Topics

ہر ذرہ ہے اک خاص نمو کا پابند

ہر ذرہ ہے اک خاص نمو کا پابند

سبزہ و صنوبر ہو کہ ہوسروبلند

انسان کی مٹی کے ہر اک ذرہ سے

جب ملتا ہے موقع تو نکلتے ہیں پرند

 

تشریح!   یہ سبزہ زار، ہری ہری گھاس، صنوبر کا درخت ہو، کہ سرو بلند، سب کی پیدائش سب کی نمو مٹی سے قائم ہے اے انسان!  کبھی تو نے سوچا ہے کہ مٹی کے کون سے ذرات ہیں جن سے یہ سردوسمن، کوہ دمن،   چرند پرند نشوونما پا رہے ہیں۔ انسان کو جب مٹی میں دفن کیا جاتا ہے تو وہ مٹی کے ذرات میں تبدیل ہوجاتا ہے اور احسن تقویم کے ذرات سے کبھی درخت اگ آتے ہیں۔کبھی یہ ذرات ہری بھری گھاس میں ظاہر ہو جاتے ہیں اور کبھی ان ذرات کے یکجا ہونے سے پرندے تشکیل پاتے ہیں اور اس جیتی جاگتی دنیا میں اڑان  شروع کر دیتے ہیں۔ یہ کیسی حرماں نصیبی ہے کہ انسان کی مٹی کے ذرات سے تشکیل پانے والے پرندے تو فضاؤں میں اڑتے ہیں اور انسان بے بسی سے انہیں دیکھتا ہے اور دو گز بھی زمین سے اوپر نہیں اڑسکتا۔



__________________

روحانی ڈائجسٹ: جون 84

Topics


Sharah Rubaiyat

خواجہ شمس الدین عظیمی

ختمی مرتبت ، سرور کائنات فخر موجودات صلی اللہ علیہ وسلم کے نور نظر ، حامل لدنی ، پیشوائے سلسۂ عظیمیہ ابدال حق حضور قلندر بابا اولیاء ؒ کی  ذات بابرکات نوع انسانی کے لیے علم و عرفان کا ایک ایسا خزانہ ہے جب ہم تفکر کرتے ہیں تو یہ بات روز روشن کی طرح عیا ں ہوجاتی ہے کہ اللہ تعالی نے جہاں آپ تخلیقی فارمولوں اور اسرار و رموز کے علم سے منور کیا ہے وہاں علوم و ادب اور شعرو سخن سے بہرور کیا ہے۔ اسی طرح حضوور بابا جی ؒ کے رخ جمال (ظاہر و باطن) کے دونوں پہلو روشن اور منور ہیں۔

لوح و قلم اور رباعیات جیسی فصیح و بلیغ تحریریں اس بات کا زندہ  و جاوید ثبوت ہیں کہ حضور بابا قلندر بابا اولیاءؒ کی ذات گرامی  سے شراب عرفانی ایک ایسا چشمہ پھوٹ نکلا ہے جس سے رہروان سلوک تشنۂ توحیدی میں مست و بے خود ہونے کے لیے ہمیشہ سرشار  ہوتے رہیں گے۔