Topics

نبوت کے دسویں سال

نبوت کے دسویں سال حج کیلئے مکہ آنے والے قبائل کے سرداروں سے سیدنا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے رابطہ کیا اور اسلام کی دعوت دی۔ لیکن قبائلی سرداروں میں سے کسی نے بھی حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی باتوں پر توجہ نہیں دی۔ قریش نے یہ مشہور کررکھا تھا کہ (نعوذ باللہ) محمد علیہ الصلوٰۃ والسلام مجنوں ہوگئے ہیں۔ ان کی باتوں پر توجہ نہ دی جائے۔ لیکن حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنامشن جاری رکھا۔مکہ اور منیٰ کے درمیان عقبہ کی پہاڑی کے مقام پر چھ افراد حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی خدمت میں حاضر ہوئے۔حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ان سے اپنا تعارف کروایا اور دینِ اسلام کی تعلیمات پیش کیں۔ وہ چھ لوگ یثرب سے آئے تھے۔ ان کے قبیلے کا نام خزرج تھا۔ ان لوگوں نے آپس میں صلح مشورہ کیا اور ان چھ لوگوں نے اسلام قبول کرلیا۔ یہ لوگ جب مدینہ پہنچے تو انہیں سیدنا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے پیغام کو عام کرنے کی سعادت حاصل ہوئی ۔ 

حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام پرجان و مال قربان کردینے والے جانثاروں کے دو مشہور طبقے ہیں۔ مہاجرین اور انصار۔

مہاجرین۔۔۔ وہ باوفا اور مخلص لوگ جنہوں نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی رفاقت کی سعادت حاصل کرنے کے لئے اپنا سب کچھ لٹا دیا۔ انصار۔۔۔ وہ فراخ دل اور پاک باطن لوگ ہیں جن کو اللہ تعالیٰ کے آخری رسول حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام اور سینکڑوں مہاجرین کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا اور انہوں نے اس انداز سے مہمان نوازی کی کہ اس کی نظیر سے تاریخ کے اوراق یکسر خالی ہیں۔یہ قبیلے زمانہ جاہلیت میں انصار نہیں کہلاتے تھے جب انہوں نے اسلام قبول کیا تو بارگاہِ الٰہی سے انہیں اس معزز لقب سے نوازا گیا۔ 


انصار کا مقام 


’’
اور جنہوں نے پناہ دی اور مدد کی وہی سچے مومن ہیں ۔ ان کے لئے خطاؤں سے درگزر ہے اور بہترین رزق ہے۔‘‘(سورۃ الانفال۔ آیت 74) 
’’(
اور وہ ان لوگوں کیلئے بھی ہے) جو مہاجرین کی آمد سے پہلے ہی ایمان لاکر دارالہجرت میں مقیم تھے۔ یہ ان لوگوں سے محبت کرتے ہیں جو ہجرت کرکے ان کے پاس آئے ہیں اور جو کچھ بھی ان کو دے دیا جائے اس کی حاجت یہ اپنے دلوں میں محسوس نہیں کرتے اور اپنی ذات پر دوسروں کو ترجیح دیتے ہیں خواہ اپنی جگہ خود محتاج ہوں۔ حقیقت یہ ہے کہ جو لوگ دل کی تنگی سے بچا لیے گئے وہی فلاح پانے والے ہیں۔‘‘(سورۃ الحشر۔ آیت 9) 

Topics


Baran E Rehmat

خواجہ شمس الدین عظیمی

جملہ حقوق نوع انسانی کے لئے محفوظ ہیں
اس کتاب کا کوئی بھی حصہ یا پوری کتاب 
ہر علم دوست انسان چھاپ سکتا ہے۔


نام کتاب : باران رحمت صلی اللہ علیہ وسلم 
سن اشاعت: 27جنوری 2012
پبلشر: سیرت چیئر
شعبہ علوم اسلامیہ
بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان