررہ وقت تک زندہ رہتے ہیں ۔۔۔ اور پھر اس دنیا سے چلے جاتے ہیں۔۔۔ ہمیں چاہئے کہ زندگی کے مختصر وقفے کو پیار، محبت، اتفاق اور بھائی چارے کی تصویر بنادیں اور خوش رہیں۔


۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


ایک مرتبہ عیسائی پیشواؤں کا گروہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو محمد رسول اللہ ﷺ نے اس گروپ کو مسجد نبوی میں ٹھہرایا۔


عیسائی پیشوا نے درخواست کی کہ ہمیں عبادت بھی کرنی ہے۔ عالمین کے لئے رحمت، اللہ کے محبوب بندے ﷺ نے فرمایا: تم مسجد نبوی میں اپنے طریقہ پر عبادت بھی کرو۔


اللہ حافظ


 


خواجہ شمس الدین عظیمی


نومبر 2013

Topics


QSM Aaj ki Baat

خواجہ شمس الدين عظیمی

اور جو لوگ ہماری خاطر مجاہدہ کریں گے انہیں ہم اپنے راستے دکھائیں گے۔ (سورۂ عنکبوت 69(

اللہ تعالیٰ کی مدد اور اولیاء اللہ کے فیض سے ماہنامہ"قلندر شعور" کے ذریعے ہم آپ تک ایسے مضامین پہنچائیں گے جن کے ذریعے اللہ اور اس کے رسول ﷺ تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔ بندہ یہ جان لیتا ہے کہ اللہ اسے دیکھ رہا ہے اور بندہ یہ د یکھ لیتا ہے کہ وہ اللہ کو دیکھ رہا ہے۔

اس ماہنامہ میں انشاء اللہ تسخیر کائنات سے متعلق قرآنی تفہیم، خلاء میں سفر کرنے کے لئے جدید تحقیقی مضامین، حمد اور نعتیں، اصلاحی افسانے، پی ایچ ڈی مقالوں کی تلخیص، سائنسی، علمی، ادبی، سماجی، آسمانی علوم، خواب۔۔۔ ان کی تعبیر، تجزیہ و مشورہ پیش کئے جائیں گے۔

دعا کی درخواست ہے اللہ تعالیٰ ادارہ "ماہنامہ قلندر شعور" کو ارادوں میں کامیاب فرمائیں۔