Topics
سر مبارک گول اور پیشانی کشادہ۔ باعثِ تخلیقِ کائنات حضور علیہ
الصلوٰۃ والسلام کے موئے مبارک گھنے اور مضبوط، رنگ سیاہ۔ بالوں میں ایسی عجیب و
غریب چمک جو دیکھنے میں نہیں آئی۔حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا رنگ کھلتا ہوا
گندمی ،بھنویں گھنی اور ایک دوسرے سے ملی ہوئی۔
آنکھیں روشن اوربڑی ۔نہ بہت چھوٹی نہ بہت بڑی۔بہت حسین اتنی خوبصورت
کہ بے مثال۔خاص بات جو آنکھوں میں نظر آتی ہے وہ یہ ہے کہ آنکھ کا ڈیلا سفید چمک
دار اور پتلی کا رنگ کالا لیکن گہرائی میں نیلا۔ پتلی کے چاروں طرف ڈورے اس طرح
جیسے سورج کے چاروں طرف شعاعیں پھوٹتی ہیں ایسا لگتا ہے کہ یہ شعاعیں یا لہریں
براہِ راست ذاتِ باری تعالیٰ پر جاکر ٹھہرتی ہیں۔
حضورعلیہ الصلوٰۃ والسلام کی پلکیں گھنی اور سیاہ ہیں۔
ناک مبارک لمبی اور نیچے سے چوڑی ہے۔
اوپر کا ہونٹ پتلا اور نیچے کا ہونٹ قدرے موٹا۔دہانہ نسبتاََ بڑا اور
انتہائی خوبصورت۔
حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دندان مبارک سید ھے اور نمایاں۔ دانتوں
کے درمیان خلا ہے ۔دانتوں میں ایسی چمک ہے کہ نظر خیرہ ہوجائے۔ مسکراہٹ دل آویز
۔ہنستے وقت دندان مبارک ظاہر نہیں ہوتے۔حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام مسکراتے ہیں تو
آنکھیں بھی مسکراتی ہیں۔
حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ریش مبارک گھنی اور گول ہے۔
گردن مبارک بھری ہوئی ۔قدرے لمبی نہ زیادہ چھوٹی۔
سینہ مبارک اُبھرا ہوا ۔سینہ مبارک سے ناف تک بالوں کی ایک لمبی لکیر
نظر آتی ہے جیسے الف بنا ہوا ہے۔
حضورعلیہ الصلوٰۃ والسلام کی پشت مبار ک سیدھی اور چوڑی ہے۔شانے قدرے
اوپر کو اٹھے ہوئے ہیں۔
پنڈلی میں گوشت بھراہوا ہے ۔لیکن پیر کے جوڑ سے اوپر پتلی اور بالکل
سیدھی ہے۔پیر مبارک کا اوپر کا حصہ اٹھا ہوا ہے۔اوپر کاحصہ اٹھا ہواہونے کی وجہ سے
پیر کے نیچے تلووں میں خلاہے۔ خلا اتنا گہرا ہے کہ پانی نیچے سے گزر جائے تو
تلویبھیگتے نہیں۔
مہرِنبوت
مہرِنبوت حضورعلیہ الصلوٰۃ والسلام کی کمر مبارک پر سیدھے کندھے اور
گردن کے درمیان ایک گول دائرہ نشان کی صورت میں ہے۔گول دائرے کے اندر گوشت یا کھال
سُرخ رنگ کی ہے اور گوشت عام جسم سے قدرے اُبھرا ہوا ہے اور اس دائرے کے اندر
نہایت لطیف ونرم پروں کی مانند رُواں ہے۔روئیں کا رنگ سفید بھورا ہے اور یہ رؤاں
اتنا خوشنما اور دیدہ زیب ہے جس کا اظہار الفاظ میں نہیں کیا جاسکتا۔ دائرہ کاقطر
تقریباََ روپے کے برابر ہے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جملہ حقوق نوع انسانی کے لئے محفوظ ہیں
اس کتاب کا کوئی بھی حصہ یا پوری کتاب
ہر علم دوست انسان چھاپ سکتا ہے۔
نام کتاب : باران رحمت صلی اللہ علیہ وسلم
سن اشاعت: 27جنوری 2012
پبلشر: سیرت چیئر
شعبہ علوم اسلامیہ
بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان