Topics

چاندی کا کٹورا۔دماغی مرض

سوال: میرے بیٹے کو بہت غصہ آتا ہے ہر وقت دانتوں سے ناخن کاٹتا رہتا ہے۔ صبح سویرے اٹھ کر پارک میں جاتا ہے۔ پھولوں سے بہت دلچسپی ہے۔ پندرہ سال کی عمر میں دو تین مختلف اسکولوں میں داخل کروایا گیا۔ ماسٹر سے ٹیوشن بھی پڑھائی جاتی ہے لیکن ایک سے دس تک گنتی بھی نہیں سیکھ سکا۔ تمام مشہور دماغی امراض کے ماہرین سے علاج کروایا۔ دماغ کا ایکسرے بھی ہو چکا ہے۔ 

دماغ میں کوئی نقص نہیں ۔ برائے کرم ایسا کوئی علاج بتایئے کہ جس سے خدا اس کو شفا دے۔ اللہ کا دیا ہوا ہمارے پاس سب کچھ ہے۔ بس اس بچہ کی وجہ سے سارا گھر پریشان ہے۔

جواب: چاندی کا ایک کٹورا اور ایک رکابی بنوا لیجئے۔ تین ماہ تک چاندی کے کٹورے یا پیالے میں پانی پلایئے۔ اس بات کی کوشش کیجئے کہ پانی اور کھانے کا استعمال چاندی کے ان برتنوں کے علاوہ دوسرے کسی برتن میں نہ کیا جائے۔ کھانوں میں نمک کی مقدار کم کر کے چوتھائی کر دیں۔ بازار کا پسا ہوا نمک ہرگز نہ کھایا جائے۔ لاہوری ثابت نمک گھر میں پیس کر استعمال کریں۔


Topics


Roohani Daak (2)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔