Topics

زندگی کا طرز عمل

سوال: ہر وقت سستی و پریشانی میں گرفتار رہتا ہوں۔ نماز پڑھتے وقت نیند کا غلبہ ہو جاتا ہے۔ کسی کام کی طرف متوجہ ہوتا ہوں تو سر چکرانے لگتا ہے۔ اعصابی کمزوری کا مریض ہوں۔ آنکھیں بہت کمزور ہیں۔ آنکھوں سے پانی بہتا رہتا ہے۔ دماغ برے اور گندے خیالات کی آماجگاہ بن کر رہ گیا ہے۔ جتنا جھٹکتا ہوں اتنی ہی قوت سے شیطانی وسوسوں میں مبتلا ہو جاتا ہوں۔ کبھی خیال آتا ہے کہ خود کشی کر لوں تا کہ اس عذاب ناکی زندگی سے نجات مل جائے۔ پلیز میری مدد کیجئے۔ میں کیا کروں کہاں جاؤں؟

جواب: اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں انسان کے بارے میں چار باتیں ارشاد کی ہیں۔ 1۔ انسان جلد باز ہے۔ 2۔ انسان نا شکرا ہے۔3۔ انسان جاہل ہے۔ 4۔ اور ظالم ہے۔ ان الفاظ کی روشنی میں اپنی ذات کو پرکھیئے اور ہمیشہ خوش رہئے۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ کا منشا یہ ہے کہ انسان ان باتوں کو سامنے رکھ کر ناشکری، جلد بازی ، جہالت اور ظلم سے باز رہے۔ آپ جس دن ان باتوں سے الگ ہو گئے تو صرف خوشی باقی رہ جائے گی۔ جب زندگی کا طرز عمل اس بنیاد پر مستحکم ہو جاتا ہے تو پھر کوئی بات ناخوش نہیں کر سکتی اور یہی حل ہے تمام مسائل کا۔ جلد بازی اور ناشکری کا نتیجہ ذہنی کشاکش اور دماغی کشمکش ہوتا ہے۔ وجہ معلوم نہ ہونا جہالت ہے اور جہالت میں گرفتار رہنا اپنے اوپر ظلم کرنا ہے۔


Topics


Roohani Daak (2)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔